YouVersion Logo
تلاش

فِلِپیّوں 1

1
1یہ خط پَولُسؔ اَور تِیمُتھِیُس کی طرف سے جو المسیؔح عیسیٰ کے خادِم ہیں،
فِلِپّی شہر کے سارے مَسیحی مُقدّسین، پاسبانوں اَور خادِموں کو لِکھّا جا رہا ہے۔#1‏:1 پَولُسؔ ہی تھے جنہوں نے یہ خط لِکھّا تھا، اَور تِیمُتھِیُس صِرف آداب و القاب میں پَولُسؔ کے ساتھ شامل ہُوا تھا۔‏
2ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔
شُکر گُزاری اَور دعا
3میں جَب کبھی تُمہیں یاد کرتا ہُوں تو اَپنے خُدا کا شُکر اَدا کرتا ہُوں۔ 4اَور اَپنی ہر ایک دعا میں جو تمہارے لیٔے کرتا ہوں ہمیشہ خُوشی کے ساتھ تُم سَب کے لئے مِنّت کرتا ہُوں۔ 5اِس لیٔے کہ تُم پہلے دِن سے آج تک خُوشخبری پھیلانے میں شریک رہے ہو، 6اَور مُجھے اِس بات کا یقین ہے کہ خُدا، جِس نے تُم لوگوں میں اَپنا نیک کام شروع کیا ہے وہ اُسے المسیؔح عیسیٰ کی واپسی کے دِن تک پُورا کر دے گا۔
7میرا تُم سَب کی بابت یہ خیال کرنا مُناسب ہے، کیونکہ تُم ہمیشہ میرے دل میں رہتے ہو، نہ صِرف اِس وقت جَب کہ میں زنجیروں میں قَید ہُوں بَلکہ اُس وقت بھی جَب میں خُوشخبری کی جَواب دِہی اَور ثبوت کے عَمل میں، تُم سَب میرے ساتھ خُدا کے فضل میں شریک رہے ہو۔ 8خُدا گواہ ہے کہ میرے دل میں تمہارے لیٔے المسیؔح عیسیٰ کی سِی مَحَبّت ہے اَور میں تمہارا کِس قدر مُشتاق ہُوں۔
9میری دعا ہے کہ تُم اَپنی مَحَبّت میں خُوب ترقّی کرو اَور تمہارا علم اَور رُوحانی تجربہ بھی بڑھتا چَلا جائے، 10تاکہ تُمہیں مَعلُوم ہو سکے کہ کون سِی بات سَب سے اَچھّی ہے، اَور تُم المسیؔح کے واپسی کے دِن تک صَاف دل اَور بے عیب رہو، 11اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے وسیلہ سے راستبازی کے پھل سے بھرے رہو، تاکہ خُدا کا جلال ظاہر ہو اَور اُس کی سِتائش ہوتی رہے۔
انجیل کی ترقّی
12اَے بھائیو اَور بہنوں! میری خواہش ہے کہ تُمہیں یہ بات مَعلُوم ہو جائے کہ جو کچھ مُجھ پر گُزرا ہے وہ خُوشخبری کی ترقّی کا باعث ہُواہے۔ 13یہاں تک کہ شاہی محل کے تمام سپاہیوں اَور یہاں کے سَب لوگوں میں یہ بات مشہُور ہو گئی ہے کہ میں المسیؔح کے خادِم ہونے کی خاطِر قَید میں ہُوں۔ 14میرے قَید ہونے سے کیٔی بھایٔی اَور بہن جو خُداوؔند پر ایمان رکھتے ہیں، دلیر ہو گیٔے ہیں، یہاں تک کہ وہ بے خوف ہوکر خُدا کا کلام سُنانے کی جُرأت کرنے لگے ہیں۔
15بعض تو حَسد اَور جھگڑے کی وجہ سے المسیؔح کی مُنادی کرتے ہیں، بعض نیک نیّتی سے۔ 16جو مَحَبّت کی وجہ سے مُنادی کرتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ خُدا نے مُجھے خُوشخبری کی حمایت کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا ہے۔ 17لیکن دُوسرے اِس مُعاملہ میں صَاف دل نہیں ہیں، بَلکہ مُجھ سے حَسد کی وجہ سے المسیؔح کی مُنادی کرتے ہیں، تاکہ قَید میں بھی مُجھے رنج پہنچائیں۔ 18پس کیا ہُوا؟ اُن کی نِیّت بُری ہو یا نیک، المسیؔح کی خُوشخبری تو سُنایٔی جاتی ہے۔ میں اِسی بات سے خُوش ہُوں۔
ہاں، اَور میں خُوش رہُوں گا۔ 19کیونکہ میں جانتا ہُوں کہ تمہاری دعا اَور حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے پاک رُوح کے لُطف و کرم کی وجہ سے مُجھے نَجات ملے گی۔ 20میری دِلی خواہش اَور اُمّید یہ ہے کہ مُجھے کسی بات میں بھی شرمندگی کا مُنہ نہ دیکھنا پڑے، بَلکہ جَیسے میں بڑی دِلیری سے ہمیشہ المسیؔح کا جلال ظاہر کرتا رہا ہُوں وَیسے ہی کرتا رہُوں گا، خواہ میں زندہ رہُوں یا مَر جاؤں۔ 21کیونکہ زندہ رہنا میرے لیٔے المسیؔح ہے، اَور مرنا نفع۔ 22لیکن اگر میرا جِسمانی طور پر زندہ رہنا، میرے کام کے لیٔے زِیادہ مفید ہے۔ میں کیا پسند کروں؟ میں نہیں جانتا۔ 23میں بڑی کَشمکش میں مُبتلا ہُوں: جی تو چاہتاہے کہ دُنیا کو خَیرباد کہہ کر المسیؔح کے پاس جا رہُوں، کیونکہ یہ زِیادہ بہتر ہے؛ 24پھر بھی میرا جِسمانی طور پر زندہ رہنا تمہارے لیٔے زِیادہ ضروُری ہے۔ 25چنانچہ مُجھے اِس بات کا بڑا یقین ہے کہ میں زندہ رہُوں گا، بَلکہ تُم سَب کے ساتھ رہُوں گا تاکہ تُم ایمان میں ترقّی کرو اَور خُوش رہو، 26اَور جَب میں تمہارے پاس پھر آؤں تو المسیؔح عیسیٰ میں ہونے کی وجہ سے وہ فخر جو تُم مُجھ پر کرتے ہو، اَور بھی زِیادہ ہو جائے گا۔
ایمان کے لئے جدّوجہد
27کچھ بھی ہو، اِتنا ضروُر کرو کہ تمہارا چال چلن المسیؔح کی خُوشخبری کے لائق ہو۔ تاکہ، خواہ میں تُمہیں دیکھنے آؤں یا نہ آؤں، یہ ضروُر سُن سکوں کہ تُم ایک رُوح میں قائِم ہو، اَور ایک جان ہوکر کوشش کر رہے ہو کہ لوگ خُوشخبری پر ایمان لائیں 28اَور یہ بھی کہ تُم کسی بات میں بھی اَپنے مُخالفوں سے خوفزدہ نہیں ہوتے۔ یہ اُن کے لیٔے تو ہلاکت کا، لیکن تمہارے لیٔے نَجات کا نِشان ہے اَور یہ خُدا کی طرف سے ہے۔ 29کیونکہ المسیؔح کی خاطِر تُم پر یہ فضل ہُوا کہ نہ فقط خُداوؔند پر ایمان لاؤ، بَلکہ خُداوؔند کی خاطِر دُکھ بھی سہو، 30تُم بھی اُسی طرح جدّوجہد کرتے رہو جِس طرح تُم نے مُجھے کرتے دیکھا تھا، اَور اَب بھی سُنتے ہو کہ میں اَب تک اُسی میں مَصروف ہُوں۔

موجودہ انتخاب:

فِلِپیّوں 1: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in