فِلپّیوں 19:1-30
فِلپّیوں 19:1-30 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تمہاری دعا اَور یِسوعؔ المسیح کے پاک رُوح کے لُطف و کرم کی وجہ سے مُجھے نَجات ملے گی۔ میری دِلی خواہش اَور اُمّید یہ ہے کہ مُجھے کسی بات میں بھی شرمندگی کا مُنہ نہ دیکھنا پڑے، بَلکہ جَیسے میں ہمیشہ بڑی دِلیری سے المسیح کا جلال اَپنے جِسم سے ظاہر کرتا رہا ہوں وَیسے ہی کرتا رہُوں گا، خواہ میں زندہ رہُوں یا مَر جاؤں۔ کیونکہ زندہ رہنا میرے لیٔے المسیح ہے، اَور مرنا نفع۔ لیکن اگر میرا جِسمانی طور پر زندہ رہنا، میرے کام کے لیٔے زِیادہ مفید ہے۔ میں کیا پسند کروں؟ میں نہیں جانتا۔ میں بڑی کَشمکش میں مُبتلا ہُوں: جی تو چاہتاہے کہ دُنیا کو خیرباد کہہ کر المسیح کے پاس جا رہُوں، کیونکہ یہ زِیادہ بہتر ہے؛ پھر بھی میرا جِسمانی طور پر زندہ رہنا تمہارے لیٔے زِیادہ ضروُری ہے۔ چنانچہ مُجھے اِس بات کا بڑا یقین ہے کہ میں زندہ رہُوں گا، بَلکہ تُم سَب کے ساتھ رہُوں گا تاکہ تُم ایمان میں ترقّی کرو اَور خُوش رہو، اَور جَب مَیں تمہارے پاس پھر آؤں تو المسیح یِسوعؔ میں ہونے کی وجہ سے وہ فخر جو تُم مُجھ پر کرتے ہو، اَور بھی زِیادہ ہو جائے گا۔ کچھ بھی ہو، اِتنا ضروُر کرو کہ تمہارا چال چلن المسیح کی خُوشخبری کے لائق ہو۔ تاکہ، خواہ میں تُمہیں دیکھنے آؤں یا نہ آؤں، یہ ضروُر سُن سکوں کہ تُم ایک رُوح میں قائِم ہو، اَور ایک جان ہوکر کوشش کر رہے ہو کہ لوگ خُوشخبری پر ایمان لائیں اَور یہ بھی کہ تُم کسی بات میں بھی اَپنے مُخالفوں سے خوفزدہ نہیں ہوتے۔ یہ اُن کے لیٔے تو ہلاکت کا، لیکن تمہارے لیٔے نَجات کا نِشان ہے اَور یہ خُدا کی طرف سے ہے۔ کیونکہ المسیح کی خاطِر تُم پر یہ فضل ہُوا کہ نہ فقط خُداوؔند پر ایمان لاؤ، بَلکہ خُداوؔند کی خاطِر دُکھ بھی سہو، تُم بھی اُسی طرح جدّوجہد کرتے رہو جِس طرح تُم نے مُجھے کرتے دیکھا تھا، اَور اَب بھی سُنتے ہو کہ میں اَب تک اُسی میں مصروف ہُوں۔
فِلپّیوں 19:1-30 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
کیونکہ مَیں جانتا ہوں کہ یہ میرے لئے رِہائی کا باعث بنے گا، اِس لئے کہ آپ میرے لئے دعا کر رہے ہیں اور عیسیٰ مسیح کا روح میری حمایت کر رہا ہے۔ ہاں، یہ میری پوری توقع اور اُمید ہے۔ مَیں یہ بھی جانتا ہوں کہ مجھے کسی بھی بات میں شرمندہ نہیں کیا جائے گا بلکہ جیسا ماضی میں ہمیشہ ہوا اب بھی مجھے بڑی دلیری سے مسیح کو جلال دینے کا فضل ملے گا، خواہ مَیں زندہ رہوں یا مر جاؤں۔ کیونکہ میرے لئے مسیح زندگی ہے اور موت نفع کا باعث۔ اگر مَیں زندہ رہوں تو اِس کا فائدہ یہ ہو گا کہ مَیں محنت کر کے مزید پھل لا سکوں گا۔ چنانچہ مَیں نہیں کہہ سکتا کہ کیا بہتر ہے۔ مَیں بڑی کش مکش میں رہتا ہوں۔ ایک طرف مَیں کوچ کر کے مسیح کے پاس ہونے کی آرزو رکھتا ہوں، کیونکہ یہ میرے لئے سب سے بہتر ہوتا۔ لیکن دوسری طرف زیادہ ضروری یہ ہے کہ مَیں آپ کی خاطر زندہ رہوں۔ اور چونکہ مجھے اِس ضرورت کا یقین ہے، اِس لئے مَیں جانتا ہوں کہ مَیں زندہ رہ کر دوبارہ آپ سب کے ساتھ رہوں گا تاکہ آپ ترقی کریں اور ایمان میں خوش رہیں۔ ہاں، میرے آپ کے پاس واپس آنے سے آپ میرے سبب سے مسیح عیسیٰ پر حد سے زیادہ فخر کریں گے۔ لیکن آپ ہر صورت میں مسیح کی خوش خبری اور آسمان کے شہریوں کے لائق زندگی گزاریں۔ پھر خواہ مَیں آ کر آپ کو دیکھوں، خواہ غیرموجودگی میں آپ کے بارے میں سنوں، مجھے معلوم ہو گا کہ آپ ایک روح میں قائم ہیں، آپ مل کر یک دلی سے اُس ایمان کے لئے جاں فشانی کر رہے ہیں جو اللہ کی خوش خبری سے پیدا ہوا ہے، اور آپ کسی صورت میں اپنے مخالفوں سے دہشت نہیں کھاتے۔ یہ اُن کے لئے ایک نشان ہو گا کہ وہ ہلاک ہو جائیں گے جبکہ آپ کو نجات حاصل ہو گی، اور وہ بھی اللہ سے۔ کیونکہ آپ کو نہ صرف مسیح پر ایمان لانے کا فضل حاصل ہوا ہے بلکہ اُس کی خاطر دُکھ اُٹھانے کا بھی۔ آپ بھی اُس مقابلے میں جاں فشانی کر رہے ہیں جس میں آپ نے مجھے دیکھا ہے اور جس کے بارے میں آپ نے اب سن لیا ہے کہ مَیں اب تک اُس میں مصروف ہوں۔
فِلپّیوں 19:1-30 کِتابِ مُقادّس (URD)
کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُمہاری دُعا اور یِسُوع مسِیح کے رُوح کے اِنعام سے اِس کا انجام میری نجات ہو گا۔ چُنانچہ میری دِلی آرزُو اور اُمّید یِہی ہے کہ مَیں کِسی بات میں شرمِندہ نہ ہُوں بلکہ میری کمال دِلیری کے باعِث جِس طرح مسِیح کی تعظِیم میرے بدن کے سبب سے ہمیشہ ہوتی رہی ہے اُسی طرح اَب بھی ہو گی خَواہ مَیں زِندہ رہُوں خَواہ مرُوں۔ کیونکہ زِندہ رہنا میرے لِئے مسِیح ہے اور مَرنا نفع۔ لیکن اگر میرا جِسم میں زِندہ رہنا ہی میرے کام کے لِئے مُفِید ہے تو مَیں نہیں جانتا کہ کِسے پسند کرُوں۔ مَیں دونوں طرف پھنسا ہُؤا ہُوں۔ میرا جی تو یہ چاہتا ہے کہ کُوچ کر کے مسِیح کے پاس جا رہُوں کیونکہ یہ بُہت ہی بِہتر ہے۔ مگر جِسم میں رہنا تُمہاری خاطِر زِیادہ ضرُوری ہے۔ اور چُونکہ مُجھے اِس کا یقِین ہے اِس لِئے مَیں جانتا ہُوں کہ زِندہ رہُوں گا بلکہ تُم سب کے ساتھ رہُوں گا تاکہ تُم اِیمان میں ترقّی کرو اور اُس میں خُوش رہو۔ اور جو تُمہیں مُجھ پر فخر ہے وہ میرے پِھر تُمہارے پاس آنے سے مسِیح یِسُوعؔ میں زیادہ ہو جائے۔ صِرف یہ کرو کہ تُمہارا چال چلن مسِیح کی خُوشخبری کے مُوافِق رہے تاکہ خَواہ مَیں آؤُں اور تُمہیں دیکھُوں خَواہ نہ آؤُں تُمہارا حال سنُوں کہ تُم ایک رُوح میں قائِم ہو اور اِنجِیل کے اِیمان کے لِئے ایک جان ہو کر جانفشانی کرتے ہو۔ اور کِسی بات میں مُخالِفوں سے دہشت نہیں کھاتے۔ یہ اُن کے لِئے ہلاکت کا صاف نِشان ہے لیکن تُمہاری نجات کا اور یہ خُدا کی طرف سے ہے۔ کیونکہ مسِیح کی خاطِر تُم پر یہ فضل ہُؤا کہ نہ فَقط اُس پر اِیمان لاؤ بلکہ اُس کی خاطِر دُکھ بھی سہو۔ اور تُم اُسی طرح جانفشانی کرتے ہو جِس طرح مُجھے کرتے دیکھا تھا اور اب بھی سُنتے ہو کہ مَیں وَیسی ہی کرتا ہُوں۔