زبور 1:36-12

زبور 1:36-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

بدکار لوگوں کی بدی کے متعلّق میرے دِل میں یہ خیال آتا ہے: نہ ہی اُن کی آنکھوں میں خُدا کا خوف ہے۔ کیونکہ وہ خُود اَپنی نظر میں اَپنے آپ کو خُوش قِسمت سمجھتا ہے کہ اُس کا گُناہ نہ تو فاش ہوگا اَور نہ مکرُوہ ہی سمجھا جائے گا۔ اُس کے مُنہ کا کلام بد اَور پُر فریب ہوتاہے؛ اَور وہ دانشمندی اَور نیکی سے دست بردار ہو چُکاہے۔ وہ اَپنے بِستر پر بھی بُرائی کے منصُوبے باندھتا ہے؛ اَور گُناہ آلُودہ راہ اِختیار کرتا ہے اَور بدکاری سے باز نہیں آتا۔ اَے یَاہوِہ، آپ کی شفقت و مَحَبّت آسمان تک پہُنچتی ہے، اَور آپ کی وفا شعاری فلک کو چھُوتی ہے۔ آپ کی راستبازی اُونچے پہاڑوں کی مانند ہے، اَور آپ کا اِنصاف گہرے سمُندر کی طرح۔ اَے یَاہوِہ، آپ اِنسان اَور حَیوان دونوں کا مُحافظ ہیں۔ اَے خُدا! آپ کی لافانی مَحَبّت کس قدر بیش قیمتی ہے! کیونکہ اِنسانوں میں کیا اعلیٰ اَور کیا ادنیٰ، سبھی آپ کے بازوؤں کے سایہ میں پناہ لیتے ہیں۔ وہ آپ کے گھر کی نِعمتوں سے فیضیاب ہوتے ہیں؛ اَور آپ اَپنی خُوشنودی کے دریا میں سے اُنہیں پِلاتے ہیں۔ کیونکہ زندگی کا چشمہ آپ کے پاس ہے؛ اَور آپ کے نُور کی بدولت ہم رَوشنی پاتے ہیں۔ اَپنے شناساؤں پر اَپنی شفقت و مَحَبّت، اَور راست دِل والوں پر اَپنی راستبازی جاری رکھو۔ مغروُر مُجھ پر لات اُٹھانے نہ پایٔے، نہ بدکار لوگوں کا ہاتھ مُجھے ہانکنے پایٔے۔ دیکھو، بدکار کیسے گِر پڑے۔ یُوں نیچے پھینکے گیٔے کہ اَب اُٹھ بھی نہیں پاتے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 36

زبور 1:36-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

رب کے خادم داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ بدکاری بےدین کے دل ہی میں اُس سے بات کرتی ہے۔ اُس کی آنکھوں کے سامنے اللہ کا خوف نہیں ہوتا، کیونکہ اُس کی نظر میں یہ بات فخر کا باعث ہے کہ اُسے قصوروار پایا گیا، کہ وہ نفرت کرتا ہے۔ اُس کے منہ سے شرارت اور فریب نکلتا ہے، وہ سمجھ دار ہونے اور نیک کام کرنے سے باز آیا ہے۔ اپنے بستر پر بھی وہ شرارت کے منصوبے باندھتا ہے۔ وہ مضبوطی سے بُری راہ پر کھڑا رہتا اور بُرائی کو مسترد نہیں کرتا۔ اے رب، تیری شفقت آسمان تک، تیری وفاداری بادلوں تک پہنچتی ہے۔ تیری راستی بلندترین پہاڑوں کی مانند، تیرا انصاف سمندر کی گہرائیوں جیسا ہے۔ اے رب، تُو انسان و حیوان کی مدد کرتا ہے۔ اے اللہ، تیری شفقت کتنی بیش قیمت ہے! آدم زاد تیرے پَروں کے سائے میں پناہ لیتے ہیں۔ وہ تیرے گھر کے عمدہ کھانے سے تر و تازہ ہو جاتے ہیں، اور تُو اُنہیں اپنی خوشیوں کی ندی میں سے پلاتا ہے۔ کیونکہ زندگی کا سرچشمہ تیرے ہی پاس ہے، اور ہم تیرے نور میں رہ کر نور کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ اپنی شفقت اُن پر پھیلائے رکھ جو تجھے جانتے ہیں، اپنی راستی اُن پر جو دل سے دیانت دار ہیں۔ مغروروں کا پاؤں مجھ تک نہ پہنچے، بےدینوں کا ہاتھ مجھے بےگھر نہ بنائے۔ دیکھو، بدکار گر گئے ہیں! اُنہیں زمین پر پٹخ دیا گیا ہے، اور وہ دوبارہ کبھی نہیں اُٹھیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 36

زبور 1:36-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

شرِیر کی بدی سے میرے دِل میں خیال آتا ہے کہ خُدا کا خَوف اُس کے پیشِ نظر نہیں۔ کیونکہ وہ اپنے آپ کو اپنی نظر میں اِس خیال سے تسلّی دیتا ہے کہ اُس کی بدی نہ تو فاش ہو گی نہ مکرُوہ سمجھی جائے گی۔ اُس کے مُنہ میں بدی اور فریب کی باتیں ہیں۔ وہ دانِش اور نیکی سے دست بردار ہو گیا ہے۔ وہ اپنے بِستر پر بدی کے منصُوبے باندھتا ہے۔ وہ اَیسی راہ اِختیار کرتا ہے جو اچھّی نہیں۔ وہ بدی سے نفرت نہیں کرتا۔ اَے خُداوند! آسمان میں تیری شفقت ہے۔ تیری وفاداری افلاک تک بُلند ہے۔ تیری صداقت خُدا کے پہاڑوں کی مانِند ہے تیرے احکام نِہایت عمِیق ہیں۔ اَے خُداوند! تُو اِنسان اور حَیوان دونوں کو محفُوظ رکھتا ہے۔ اَے خُدا! تیری شفقت کیا ہی بیش قِیمت ہے۔ بنی آدمؔ تیرے بازُوؤں کے سایہ میں پناہ لیتے ہیں۔ وہ تیرے گھر کی نِعمتوں سے خُوب آسُودہ ہوں گے۔ تُو اُن کو اپنی خُوشنُودی کے دریا میں سے پِلائے گا۔ کیونکہ زِندگی کا چشمہ تیرے پاس ہے۔ تیرے نُور کی بدَولت ہم رَوشنی دیکھیں گے۔ تیرے پہچاننے والوں پر تیری شفقت دائِمی ہو اور راست دِلوں پر تیری صداقت۔ مغرُور آدمی مُجھ پر لات نہ اُٹھانے پائے اور شرِیر کا ہاتھ مُجھے ہانک نہ دے۔ بدکردار وہاں گِرے پڑے ہیں۔ وہ گِرا دِیئے گئے ہیں اور پِھر اُٹھ نہ سکیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 36