YouVersion Logo
تلاش

احبار 27:4-35

احبار 27:4-35 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

” ’اَور اگر جماعت کا کویٔی عام اِنسان غَیر اِرادی طور پر گُناہ کرے اَور اَیسا کام کرے جسے یَاہوِہ کے اَحکام میں منع کیا گیا ہے، اَور جَب اُسے اَپنے مُجرم ہونے کا احساس ہو جائے، اَورجو گُناہ اُس نے کیا ہے ظاہر ہو جائے تو وہ لازماً قُربانی کے لیٔے ایک بے عیب بکری لایٔے۔ اَور وہ اَپنا ہاتھ گُناہ کی قُربانی کے جانور کے سَر پر رکھے اَور اُسے سوختنی نذر کی جگہ پر ذبح کرے۔ اَور پھر کاہِنؔ اُس خُون میں سے کچھ خُون اَپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی نذر کی قُربانی کے مذبح کے سینگوں پر لگائے اَور باقی کا خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ اَور کاہِنؔ اُس کی تمام چربی کو الگ کر دے بالکُل اُسی طرح جَیسا کہ سلامتی کی نذر کی چربی الگ کی جاتی ہے اَور اُسے مذبح پر رکھ کر یَاہوِہ کے لیٔے فرحت بخش خُوشبو کے طور پر جَلا دے۔ اِس طرح کاہِنؔ اُس اِنسان کے لیٔے کفّارہ دے گا اَور اُسے مُعافی مِل جائے گی۔ ” ’اَور اگر وہ اِنسان بطور گُناہ کی قُربانی کویٔی برّہ لایٔے تو وہ بے عیب مادہ لایٔے۔ اَور وہ اَپنا ہاتھ اُس کے سَر پر رکھے اَور وہ اُسے گُناہ کی قُربانی کے طور پر اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی نذر ذبح کی جاتی ہے۔ اَور پھر کاہِنؔ گُناہ کی قُربانی کا کچھ خُون اَپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی نذر کی قُربانی کے مذبح کے سینگوں پر لگائے اَور باقی سَب خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ اَور وہ اُس کی تمام چربی کو الگ کر دے بالکُل وَیسے ہی جَیسے سلامتی کی نذر کی قُربانی کے برّہ کی چربی الگ کی جاتی ہے۔ اَور کاہِنؔ اُسے مذبح پر یَاہوِہ کی غِذا کی آتِشی قُربانیوں کے اُوپر رکھ کر جَلا دے۔ اِس طرح کاہِنؔ اُس اِنسان کے گُناہ کے لیٔے کفّارہ دے گا اَور اُسے مُعافی مِل جائے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں احبار 4

احبار 27:4-35 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اگر کوئی عام شخص غیرارادی طور پر گناہ کر کے رب کے کسی حکم سے تجاوز کرے اور یوں قصوروار ٹھہرے تو جب بھی اُسے پتا لگے کہ مجھ سے گناہ ہوا ہے تو وہ قربانی کے لئے ایک بےعیب بکری لے آئے۔ وہ اپنا ہاتھ بکری کے سر پر رکھ کر اُسے وہاں ذبح کرے جہاں بھسم ہونے والی قربانیاں ذبح کی جاتی ہیں۔ امام اپنی اُنگلی خون میں ڈال کر اُسے اُس قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر لگائے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ باقی خون وہ قربان گاہ کے پائے پر اُنڈیلے۔ پھر وہ اُس کی ساری چربی اُس طرح نکالے جس طرح وہ سلامتی کی قربانیوں کی چربی نکالتا ہے۔ اِس کے بعد وہ اُسے قربان گاہ پر جلا دے۔ ایسی قربانی کی خوشبو رب کو پسند ہے۔ یوں امام اُس آدمی کا کفارہ دے گا اور اُسے معافی حاصل ہو جائے گی۔ اگر وہ گناہ کی قربانی کے لئے بھیڑ کا بچہ لانا چاہے تو وہ بےعیب مادہ ہو۔ وہ اپنا ہاتھ اُس کے سر پر رکھ کر اُسے وہاں ذبح کرے جہاں بھسم ہونے والی قربانیاں ذبح کی جاتی ہیں۔ امام اپنی اُنگلی خون میں ڈال کر اُسے اُس قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر لگائے جس پر جانور جلائے جاتے ہیں۔ باقی خون وہ قربان گاہ کے پائے پر اُنڈیلے۔ پھر وہ اُس کی تمام چربی اُس طرح نکالے جس طرح سلامتی کی قربانی کے لئے ذبح کئے گئے جوان مینڈھے کی چربی نکالی جاتی ہے۔ اِس کے بعد امام چربی کو قربان گاہ پر اُن قربانیوں سمیت جلا دے جو رب کے لئے جلائی جاتی ہیں۔ یوں امام اُس آدمی کا کفارہ دے گا اور اُسے معافی مل جائے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں احبار 4

احبار 27:4-35 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور اگر کوئی عام آدمیوں میں سے نادانِستہ خطا کرے اور اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کر کے مُجرم ہو جائے۔ تو جب وہ خطا جو اُس نے کی اُسے بتا دی جائے تو وہ اپنی اُس خطا کے واسطے جو اُس سے سرزد ہُوئی ہے ایک بے عَیب بکری لائے۔ اور وہ اپنا ہاتھ خطا کی قُربانی کے جانور کے سر پر رکھّے اور خطا کی قُربانی کے اُس جانور کو سوختنی قُربانی کی جگہ پر ذبح کرے۔ اور کاہِن اُس کا کُچھ خُون اپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی قُربانی کے مذبح کے سِینگوں پر لگائے اور اُس کا باقی سب خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ اور وہ اُس کی ساری چربی کو الگ کرے جَیسے سلامتی کے ذبِیحہ کی چربی الگ کی جاتی ہے اور کاہِن اُسے مذبح پر راحت انگیز خُوشبُو کے طَور پر خُداوند کے لِئے جلائے۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔ اور اگر خطا کی قُربانی کے لِئے اُس کا چڑھاوا برّہ ہو تو وہ بے عَیب مادہ لائے۔ اور اپنا ہاتھ خطا کی قُربانی کے جانور کے سر پر رکھّے اور اُسے خطا کی قُربانی کے طَور پر اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی قُربانی ذبح کرتے ہیں۔ اور کاہِن خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون اپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی قُربانی کے مذبح کے سِینگوں پر لگائے اور اُس کا باقی سب خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ اور اُس کی سب چربی کو الگ کرے جَیسے سلامتی کے ذبِیحہ کے برّہ کی چربی الگ کی جاتی ہے اور کاہِن اُس کو مذبح پر خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں کے اُوپر جلائے۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے اُس کی خطا کا جو اُس سے ہُوئی ہے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں احبار 4