امثال 9
9
حِکمت اَور حماقت کی دعوتیں
1حِکمت نے اَپنا گھر بنا لیا؛
اُس نے اَپنے ساتوں سُتون تراش لیٔے ہیں۔
2اُس نے اَپنا قُربانی کا گوشت پکا لیا اَور اَپنے جام میں شراب اُنڈیل لی ہے؛
اَور اَپنا دسترخوان بھی آراستہ کر لیا ہے۔
3وہ اَپنی سہیلیوں کو اُس خبر کے ساتھ روانہ کر چُکی ہے
اَور خُود بھی شہر کے بالا ترین مقام سے پُکار رہی ہے۔
4”جو کوئی سادہ دِل ہے وہ یہاں آ جائے!“
نادان لوگوں سے وہ یہ کہتی ہے:
5”آؤ، میرے ساتھ کھانے میں شریک ہو جاؤ۔
اَور میرے تیّار کئے ہُوئے جامِ شراب میں سے شراب لے کر پیو۔
6سادہ پن چھوڑ دو تاکہ زندہ رہو؛
اَور فہم کی راہ پر چلو۔“
7جو کسی ٹھٹّھےباز کو سمجھانے کی کوشش کرتا ہے وہ ذِلّت کا مُنہ دیکھتا ہے؛
اَورجو بدکار کو تنبیہ کرتا ہے گالِیاں کھاتا ہے۔
8ٹھٹّھےباز کو مت ڈانٹو، اَیسا نہ ہو وہ تُم سے نفرت کرنے لگے؛
لیکن دانشمند کو ڈانٹ تو وہ تُم سے مَحَبّت رکھےگا۔
9اَور تُم سے تربّیت پا کر اَور بھی دانا ہو جائے گا؛
صادق کو تعلیم دو، تو اُس کے علم میں اِضافہ ہوگا۔
10یَاہوِہ کا خوف حِکمت کی اِبتدا ہے،
اَور اُس قُدُّوس خُدا کا عِرفان ہی دانش ہے۔
11کیونکہ میری بدولت تمہارے ایّام بڑھ جایٔیں گے،
اَور تمہاری زندگی کے بَرس زِیادہ ہو جایٔیں گے۔
12اگر تُم دانشمند ہو تو تمہاری دانشمندی تمہارا اجر ہے؛
اَور اگر تُم دانش کا مذاق اُڑاتے ہو، تُم خُود ہی بھگتوگے۔
13بےوقُوف عورت شور مچاتی ہے؛
وہ نادان ہے اَور کچھ نہیں جانتی۔
14وہ اَپنے گھر کے دروازہ پر،
اَور شہر کے کسی اُونچے مقام پر بیٹھ جاتی ہے،
15اَور اُن راہ گیروں کو،
جو اَپنے اَپنے راستہ پر سیدھے چلے جا رہے ہیں، یہ کہہ کر پُکارتی ہے کہ
16”جو کوئی سادہ دِل ہے، وہ یہاں آ جائے!“
نادان لوگوں سے وہ یہ کہتی ہے،
17”چوری کا پانی میٹھا ہوتاہے؛
اَور پوشیدگی کی روٹی لذیذ ہوتی ہے!“
18لیکن اَیسے جاہل لوگ شاید ہی جانتے ہیں کہ وہاں جانے والے دَم توڑ چُکے ہیں،
اَور اُس عورت کے مہمان پاتال کی گہرائی میں پہُنچ چُکے ہیں۔
موجودہ انتخاب:
امثال 9: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.