YouVersion Logo
تلاش

امثال 8

8
حِکمت کی دعوت
1کیا حِکمت پُکار نہیں رہی؟
اَور فہم اَپنی آواز بُلند نہیں کر رہا؟
2وہ تو راہ کے کنارے کی اُونچائیوں پر،
جہاں راستے ملتے ہیں، کھڑی ہو جاتی ہے؛
3پھاٹکوں کے پاس جو شہر کے مدخل پر ہیں،
یعنی دروازوں پر وہ زور سے پُکارتی ہے:
4”اَے لوگو! میں تُمہیں پُکارتی ہُوں؛
مَیں تمام بنی آدمؔ کو آواز دیتی ہُوں۔
5تُم جو سادہ دِل ہو، ہوشیاری سیکھو؛
تُم جو احمق ہو، دانائی حاصل کرو۔
6سُنو، کیونکہ میرے پاس کہنے کو قابلِ اِعتماد باتیں ہیں؛
میں راستی کی بات کہنے کے لیٔے اَپنے لب کھولتی ہُوں۔
7میرا مُنہ صِرف سچ کہتاہے،
کیونکہ میرے لبوں کو بدی سے نفرت ہے۔
8میرے مُنہ کی سَب باتیں صداقت ہیں؛
اُن میں سے ایک بھی ٹیڑھی ترچھی نہیں ہے۔
9صاحبِ فہم کے لیٔے وہ سَب صحیح ہیں؛
اَور صاحبِ علم کے لیٔے وہ راست ہیں۔
10چاندی کے عوض میری تربّیت اِختیار کر لو،
اَور خالص سونے کی بجائے علم،
11کیونکہ حِکمت لعل سے زِیادہ بیش قیمتی ہے،
تمہاری کسی بھی دِل پسند چیز کا اُس سے موازنہ نہیں کیا جا سَکتا۔
12”میں جو حِکمت ہُوں، میرا اَور ہوشیاری کا مَسکن ایک ہی ہے؛
میں علم اَور شعور رکھتی ہُوں۔
13یَاہوِہ کا خوف ماَننا، بدی سے عداوت رکھناہے،
مُجھے غُرور، شیخی،
بُرے چال چلن اَور کجگو مُنہ سے نفرت ہے۔
14مشورت اَور نصیحت میرے پاس ہیں؛
میں فہم اَور قُدرت کی مالک ہُوں۔
15میری بدولت بادشاہ حُکومت کرتے ہیں
اَور حُکمراں عادلانہ قوانین نافذ کرتے ہیں؛
16میری بدولت اُمرا،
اَور تمام حاکم جو زمین پر راستی سے حُکمرانی کرتے ہیں۔
17جو مُجھ سے مَحَبّت رکھتے ہیں، میں اُن سے مَحَبّت رکھتی ہُوں،
اَورجو مُجھے ڈھونڈتے ہیں، وہ مُجھے پا لیتے ہیں۔
18دولت اَور عزّت میرے پاس ہے،
بَلکہ پائدار سرمایہ اَور خُوشحالی بھی۔
19میرا پھل خالص سونے سے بھی بہتر ہے؛
اَور میری پیداوار خالص چاندی سے افضل ہے۔
20میں راستبازی کی راہ پر؛
اِنصاف کے راستوں کے ساتھ ساتھ چلتی ہُوں۔
21اَورجو مُجھ سے مَحَبّت رکھتے میں اُن کو مالا مال کرتی
اَور اُن کے خزانے بھر دیتی ہُوں۔
22”اَپنی قدیم صنعتیں قائِم کرنے سے پہلے،
یَاہوِہ نے مُجھے اَپنی اَوّلین صنعت کے طور پر پیدا کیا؛
23اَیسا اَزل ہی سے مُقرّر تھا،
یعنی اِبتدا سے جَب کہ دُنیا وُجُود میں نہ آئی تھی۔
24جَب سمُندر بھی نہ تھے، اَور نہ پانی سے بھرے ہُوئے چشمے تھے؛
مُجھے پیدا کیا گیا۔
25اِس سے قبل کہ پہاڑ
اَور ٹیلے اَپنی اَپنی جگہ پر قائِم کئے جاتے، مُجھے پیدا کیا گیا،
26بَلکہ اِس سے بھی قبل کہ خُدا زمین کو یا اُس کے میدانوں کو بناتا
یا زمین کی خاک کو وُجُود میں لاتا۔
27جَب خُدا نے آسمان کو قائِم کیا، تَب میں وہیں تھی،
جَب اُنہُوں نے گہراؤ کی سطح پر اُفق کا دائرہ کھینچا،
28جَب اُنہُوں نے اُوپر بادل بنائے
اَور گہراؤ میں مضبُوطی سے چشمے قائِم کئے،
29جَب اُنہُوں نے سمُندر کی حدیں باندھیں
تاکہ پانی حُکم سے باہر نہ جائے،
اَور جَب اُنہُوں نے زمین کی بُنیادوں کے نِشان لگائے۔
30تَب میں ہی ماہر کاریگر#8‏:30 ماہر کاریگر یعنی چُھوٹے بچّہ کی مانند کے طور پر خُدا کے پاس تھی،
میری خُوشی میں روز بروز اِضافہ ہوتا تھا،
اَور مَیں اُن کی حُضُوری میں ہمیشہ شادمان رہتی تھی،
31مَیں اُن کی ساری دُنیا سے خُوش تھی
اَور بنی آدمؔ کی صحبت میں مُجھے خُوشی ملتی تھی۔
32”اِس لیٔے اَب اَے میرے بیٹو، میری سُنو؛
مُبارک ہیں وہ جو میری راہوں پر چلتے ہیں۔
33میری ہدایت کو سُنو اَور دانشمند بنو،
اُسے نظرانداز نہ کرو۔
34مُبارک ہے وہ آدمی جو میری سُنتا ہے،
اَور ہر روز میرے پھاٹکوں پر ہوشیار کھڑا رہتاہے،
اَور میرے دروازہ پر میرا اِنتظار کرتا ہے۔
35کیونکہ جو مُجھے پاتاہے، زندگی پاتاہے
اَور اُس پر یَاہوِہ کی نظرِ عنایت ہوتی ہے۔
36لیکن جو مُجھے نہیں پاتا، وہ اَپنا ہی نُقصان کرتا ہے؛
اَورجو مُجھ سے عداوت رکھتے ہیں، وہ سَب موت سے مَحَبّت رکھتے ہیں۔“

موجودہ انتخاب:

امثال 8: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in