YouVersion Logo
تلاش

یشُوع 24

24
سِکم کے مقام پر یشُوع لوگوں سے خطاب کرتا ہے
1اِس کے بعد یشُوع نے اِسرائیلؔ کے سب قبِیلوں کو سِکم میں جمع کِیا اور اِسرائیلؔ کے بزُرگوں اور سرداروں اور قاضِیوں اور منصبداروں کو بُلوایا اور وہ خُدا کے حضُور حاضِر ہُوئے۔ 2تب یشُوع نے اُن سب لوگوں سے کہا کہ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُمہارے آبا یعنی ابرہامؔ اور نحُور کا باپ تارح وغیرہ قدِیم زمانہ میں بڑے دریا کے پار رہتے اور دُوسرے معبُودوں کی پرستِش کرتے تھے۔ 3اور مَیں نے تُمہارے باپ ابرہامؔ کو بڑے دریا کے پار سے لے کر کنعاؔن کے سارے مُلک میں اُس کی رہبری کی اور اُس کی نسل کو بڑھایا اور اُسے اِضحاق عِنایت کِیا۔ 4اور مَیں نے اِضحاقؔ کو یعقُوب اور عیسو بخشے اور عیسو کو کوہِ شعِیر دِیا کہ وہ اُس کا مالِک ہو اور یعقُوب اپنی اَولاد سمیت مِصرؔ میں گیا۔ 5اور مَیں نے مُوسیٰ اور ہارُونؔ کو بھیجا اور مِصرؔ پر جو جو مَیں نے اُس میں کِیا اُس کے مُطابِق میری مار پڑی اور اُس کے بعد مَیں تُم کو نِکال لایا۔ 6تُمہارے باپ دادا کو مَیں نے مِصرؔ سے نِکالا اور تُم سمُندر پر آئے۔ تب مِصریوں نے رتھوں اور سواروں کو لے کر بحرِ قُلزؔم تک تُمہارے باپ دادا کا پِیچھا کِیا۔ 7اور جب اُنہوں نے خُداوند سے فریاد کی تو اُس نے تُمہارے اور مِصریوں کے درمِیان اندھیرا کر دِیا اور سمُندر کو اُن پر چڑھا لایا اور اُن کو چِھپا دِیا اور تُم نے جو کُچھ مَیں نے مِصرؔ میں کِیا اپنی آنکھوں سے دیکھا
اور تُم بُہت دِنوں تک بیابان میں رہے۔ 8پِھر مَیں تُم کو امورِیوں کے مُلک میں جو یَردؔن کے اُس پار رہتے تھے لے آیا۔ وہ تُم سے لڑے اور مَیں نے اُن کو تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا اور تُم نے اُن کے مُلک پر قبضہ کر لِیا اور مَیں نے اُن کو تُمہارے آگے سے ہلاک کِیا۔ 9پِھر صفور کا بیٹا بلق موآب کا بادشاہ اُٹھ کر اِسرائیلِیوں سے لڑا اور تُم پر لَعنت کرنے کو بعور کے بیٹے بلعاؔم کو بُلوا بھیجا۔ 10پر مَیں نے نہ چاہا کہ بلعاؔم کی سُنوں۔ اِس لِئے وہ تُم کو برکت ہی دیتا گیا۔ سو مَیں نے تُم کو اُس کے ہاتھ سے چُھڑایا۔ 11پِھر تُم یَردن پار ہو کر یرِیحُو کو آئے اور یرِیحُو کے لوگ یعنی اموری اور فرزّی اور کنعانی اور حتّی اور جِرجاسی اور حوّی اور یبُوسی تُم سے لڑے اور مَیں نے اُن کو تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا۔ 12اور مَیں نے تُمہارے آگے زنبُوروں کو بھیجا جِنہوں نے دونوں اموری بادشاہوں کو تُمہارے سامنے سے بھگا دِیا۔ یہ نہ تُمہاری تلوار اور نہ تُمہاری کمان سے ہُؤا۔ 13اور مَیں نے تُم کو وہ مُلک جِس پر تُم نے مِحنت نہ کی اور وہ شہر جِن کو تُم نے بنایا نہ تھا عِنایت کِئے اور تُم اُن میں بسے ہو اور تُم اَیسے تاکِستانوں اور زَیتُون کے باغوں کا پَھل کھاتے ہو جِن کو تُم نے نہیں لگایا۔
14پس اب تُم خُداوند کا خَوف رکھّو اور نیک نِیّتی اور صداقت سے اُس کی پرستِش کرو اور اُن دیوتاؤں کو دُور کر دو جِن کی پرستِش تُمہارے باپ دادا بڑے دریا کے پار اور مِصرؔ میں کرتے تھے اور خُداوند کی پرستِش کرو۔ 15اور اگر خُداوند کی پرستِش تُم کو بُری معلُوم ہوتی ہو تو آج ہی تُم اُسے جِس کی پرستِش کرو گے چُن لو۔ خواہ وہ وُہی دیوتا ہوں جِن کی پرستِش تُمہارے باپ دادا بڑے دریا کے اُس پار کرتے تھے یا اموریوں کے دیوتا ہوں جِن کے مُلک میں تُم بسے ہو۔ اب رہی میری اور میرے گھرانے کی بات سو ہم تو خُداوند کی پرستِش کریں گے۔
16تب لوگوں نے جواب دِیا کہ خُدا نہ کرے کہ ہم خُداوند کو چھوڑ کر اَور معبُودوں کی پرستِش کریں۔ 17کیونکہ خُداوند ہمارا خُدا وُہی ہے جِس نے ہم کو اور ہمارے باپ دادا کو مُلکِ مِصرؔ یعنی غُلامی کے گھر سے نِکالا اور وہ بڑے بڑے نِشان ہمارے سامنے دِکھائے اور سارے راستہ جِس میں ہم چلے اور اُن سب قَوموں کے درمِیان جِن میں سے ہم گُذرے ہم کو محفُوظ رکھّا۔ 18اور خُداوند نے سب قَوموں یعنی اموریوں کو جو اِس مُلک میں بستے تھے ہمارے سامنے سے نِکال دِیا۔ سو ہم بھی خُداوند کی پرستِش کریں گے کیونکہ وہ ہمارا خُدا ہے۔
19یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم خُداوند کی پرستِش نہیں کر سکتے کیونکہ وہ پاک خُدا ہے۔ وہ غیُور خُدا ہے۔ وہ تُمہاری خطائیں اور تُمہارے گُناہ نہیں بخشے گا۔ 20اگر تُم خُداوند کو چھوڑ کر اجنبی معبُودوں کی پرستِش کرو تو اگرچہ وہ تُم سے نیکی کرتا رہا ہے تَو بھی وہ پِھر کر تُم سے بُرائی کرے گا اور تُم کو فنا کر ڈالے گا۔
21لوگوں نے یشُوع سے کہا نہیں بلکہ ہم خُداوند ہی کی پرستِش کریں گے۔
22یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم آپ ہی اپنے گواہ ہو کہ تُم نے خُداوند کو چُنا ہے کہ اُس کی پرستِش کرو۔
اُنہوں نے کہا ہم گواہ ہیں۔
23تب اُس نے کہا پس اب تُم اجنبی معبُودوں کو جو تُمہارے درمِیان ہیں دُور کر دو اور اپنے دِلوں کو خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی طرف مائِل کرو۔
24لوگوں نے یشُوع سے کہا ہم خُداوند اپنے خُدا کی پرستِش کریں گے اور اُسی کی بات مانیں گے۔
25سو یشُوع نے اُسی روز لوگوں کے ساتھ عہد باندھا اور اُن کے لِئے سِکم میں آئِین اور قانُون ٹھہرایا۔ 26اور یشُوع نے یہ باتیں خُدا کی شرِیعت کی کِتاب میں لِکھ دِیں اور ایک بڑا پتّھر لے کر اُسے وہِیں اُس بلُوط کے درخت کے نِیچے جو خُداوند کے مَقدِس کے پاس تھا نصب کِیا۔ 27اور یشُوع نے سب لوگوں سے کہا کہ دیکھو یہ پتّھر ہمارا گواہ رہے کیونکہ اُس نے خُداوند کی سب باتیں جو اُس نے ہم سے کہِیں سُنی ہیں اِس لِئے یِہی تُم پر گواہ رہے تا نہ ہو کہ تُم اپنے خُدا کا اِنکار کر جاؤ۔ 28پِھر یشُوع نے لوگوں کو اُن کی اپنی اپنی مِیراث کی طرف رُخصت کر دِیا۔
یشُوع اور الِیعزر کی وفات
29اور اِن باتوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ نُون کا بیٹا یشُوع خُداوند کا بندہ ایک سَو دس برس کا ہو کر رِحلت کر گیا۔ 30اور اُنہوں نے اُسی کی مِیراث کی حد پر تِمنت سرؔح میں جو اِفرائِیم کے کوہستانی مُلک میں کوہِ جعس کے شِمال کی طرف کو ہے اُسے دفن کِیا۔
31اور اِسرائیلی خُداوند کی پرستِش یشُوؔع کے جِیتے جی اور اُن بزُرگوں کے جِیتے جی کرتے رہے جو یشُوؔع کے بعد زِندہ رہے اور خُداوند کے سب کاموں سے جو اُس نے اِسرائیلِیوں کے لِئے کِئے واقِف تھے۔
32اور اُنہوں نے یُوسفؔ کی ہڈِّیوں کو جِن کو بنی اِسرائیل مِصرؔ سے لے آئے تھے سِکم میں اُس زمِین کے قطع میں دفن کِیا جِسے یعقُوب نے سِکم کے باپ حمور کے بیٹوں سے چاندی کے سَو سِکّوں میں خرِیدا تھا اور وہ زمِین بنی یُوسفؔ کی مِیراث ٹھہری۔
33اور ہارُونؔ کے بیٹے الِیعزر نے رِحلت کی اور اُنہوں نے اُسے اُس کے بیٹے فِینحاس کی پہاڑی پر دفن کِیا جو اِفرائِیم کے کوہِستانی مُلک میں اُسے دی گئی تھی۔

موجودہ انتخاب:

یشُوع 24: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in