یسعیاہ 11:29-24
یسعیاہ 11:29-24 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تمہارے لیٔے یہ ساری رُویا محض ایک مُہر بند طُومار میں لکھے ہُوئے الفاظ ہیں۔ اَور اگر تُم یہ طُومار کسی اَیسے شخص کو دو جو پڑھا لِکھّا ہو اَور اُس سے کہو، ”اُسے پڑھ،“ تو وہ جَواب دے گا، ”میں نہیں پڑھ سَکتا کیونکہ یہ مُہر بند ہے۔“ یا اگر تُم یہ طُومار کسی جاہل کو دو اَور کہو، ”اِسے پڑھ،“ تو وہ جَواب دے گا، ”مَیں تو جاہل ہُوں۔“ اِس لیٔے یَاہوِہ فرماتے ہیں: ”چونکہ یہ اُمّت زبان سے میری نزدیکی چاہتے ہیں اَور اَپنے ہونٹوں سے میری تعظیم کرتے ہیں، لیکن اُن کے دِل مُجھ سے دُور ہیں۔ اَور وہ میری عبادت آدمیوں کے بنائے ہُوئے اُصُولوں کے مُطابق کرتے ہیں۔ اِس لیٔے میں ایک بار پھر اِن لوگوں کے درمیان عجِیب و غریب کارنامے کرکے اُن کو حیرت میں مُبتلا کروں گا؛ تاکہ اُن عقلمندوں کی عقل باطِل ہو جائے، اَور اُن کے داناؤں کی دانائی جاتی رہے۔“ افسوس اُن پرجو اَپنے منصُوبے یَاہوِہ سے چھپانے کی حتّی الامکان کوشش کرتے ہیں، اَور اَپنا کام اَندھیرے میں کرتے ہیں اَور سوچتے ہیں کہ ”ہمیں کون دیکھتا ہے؟ کس کو خبر ہوگی؟“ تمہاری کیسی اُلٹی سمجھ ہے، کیا کُمہار مٹّی کے برابر گِنا جائے گا! کیا مصنوع اَپنے صانع سے کہے گا کہ میں تیری صنعت نہیں؟ کیا مخلُوق اَپنے خالق سے کہے گا، ”تُم کچھ نہیں جانتے؟“ کیا تھوڑا ہی عرصہ باقی نہیں کہ لبانونؔ زرخیز کھیت نہ بَن جائے اَور زرخیز کھیت جنگل میں تبدیل نہ ہو جائے؟ اُس وقت بہرے طُومار کے الفاظ سُن سکیں گے، اَور اَندھوں کی آنکھیں دھُند اَور تاریکی میں سے دیکھیں گی۔ ایک بار پھر حلیم لوگ یَاہوِہ میں شادمان ہوں گے؛ اَور مُحتاج اِسرائیل کے قُدُّوس میں مسرُور ہوں گے۔ کیونکہ سنگدل دفعتاً غائب ہو جایٔیں گے؛ اَور ٹھٹّھا باز باقی نہ رہیں گے، اَور وہ سَب جو بدی پرتُلے رہتے ہیں کاٹ ڈالے جایٔیں گے جو آدمی کو اُس کے مُقدّمہ میں مُجرم ٹھہراتے ہیں، جو عدالت میں اَپنا دفاع کرنے والوں کے لیٔے پھندا لگاتے اَور جھُوٹی گواہی دے کر معصُوم کو اِنصاف سے محروم رکھتے ہیں، یہ سَب مِٹ جایٔیں گے۔ اِس لیٔے یَاہوِہ جِس نے اَبراہامؔ کو چھُڑایا، یعقوب کے خاندان کے حق میں یُوں فرماتے ہیں: ”یعقوب اَب شرمندہ نہ ہوگا؛ نہ ہی اُن کے چہروں کا رنگ زرد ہوگا۔ جَب وہ اَپنے درمیان اَپنی اَولاد دیکھیں گے، جو میرے ہاتھوں کا کام ہوگا، تَب وہ میرے نام کی تقدیس کریں گے؛ ہاں، وہ یعقوب کے قُدُّوس کی تقدیس کریں گے، اَور اِسرائیل کے خُدا سے ڈریں گے۔ اُس وقت جو گُمراہ ہیں وہ فہم حاصل کریں گے؛ اَورجو شکایت کرتے ہیں تعلیم پائیں گے۔“
یسعیاہ 11:29-24 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اِس لئے جو بھی کلام نازل ہوا ہے وہ تمہارے لئے سر بہ مُہر کتاب ہی ہے۔ اگر اُسے کسی پڑھے لکھے آدمی کو دیا جائے تاکہ پڑھے تو وہ جواب دے گا، ”یہ پڑھا نہیں جا سکتا، کیونکہ اِس پر مُہر ہے۔“ اور اگر اُسے کسی اَن پڑھ آدمی کو دیا جائے تو وہ کہے گا، ”مَیں اَن پڑھ ہوں۔“ رب فرماتا ہے، ”یہ قوم میرے حضور آ کر اپنی زبان اور ہونٹوں سے تو میرا احترام کرتی ہے، لیکن اُس کا دل مجھ سے دُور ہے۔ اُن کی خدا ترسی صرف انسان ہی کے رٹے رٹائے احکام پر مبنی ہے۔ اِس لئے آئندہ بھی میرا اِس قوم کے ساتھ سلوک حیرت انگیز ہو گا۔ ہاں، میرا سلوک عجیب و غریب ہو گا۔ تب اُس کے دانش مندوں کی دانش جاتی رہے گی، اور اُس کے سمجھ داروں کی سمجھ غائب ہو جائے گی۔“ اُن پر افسوس جو اپنا منصوبہ زمین کی گہرائیوں میں دبا کر رب سے چھپانے کی کوشش کرتے ہیں، جو تاریکی میں اپنے کام کر کے کہتے ہیں، ”کون ہمیں دیکھ لے گا، کون ہمیں پہچان لے گا؟“ تمہاری کج رَوی پر لعنت! کیا کمہار کو اُس کے گارے کے برابر سمجھا جاتا ہے؟ کیا بنی ہوئی چیز بنانے والے کے بارے میں کہتی ہے، ”اُس نے مجھے نہیں بنایا“؟ یا کیا جس کو تشکیل دیا گیا ہے وہ تشکیل دینے والے کے بارے میں کہتا ہے، ”وہ کچھ نہیں سمجھتا“؟ ہرگز نہیں! تھوڑی ہی دیر کے بعد لبنان کا جنگل پھلتے پھولتے باغ میں تبدیل ہو گا جبکہ پھلتا پھولتا باغ جنگل سا لگے گا۔ اُس دن بہرے کتاب کی تلاوت سنیں گے، اور اندھوں کی آنکھیں اندھیرے اور تاریکی میں سے نکل کر دیکھ سکیں گی۔ ایک بار پھر فروتن رب کی خوشی منائیں گے، اور محتاج اسرائیل کے قدوس کے باعث شادیانہ بجائیں گے۔ ظالم کا نام و نشان نہیں رہے گا، طعنہ زن ختم ہو جائیں گے، اور دوسروں کی تاک میں بیٹھنے والے سب کے سب رُوئے زمین پر سے مٹ جائیں گے۔ یہی اُن کا انجام ہو گا جو عدالت میں دوسروں کو قصوروار ٹھہراتے، شہر کے دروازے میں عدالت کرنے والے قاضی کو پھنسانے کی کوشش کرتے اور جھوٹی گواہیوں سے بےقصور کا حق مارتے ہیں۔ چنانچہ رب جس نے پہلے ابراہیم کا بھی فدیہ دے کر اُسے چھڑایا تھا یعقوب کے گھرانے سے فرماتا ہے، ”اب سے یعقوب شرمندہ نہیں ہو گا، اب سے اسرائیلیوں کا رنگ فق نہیں پڑ جائے گا۔ جب وہ اپنے درمیان اپنے بچوں کو جو میرے ہاتھوں کا کام ہیں دیکھیں گے تو وہ میرے نام کو مُقدّس مانیں گے۔ وہ یعقوب کے قدوس کو مُقدّس جانیں گے اور اسرائیل کے خدا کا خوف مانیں گے۔ اُس وقت جن کی روح آوارہ ہے وہ سمجھ حاصل کریں گے، اور بڑبڑانے والے تعلیم قبول کریں گے۔“
یسعیاہ 11:29-24 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور ساری رویا تُمہارے نزدِیک سر بمُہر کِتاب کے مضمُون کی مانِند ہو گی جِسے لوگ کِسی پڑھے لِکھے کو دیں اور کہیں اِس کو پڑھ اور وہ کہے مَیں پڑھ نہیں سکتا کیونکہ یہ سر بمُہر ہے۔ اور پِھر وہ کِتاب کِسی ناخواندہ کو دیں اور کہیں اِس کو پڑھ اور وہ کہے مَیں تو پڑھنا نہیں جانتا۔ پس خُداوند فرماتا ہے چُونکہ یہ لوگ زُبان سے میری نزدِیکی چاہتے ہیں اور ہونٹوں سے میری تعظِیم کرتے ہیں لیکن اِن کے دِل مُجھ سے دُور ہیں کیونکہ میرا خَوف جو اِن کو ہُؤا فقط آدمِیوں کی تعلِیم سُننے سے ہُؤا۔ اِس لِئے مَیں اِن لوگوں کے ساتھ عجِیب سلُوک کرُوں گا جو حَیرت انگیز اور تعجُّب خیز ہو گا اور اِن کے عاقِلوں کی عقل زائِل ہو جائے گی اور اِن کے داناؤں کی دانائی جاتی رہے گی۔ اُن پر افسوس جو اپنی مشورَت خُداوند سے چِھپاتے ہیں۔ جِن کا کاروبار اندھیرے میں ہوتا ہے اور کہتے ہیں کَون ہم کو دیکھتا ہے؟ کَون ہم کو پہچانتا ہے؟ آہ! تُم کَیسے ٹیڑھے ہو! کیا کُمہار مِٹّی کے برابر گِنا جائے گا یا مصنُوع اپنے صانِع سے کہے گا کہ مَیں تیری صنعت نہیں؟ کیا مخلُوق اپنے خالِق سے کہے گا کہ تُو کُچھ نہیں جانتا؟ کیا تھوڑا ہی عرصہ باقی نہیں کہ لُبناؔن شاداب مَیدان ہو جائے گا اور شاداب مَیدان جنگل گِنا جائے گا؟ اور اُس وقت بہرے کِتاب کی باتیں سُنیں گے اور اندھوں کی آنکھیں تارِیکی اور اندھیرے میں سے دیکھیں گی۔ تب مِسکِین خُداوند مَیں زِیادہ خُوش ہوں گے اور غرِیب و مُحتاج اِسرائیل کے قُدُّوس میں شادمان ہوں گے۔ کیونکہ ظالِم فنا ہو جائے گا اور ٹھٹّھا کرنے والا نابُود ہو گا اور سب جو بدکرداری کے لِئے بیدار رہتے ہیں کاٹ ڈالے جائیں گے۔ یعنی جو آدمی کو اُس کے مُقدّمہ میں مُجرِم ٹھہراتے اور اُس کے لِئے جِس نے عدالت سے پھاٹک پر مُقدّمہ فَیصل کِیا پھندا لگاتے اور راست باز کو بے سبب برگشتہ کرتے ہیں۔ اِس لِئے خُداوند جو ابرہامؔ کا نجات دینے والا ہے یعقُوبؔ کے خاندان کے حق میں یُوں فرماتا ہے کہ یعقُوبؔ اب شرمِندہ نہ ہو گا اور وہ ہرگِز زرد رُو نہ ہو گا۔ بلکہ اُس کے فرزند اپنے درمِیان میری دست کاری دیکھ کر میرے نام کی تقدِیس کریں گے۔ ہاں وہ یعقُوبؔ کے قُدُّوس کی تقدِیس کریں گے اور اِسرائیل کے خُدا سے ڈریں گے۔ اور وہ بھی جو رُوح میں گُمراہ ہیں فہم حاصِل کریں گے اور بُڑبُڑانے والے تعلِیم پذِیر ہوں گے۔