امثال 22:8-36
امثال 22:8-36 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
”اَپنی قدیم صنعتیں قائِم کرنے سے پہلے، یَاہوِہ نے مُجھے اَپنی اَوّلین صنعت کے طور پر پیدا کیا؛ اَیسا اَزل ہی سے مُقرّر تھا، یعنی اِبتدا سے جَب کہ دُنیا وُجُود میں نہ آئی تھی۔ جَب سمُندر بھی نہ تھے، اَور نہ پانی سے بھرے ہُوئے چشمے تھے؛ مُجھے پیدا کیا گیا۔ اِس سے قبل کہ پہاڑ اَور ٹیلے اَپنی اَپنی جگہ پر قائِم کئے جاتے، مُجھے پیدا کیا گیا، بَلکہ اِس سے بھی قبل کہ خُدا زمین کو یا اُس کے میدانوں کو بناتا یا زمین کی خاک کو وُجُود میں لاتا۔ جَب خُدا نے آسمان کو قائِم کیا، تَب میں وہیں تھی، جَب اُنہُوں نے گہراؤ کی سطح پر اُفق کا دائرہ کھینچا، جَب اُنہُوں نے اُوپر بادل بنائے اَور گہراؤ میں مضبُوطی سے چشمے قائِم کئے، جَب اُنہُوں نے سمُندر کی حدیں باندھیں تاکہ پانی حُکم سے باہر نہ جائے، اَور جَب اُنہُوں نے زمین کی بُنیادوں کے نِشان لگائے۔ تَب میں ہی ماہر کاریگر کے طور پر خُدا کے پاس تھی، میری خُوشی میں روز بروز اِضافہ ہوتا تھا، اَور مَیں اُن کی حُضُوری میں ہمیشہ شادمان رہتی تھی، مَیں اُن کی ساری دُنیا سے خُوش تھی اَور بنی آدمؔ کی صحبت میں مُجھے خُوشی ملتی تھی۔ ”اِس لیٔے اَب اَے میرے بیٹو، میری سُنو؛ مُبارک ہیں وہ جو میری راہوں پر چلتے ہیں۔ میری ہدایت کو سُنو اَور دانشمند بنو، اُسے نظرانداز نہ کرو۔ مُبارک ہے وہ آدمی جو میری سُنتا ہے، اَور ہر روز میرے پھاٹکوں پر ہوشیار کھڑا رہتاہے، اَور میرے دروازہ پر میرا اِنتظار کرتا ہے۔ کیونکہ جو مُجھے پاتاہے، زندگی پاتاہے اَور اُس پر یَاہوِہ کی نظرِ عنایت ہوتی ہے۔ لیکن جو مُجھے نہیں پاتا، وہ اَپنا ہی نُقصان کرتا ہے؛ اَورجو مُجھ سے عداوت رکھتے ہیں، وہ سَب موت سے مَحَبّت رکھتے ہیں۔“
امثال 22:8-36 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جب رب تخلیق کا سلسلہ عمل میں لایا تو پہلے اُس نے مجھے ہی بنایا۔ قدیم زمانے میں مَیں اُس کے دیگر کاموں سے پہلے ہی وجود میں آئی۔ مجھے ازل سے مقرر کیا گیا، ابتدا ہی سے جب دنیا ابھی پیدا نہیں ہوئی تھی۔ نہ سمندر کی گہرائیاں، نہ کثرت سے پھوٹنے والے چشمے تھے جب مَیں نے جنم لیا۔ نہ پہاڑ اپنی اپنی جگہ پر قائم ہوئے تھے، نہ پہاڑیاں تھیں جب مَیں پیدا ہوئی۔ اُس وقت اللہ نے نہ زمین، نہ اُس کے میدان، اور نہ دنیا کے پہلے ڈھیلے بنائے تھے۔ جب اُس نے آسمان کو اُس کی جگہ پر لگایا اور سمندر کی گہرائیوں پر زمین کا علاقہ مقرر کیا تو مَیں ساتھ تھی۔ جب اُس نے آسمان پر بادلوں اور گہرائیوں میں سرچشموں کا انتظام مضبوط کیا تو مَیں ساتھ تھی۔ جب اُس نے سمندر کی حدیں مقرر کیں اور حکم دیا کہ پانی اُن سے تجاوز نہ کرے، جب اُس نے زمین کی بنیادیں اپنی اپنی جگہ پر رکھیں تو مَیں ماہر کاری گر کی حیثیت سے اُس کے ساتھ تھی۔ روز بہ روز مَیں لطف کا باعث تھی، ہر وقت اُس کے حضور رنگ رلیاں مناتی رہی۔ مَیں اُس کی زمین کی سطح پر رنگ رلیاں مناتی اور انسان سے لطف اندوز ہوتی رہی۔ چنانچہ میرے بیٹو، میری سنو، کیونکہ مبارک ہیں وہ جو میری راہوں پر چلتے ہیں۔ میری تربیت مان کر دانش مند بن جاؤ، اُسے نظرانداز مت کرنا۔ مبارک ہے وہ جو میری سنے، جو روز بہ روز میرے دروازے پر چوکس کھڑا رہے، روزانہ میری چوکھٹ پر حاضر رہے۔ کیونکہ جو مجھے پائے وہ زندگی اور رب کی منظوری پاتا ہے۔ لیکن جو مجھے پانے سے قاصر رہے وہ اپنی جان پر ظلم کرتا ہے، جو بھی مجھ سے نفرت کرے اُسے موت پیاری ہے۔“
امثال 22:8-36 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند نے اِنتظامِ عالَم کے شرُوع میں اپنی قدِیمی صنعتوں سے پہلے مُجھے پَیدا کِیا۔ مَیں ازل سے یعنی اِبتدا ہی سے مُقرّر ہُوئی۔ اِس سے پہلے کہ زمِین تھی۔ مَیں اُس وقت پَیدا ہُوئی جب گہراؤ نہ تھے۔ جب پانی سے بھرے ہُوئے چشمے بھی نہ تھے۔ مَیں پہاڑوں کے قائِم کِئے جانے سے پہلے اور ٹِیلوں سے پہلے خلق ہُوئی۔ جب کہ اُس نے ابھی نہ زمِین کو بنایا تھا نہ مَیدانوں کو اور نہ زمِین کی خاک کی اِبتدا تھی۔ جب اُس نے آسمان کو قائِم کِیا مَیں وہِیں تھی۔ جب اُس نے سمُندر کی سطح پر دائِرہ کھینچا۔ جب اُس نے اُوپر افلاک کو اُستوار کِیا اور گہراؤ کے سوتے مضبُوط ہو گئے۔ جب اُس نے سمُندر کی حد ٹھہرائی تاکہ پانی اُس کے حُکم کو نہ توڑے۔ جب اُس نے زمِین کی بُنیاد کے نِشان لگائے اُس وقت ماہِر کارِیگر کی مانِند مَیں اُس کے پاس تھی اور مَیں ہر روز اُس کی خُوشنُودی تھی اور ہمیشہ اُس کے حضُور شادمان رہتی تھی۔ آبادی کے لائِق زمِین سے شادمان تھی اور میری خُوشنُودی بنی آدمؔ کی صُحبت میں تھی۔ اِس لِئے اَے بیٹو! میری سنُو کیونکہ مُبارک ہیں وہ جو میری راہوں پر چلتے ہیں۔ تربِیّت کی بات سُنو اور دانا بنو اور اِس کو ردّ نہ کرو۔ مُبارک ہے وہ آدمی جو میری سُنتا ہے اور ہر روز میرے پھاٹکوں پر اِنتظار کرتا ہے اور میرے دروازوں کی چَوکھٹوں پر ٹھہرا رہتا ہے۔ کیونکہ جو مُجھ کو پاتا ہے زِندگی پاتا ہے اور وہ خُداوند کا مقبُول ہو گا۔ لیکن جو مُجھ سے بھٹک جاتا ہے اپنی ہی جان کو نُقصان پُہنچاتا ہے۔ مُجھ سے عداوت رکھنے والے سب مَوت سے مُحبّت رکھتے ہیں۔