پیدائش 5

5
آدمؔ سے نوحؔا تک
1آدمؔ کا شجرہ نَسب یہ ہے:
جَب خُدا نے اِنسان کو پیدا کیا، تو خُدا نے اُسے خُدا کی صورت پر بنایا۔ 2خُدا نے اِنسان کو مَرد اَور عورت کرکے پیدا کیا اَور اُنہیں برکت دی اَور جَب وہ خلق کئے گیٔے تو اُن کا نام آدمؔ رکھا۔
3جَب آدمؔ ایک سَو تیس بَرس کے ہویٔے تَب اُن کے یہاں اُس کی مانند اَور اُس کی اَپنی صورت پر ایک بیٹا پیدا ہُوا اَور اُس نے اُس کا نام شیتؔ رکھا۔ 4شیتؔ کی پیدائش کے بعد آدمؔ آٹھ سَو بَرس تک زندہ رہے اَور اُن کے یہاں اَور بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 5آدمؔ پُورے نَو سَو تیس بَرس تک زندہ رہے اَور پھر اُن کی وفات ہوئی۔
6شیتؔ ایک سَو پانچ بَرس کے تھے جَب اُن کے یہاں انُوشؔ پیدا ہُوا۔ 7اَور انُوشؔ کی پیدائش کے بعد شیتؔ آٹھ سَو سات بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں اَور بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 8شیتؔ نے پُورے نَو سَو بَارہ بَرس زندہ رہنے کے بعد وفات پائی۔
9انُوشؔ نوّے بَرس کے ہویٔے تَب اُن کے یہاں قینانؔ پیدا ہُوا۔ 10اَور قینانؔ کی پیدائش کے بعد انُوشؔ آٹھ سَو پندرہ بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں اَور بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 11انُوشؔ کی کُل عمر نَو سَو پانچ بَرس کی ہُوئی اَور تَب وہ مَر گئے۔
12جَب قینانؔ ستّر بَرس کا تھا تَب اُن کے یہاں مہلل ایل پیدا ہُوا۔ 13اَور مہلل ایل کی پیدائش کے بعد قینانؔ آٹھ سَو چالیس بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں اَور بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 14قینانؔ کی کُل عمر نَو سَو دس بَرس کی ہُوئی اَور تَب وہ مَر گئے۔
15جَب مہلل ایل پَینسٹھ بَرس کا تھا تَب اُن کے یہاں یاردؔ پیدا ہُوا۔ 16اَور یاردؔ کی پیدائش کے بعد مہلل ایل آٹھ سَو تیس بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں اَور بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 17مہلل ایل کی کُل عمر آٹھ سَو پچانوے بَرس کی ہُوئی اَور تَب وہ مَر گئے۔
18جَب یاردؔ ایک سَو باسٹھ بَرس کا تھا تَب اُن کے یہاں حنوخؔ پیدا ہُوا 19اَور حنوخؔ کی پیدائش کے بعد یاردؔ آٹھ سَو بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں اَور بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 20یاردؔ کی کُل عمر نَو سَو باسٹھ بَرس کی ہُوئی اَور تَب وہ مَر گئے۔
21جَب حنوخؔ پَینسٹھ بَرس کا تھا تَب اُن کے یہاں متُوسِلحؔ پیدا ہُوا۔ 22اَور متُوسِلحؔ کی پیدائش کے بعد حنوخؔ تین سَو بَرس تک خُدا کے ساتھ ساتھ چلتا رہا اَور اُن کے یہاں اَور بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 23حنوخؔ کی کُل عمر تین سَو پَینسٹھ بَرس کی ہُوئی۔ 24حنوخؔ خُدا کے ساتھ ساتھ وفاداری سے چلتے رہے اَور پھر وہ نظروں سے غائب ہو گئے کیونکہ خُدا نے اُنہیں آسمان پر زندہ اُٹھالیا تھا۔
25جَب متُوسِلحؔ ایک سَو ستاسی بَرس کے ہویٔے تَب اُن کے یہاں لمکؔ پیدا ہُوا۔ 26اَور لمکؔ کی پیدائش کے بعد متُوسِلحؔ سات سَو بیاسی بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں اَور بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 27متُوسِلحؔ کی کُل عمر نَو سَو اُنہتّر بَرس کی ہُوئی اَور تَب وہ مرگیا۔
28جَب لمکؔ ایک سَو بیاسی بَرس کے ہویٔے تَب اُن کے یہاں ایک بیٹا پیدا ہُوا۔ 29اُس نے اُس کا نام نوحؔا رکھا اَور کہا، ”یہ ہمیں اَپنے ہاتھوں کی محنت اَور مشقّت سے جو ہم اِس زمین پر کرتے ہیں، جسے یَاہوِہ نے ملعُون قرار دیا، آرام دے گا۔“ 30نوحؔا#5‏:30 یعنی کچھ ارامی نُسخوں میں اِسے نُوح بھی لِکھّا گیا ہے۔ کی پیدائش کے بعد لمکؔ پانچ سَو پچانوے بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں اَور بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 31لمکؔ کی عمر سات سَو ستہتّر بَرس کی ہُوئی اَور تَب وہ مَر گئے۔
32اَور نوحؔا پانچ سَو بَرس کے تھے جَب اُن کے یہاں شِمؔ، حامؔ اَور یافیتؔ پیدا ہویٔے۔

Àwon tá yàn lọ́wọ́lọ́wọ́ báyìí:

پیدائش 5: UCV

Ìsàmì-sí

Pín

Daako

None

Ṣé o fẹ́ fi àwọn ohun pàtàkì pamọ́ sórí gbogbo àwọn ẹ̀rọ rẹ? Wọlé pẹ̀lú àkántì tuntun tàbí wọlé pẹ̀lú àkántì tí tẹ́lẹ̀