یسعیاہ 1:32-8
یسعیاہ 1:32-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
دیکھو، ایک بادشاہ راستبازی سے حُکومت کرےگا اَور حاکم اِنصاف سے حُکومت کریں گے۔ ہر ایک شخص آندھی سے بچنے کی جگہ کی مانند اَور طُوفان سے پناہ پانے کی جگہ، یا بیابان میں پانی کی دریاؤں کی طرح اَور شدید حرارت والے ریگستانی مُلک میں ایک بڑی چٹّان کے سایہ کی مانند ہوگا۔ تَب دیکھنے والوں کی آنکھیں بند نہ ہوں گی، اَور سُننے والوں کے کان خُوب سُنیں گے۔ جلد بازوں کے دِل سمجھ حاصل کریں گے، اَور لڑکھڑاتی زبان کی روانی اَور صَاف ہوگی۔ احمق پھر کبھی شریف نہ کہلائے گا نہ ہی بدمعاش کا اِحترام کیا جائے گا۔ کیونکہ احمق حماقت کی باتیں کرتا ہے، اُس کا دِل بدی کے منصُوبے باندھتا رہتاہے: وہ بے دینی کے کام کرتا ہے اَور یَاہوِہ کے خِلاف دروغ گوئی کرتا ہے؛ بھُوکے کو خالی پیٹ رکھتا ہے اَور پیاسے کو پانی نہیں پلاتا۔ بدمعاش کے ضوابط بُرے ہوتے ہیں، وہ بُرے منصُوبے باندھتا ہے تاکہ غریب کو جھُوٹی باتوں سے ہلاک کرے، جَب کہ اُس ضروُرت مند کی درخواست راستباز ہو۔ لیکن شریف آدمی نیک منصُوبے رکھتا ہے، اَور اَپنے نیک اعمال کی بنا پر قائِم رہتاہے۔
یسعیاہ 1:32-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ایک بادشاہ آنے والا ہے جو انصاف سے حکومت کرے گا۔ اُس کے افسر بھی صداقت سے حکمرانی کریں گے۔ ہر ایک آندھی اور طوفان سے پناہ دے گا، ہر ایک ریگستان میں ندیوں کی طرح تر و تازہ کرے گا، ہر ایک تپتی دھوپ میں بڑی چٹان کا سا سایہ دے گا۔ تب دیکھنے والوں کی آنکھیں اندھی نہیں رہیں گی، اور سننے والوں کے کان دھیان دیں گے۔ جلدبازوں کے دل سمجھ دار ہو جائیں گے، اور ہکلوں کی زبان روانی سے صاف بات کرے گی۔ اُس وقت نہ احمق شریف کہلائے گا، نہ بدمعاش کو ممتاز قرار دیا جائے گا۔ کیونکہ احمق حماقت بیان کرتا ہے، اور اُس کا ذہن شریر منصوبے باندھتا ہے۔ وہ بےدین حرکتیں کر کے رب کے بارے میں کفر بکتا ہے۔ بھوکے کو وہ بھوکا چھوڑتا اور پیاسے کو پانی پینے سے روکتا ہے۔ بدمعاش کے طریقِ کار شریر ہیں۔ وہ ضرورت مند کو جھوٹ سے تباہ کرنے کے منصوبے باندھتا رہتا ہے، خواہ غریب حق پر کیوں نہ ہو۔ اُس کے مقابلے میں شریف آدمی شریف منصوبے باندھتا اور شریف کام کرنے میں ثابت قدم رہتا ہے۔
یسعیاہ 1:32-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
دیکھ ایک بادشاہ صداقت سے سلطنت کرے گا اور شاہزادے عدالت سے حُکمرانی کریں گے۔ اور ایک شخص آندھی سے پناہ گاہ کی مانِند ہو گا اور طُوفان سے چِھپنے کی جگہ اور خُشک زمِین میں پانی کی ندیوں کی مانِند اور ماندگی کی زمِین میں بڑی چٹان کے سایہ کی مانِند ہو گا۔ اُس وقت دیکھنے والوں کی آنکھیں دُھندلی نہ ہوں گی اور سُننے والوں کے کان شِنوا ہوں گے۔ جلدباز کا دِل عِرفان حاصِل کرے گا اور لُکنتی کی زُبان صاف بولنے میں مُستعِد ہو گی۔ تب احمق بامُرُوّت نہ کہلائے گا اور بخِیل کو کوئی سخی نہ کہے گا۔ کیونکہ احمق حماقت کی باتیں کرے گا اور اُس کا دِل بدی کا منصُوبہ باندھے گا کہ بے دِینی کرے اور خُداوند کے خِلاف دروغ گوئی کرے اور بُھوکے کے پیٹ کو خالی کرے اور پِیاسے کو پانی سے محرُوم رکھّے۔ اور بخِیل کے ہتھیار زبُون ہیں۔ وہ بُرے منصُوبے باندھا کرتا ہے تاکہ جُھوٹی باتوں سے مِسکِین کو اور مُحتاج کو جب کہ وہ حق بیان کرتا ہو ہلاک کرے۔ لیکن صاحِب مُرُوّت سخاوت کی باتیں سوچتا ہے اور وہ سخاوت کے کاموں میں ثابِت قدم رہے گا۔