یشوع 16:24-33
یشوع 16:24-33 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب لوگوں نے جَواب دیا، ”خُدا نہ کرے کہ ہم غَیر معبُودوں کی عبادت کرنے کے لیٔے یَاہوِہ کو ترک کر دیں! وہ یَاہوِہ ہمارے خُدا ہی تھے جو ہمیں اَور ہمارے آباؤاَجداد کو اُس غُلامی کے مُلک یعنی مِصر سے نکال لائے اَور ہماری آنکھوں کو بڑے بڑے عجِیب و غریب نِشان دِکھائے۔ اُنہُوں نے ہمارے سارے سفر میں اَور اُن سَب قوموں کے درمیان جِن میں سے ہوکر ہم گزرے ہماری حِفاظت کی۔ اَور یَاہوِہ نے ہمارے سامنے سے امُوریوں کو اَور اُن ساری قوموں کو نکال دیا جو اُس مُلک میں بستی تھیں۔ ہم بھی یَاہوِہ ہی کی عبادت کریں گے کیونکہ وہ ہمارے خُدا ہیں۔“ یہوشُعؔ نے لوگوں سے کہا، ”تُم سے یَاہوِہ کی عبادت نہیں ہو سکتی۔ وہ پاک خُدا ہیں۔ وہ غیّور خُدا ہیں۔ وہ تمہاری سرکشی اَور تمہارے گُناہ نہیں بخشیں گے۔ اگر تُم یَاہوِہ کو ترک کرکے غَیر معبُودوں کی عبادت کرنے لگوگے تو اگرچہ یَاہوِہ تمہارا بھلا کرتے آئے ہُوں وہ پھر کر تُم پر آفت نازل کریں گے اَور تمہارا خاتِمہ کر دیں گے۔“ لوگوں نے یہوشُعؔ سے کہا، ”نہیں! ہم یَاہوِہ ہی کی عبادت کریں گے۔“ تَب یہوشُعؔ نے کہا، ”تُم آپ ہی اَپنے گواہ ہو کہ تُم نے یَاہوِہ کی عبادت کرنا پسند کیا ہے۔“ اُنہُوں نے کہا، ”ہاں! ہم گواہ ہیں۔“ یہوشُعؔ نے کہا، ”تو پھر تمہارے درمیان جو غَیر معبُود ہیں اُنہیں دُور کر دو اَور اَپنے دِل یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا کی طرف راغِب کر لو۔“ لوگوں نے یہوشُعؔ سے کہا، ”ہم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی عبادت کریں گے اَور اُن ہی کے وفادار رہیں گے۔“ اُسی روز یہوشُعؔ نے لوگوں کے ساتھ عہد باندھا اَور شِکیمؔ میں اُن کے لیٔے قوانین اَور آئین مرتّب کئے۔ اَور یہوشُعؔ نے یہ باتیں خُدا کی کِتاب تورہ میں درج کر لیں۔ تَب اُنہُوں نے ایک بڑا پتّھر لیا اَور اُسے یَاہوِہ کے پاک مقام کے قریب بلُوط کے درخت کے نیچے نصب کر دیا۔ اَور یہوشُعؔ نے اُن سَب لوگوں نے کہا، ”دیکھو! یہ پتّھر ہمارا گواہ رہے گا کیونکہ اُس نے وہ سَب باتیں سُنی ہیں جو یَاہوِہ نے ہم سے کہی ہیں۔ اگر تُم اَپنے خُدا سے بےوفائی کر بیٹھو تو یہ تمہارے خِلاف گواہی دے گا۔“ تَب یہوشُعؔ نے لوگوں کو اُن کی اَپنی اَپنی مِیراث کی طرف روانہ کیا۔ اِن واقعات کے بعد یَاہوِہ کا خادِم یہوشُعؔ بِن نُونؔ ایک سَو دس بَرس کا ہوکر رحلت کر گیا۔ اُنہُوں نے اُسے اُس مِیراث میں تِمنتھ سیراؔہ کے مقام پر دفن کیا جو اِفرائیمؔ کے کوہستانی مُلک میں کوہِ گعشؔ کے شمال میں واقع ہے۔ یہوشُعؔ کی زندگی بھر اَور اُن بُزرگوں کی خدمت کی جو یہوشُعؔ کے بعد زندہ رہے اَورجو اُن سَب کاموں سے واقف تھے جو یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کے لیٔے کئے تھے اِسرائیلی یَاہوِہ ہی کی عبادت کرتے رہے۔ اَور یُوسیفؔ کی ہڈّیاں جنہیں اِسرائیلی مِصر سے لے آئےتھے شِکیمؔ میں اُس قَطعہ زمین میں دفن کی گئیں جسے یعقوب نے شِکیمؔ کے باپ حمُورؔ کے بیٹوں سے چاندی کے سَو سِکّوں کے عِوض خریدا تھا۔ یہ جگہ یُوسیفؔ کی نَسل کی مِیراث ٹھہری۔ اَور اَہرونؔ کے بیٹے الیعزرؔ نے وفات پائی اَور اُسے اُس کے بیٹے فِنحاسؔ کی پہاڑی پر گِبعہؔ میں دفن کیا گیا جو اُسے اِفرائیمؔ کے کوہستانی مُلک میں دی گئی تھی۔
یشوع 16:24-33 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
عوام نے جواب دیا، ”ایسا کبھی نہ ہو کہ ہم رب کو ترک کر کے دیگر معبودوں کی پوجا کریں۔ رب ہمارا خدا ہی ہمارے باپ دادا کو مصر کی غلامی سے نکال لایا اور ہماری آنکھوں کے سامنے ایسے عظیم نشان پیش کئے۔ جب ہمیں بہت قوموں میں سے گزرنا پڑا تو اُسی نے ہر وقت ہماری حفاظت کی۔ اور رب ہی نے ہمارے آگے آگے چل کر اِس ملک میں آباد اموریوں اور باقی قوموں کو نکال دیا۔ ہم بھی اُسی کی خدمت کریں گے، کیونکہ وہی ہمارا خدا ہے!“ یہ سن کر یشوع نے کہا، ”آپ رب کی خدمت کر ہی نہیں سکتے، کیونکہ وہ قدوس اور غیور خدا ہے۔ وہ آپ کی سرکشی اور گناہوں کو معاف نہیں کرے گا۔ بےشک وہ آپ پر مہربانی کرتا رہا ہے، لیکن اگر آپ رب کو ترک کر کے اجنبی معبودوں کی پوجا کریں تو وہ آپ کے خلاف ہو کر آپ پر بلائیں لائے گا اور آپ کو نیست و نابود کر دے گا۔“ لیکن اسرائیلیوں نے اصرار کیا، ”جی نہیں، ہم رب کی خدمت کریں گے!“ پھر یشوع نے کہا، ”آپ خود اِس کے گواہ ہیں کہ آپ نے رب کی خدمت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔“ اُنہوں نے جواب دیا، ”جی ہاں، ہم اِس کے گواہ ہیں!“ یشوع نے کہا، ”تو پھر اپنے درمیان موجود بُتوں کو تباہ کر دیں اور اپنے دلوں کو رب اسرائیل کے خدا کے تابع رکھیں۔“ عوام نے یشوع سے کہا، ”ہم رب اپنے خدا کی خدمت کریں گے اور اُسی کی سنیں گے۔“ اُس دن یشوع نے اسرائیلیوں کے لئے رب سے عہد باندھا۔ وہاں سِکم میں اُس نے اُنہیں احکام اور قواعد دے کر اللہ کی شریعت کی کتاب میں درج کئے۔ پھر اُس نے ایک بڑا پتھر لے کر اُسے اُس بلوط کے سائے میں کھڑا کیا جو رب کے مقدِس کے پاس تھا۔ اُس نے تمام لوگوں سے کہا، ”اِس پتھر کو دیکھیں! یہ گواہ ہے، کیونکہ اِس نے سب کچھ سن لیا ہے جو رب نے ہمیں بتا دیا ہے۔ اگر آپ کبھی اللہ کا انکار کریں تو یہ آپ کے خلاف گواہی دے گا۔“ پھر یشوع نے اسرائیلیوں کو فارغ کر دیا، اور ہر ایک اپنے اپنے قبائلی علاقے میں چلا گیا۔ کچھ دیر کے بعد رب کا خادم یشوع بن نون فوت ہوا۔ اُس کی عمر 110 سال تھی۔ اُسے اُس کی موروثی زمین میں دفنایا گیا، یعنی تِمنت سِرح میں جو افرائیم کے پہاڑی علاقے میں جعس پہاڑ کے شمال میں ہے۔ جب تک یشوع اور وہ بزرگ زندہ رہے جنہوں نے اپنی آنکھوں سے سب کچھ دیکھا تھا جو رب نے اسرائیل کے لئے کیا تھا اُس وقت تک اسرائیل رب کا وفادار رہا۔ مصر کو چھوڑتے وقت اسرائیلی یوسف کی ہڈیاں اپنے ساتھ لائے تھے۔ اب اُنہوں نے اُنہیں سِکم شہر کی اُس زمین میں دفن کر دیا جو یعقوب نے سِکم کے باپ حمور کی اولاد سے چاندی کے سَو سِکوں کے بدلے خرید لی تھی۔ یہ زمین یوسف کی اولاد کی وراثت میں آ گئی تھی۔ اِلی عزر بن ہارون بھی فوت ہوا۔ اُسے جِبعہ میں دفنایا گیا۔ افرائیم کے پہاڑی علاقے کا یہ شہر اُس کے بیٹے فینحاس کو دیا گیا تھا۔
یشوع 16:24-33 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب لوگوں نے جواب دِیا کہ خُدا نہ کرے کہ ہم خُداوند کو چھوڑ کر اَور معبُودوں کی پرستِش کریں۔ کیونکہ خُداوند ہمارا خُدا وُہی ہے جِس نے ہم کو اور ہمارے باپ دادا کو مُلکِ مِصرؔ یعنی غُلامی کے گھر سے نِکالا اور وہ بڑے بڑے نِشان ہمارے سامنے دِکھائے اور سارے راستہ جِس میں ہم چلے اور اُن سب قَوموں کے درمِیان جِن میں سے ہم گُذرے ہم کو محفُوظ رکھّا۔ اور خُداوند نے سب قَوموں یعنی اموریوں کو جو اِس مُلک میں بستے تھے ہمارے سامنے سے نِکال دِیا۔ سو ہم بھی خُداوند کی پرستِش کریں گے کیونکہ وہ ہمارا خُدا ہے۔ یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم خُداوند کی پرستِش نہیں کر سکتے کیونکہ وہ پاک خُدا ہے۔ وہ غیُور خُدا ہے۔ وہ تُمہاری خطائیں اور تُمہارے گُناہ نہیں بخشے گا۔ اگر تُم خُداوند کو چھوڑ کر اجنبی معبُودوں کی پرستِش کرو تو اگرچہ وہ تُم سے نیکی کرتا رہا ہے تَو بھی وہ پِھر کر تُم سے بُرائی کرے گا اور تُم کو فنا کر ڈالے گا۔ لوگوں نے یشُوع سے کہا نہیں بلکہ ہم خُداوند ہی کی پرستِش کریں گے۔ یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم آپ ہی اپنے گواہ ہو کہ تُم نے خُداوند کو چُنا ہے کہ اُس کی پرستِش کرو۔ اُنہوں نے کہا ہم گواہ ہیں۔ تب اُس نے کہا پس اب تُم اجنبی معبُودوں کو جو تُمہارے درمِیان ہیں دُور کر دو اور اپنے دِلوں کو خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی طرف مائِل کرو۔ لوگوں نے یشُوع سے کہا ہم خُداوند اپنے خُدا کی پرستِش کریں گے اور اُسی کی بات مانیں گے۔ سو یشُوع نے اُسی روز لوگوں کے ساتھ عہد باندھا اور اُن کے لِئے سِکم میں آئِین اور قانُون ٹھہرایا۔ اور یشُوع نے یہ باتیں خُدا کی شرِیعت کی کِتاب میں لِکھ دِیں اور ایک بڑا پتّھر لے کر اُسے وہِیں اُس بلُوط کے درخت کے نِیچے جو خُداوند کے مَقدِس کے پاس تھا نصب کِیا۔ اور یشُوع نے سب لوگوں سے کہا کہ دیکھو یہ پتّھر ہمارا گواہ رہے کیونکہ اُس نے خُداوند کی سب باتیں جو اُس نے ہم سے کہِیں سُنی ہیں اِس لِئے یِہی تُم پر گواہ رہے تا نہ ہو کہ تُم اپنے خُدا کا اِنکار کر جاؤ۔ پِھر یشُوع نے لوگوں کو اُن کی اپنی اپنی مِیراث کی طرف رُخصت کر دِیا۔ اور اِن باتوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ نُون کا بیٹا یشُوع خُداوند کا بندہ ایک سَو دس برس کا ہو کر رِحلت کر گیا۔ اور اُنہوں نے اُسی کی مِیراث کی حد پر تِمنت سرؔح میں جو اِفرائِیم کے کوہستانی مُلک میں کوہِ جعس کے شِمال کی طرف کو ہے اُسے دفن کِیا۔ اور اِسرائیلی خُداوند کی پرستِش یشُوؔع کے جِیتے جی اور اُن بزُرگوں کے جِیتے جی کرتے رہے جو یشُوؔع کے بعد زِندہ رہے اور خُداوند کے سب کاموں سے جو اُس نے اِسرائیلِیوں کے لِئے کِئے واقِف تھے۔ اور اُنہوں نے یُوسفؔ کی ہڈِّیوں کو جِن کو بنی اِسرائیل مِصرؔ سے لے آئے تھے سِکم میں اُس زمِین کے قطع میں دفن کِیا جِسے یعقُوب نے سِکم کے باپ حمور کے بیٹوں سے چاندی کے سَو سِکّوں میں خرِیدا تھا اور وہ زمِین بنی یُوسفؔ کی مِیراث ٹھہری۔ اور ہارُونؔ کے بیٹے الِیعزر نے رِحلت کی اور اُنہوں نے اُسے اُس کے بیٹے فِینحاس کی پہاڑی پر دفن کِیا جو اِفرائِیم کے کوہِستانی مُلک میں اُسے دی گئی تھی۔