یَشعیاہ 1:32-8

یَشعیاہ 1:32-8 UCV

دیکھو، ایک بادشاہ راستبازی سے حُکومت کرےگا اَور حاکم اِنصاف سے حُکومت کریں گے۔ ہر ایک شخص آندھی سے بچنے کی جگہ کی مانند اَور طُوفان سے پناہ پانے کی جگہ، یا بیابان میں پانی کی دریاؤں کی طرح اَور شدید حرارت والے ریگستانی مُلک میں ایک بڑی چٹّان کے سایہ کی مانند ہوگا۔ تَب دیکھنے والوں کی آنکھیں بند نہ ہوں گی، اَور سُننے والوں کے کان خُوب سُنیں گے۔ جلد بازوں کے دِل سمجھ حاصل کریں گے، اَور لڑکھڑاتی زبان کی روانی اَور صَاف ہوگی۔ احمق پھر کبھی شریف نہ کہلائے گا نہ ہی بدمعاش کا اِحترام کیا جائے گا۔ کیونکہ احمق حماقت کی باتیں کرتا ہے، اُس کا دِل بدی کے منصُوبے باندھتا رہتاہے: وہ بے دینی کے کام کرتا ہے اَور یَاہوِہ کے خِلاف دروغ گوئی کرتا ہے؛ بھُوکے کو خالی پیٹ رکھتا ہے اَور پیاسے کو پانی نہیں پلاتا۔ بدمعاش کے ضوابط بُرے ہوتے ہیں، وہ بُرے منصُوبے باندھتا ہے تاکہ غریب کو جھُوٹی باتوں سے ہلاک کرے، جَب کہ اُس ضروُرت مند کی درخواست راستباز ہو۔ لیکن شریف آدمی نیک منصُوبے رکھتا ہے، اَور اَپنے نیک اعمال کی بنا پر قائِم رہتاہے۔