یَشعیاہ 29
29
داویؔد کے شہر پر افسوس
1اَے اریئیلؔ، اَے اریئیلؔ، تُجھ پر افسوس،
وہ شہر جہاں داویؔد سکونت پذیر تھا!
سال پر سال چڑھائے جاؤ
اَور تمہاری عیدوں کے دَور چلتے رہیں۔
2پھر بھی میں اریئیلؔ کو محصوُر کروں گا؛
اَور وہ نوحہ اَور ماتم کرےگی،
وہ اریئیلؔ میرے لیٔے مذبح کے آتِشدان کی مانند ہوگی۔
3میں چاروں طرف تیرے خِلاف خیمہ زن ہُوں گا؛
مَیں تُجھے میناروں سے گھیر لاؤں گا
اَور مورچہ بندی سے تیرا محاصرہ کروں گا۔
4تُو پست کیا جائے گا اَور تُو زمین پر سے بولےگا؛
اَور خاک پر سے تُو مُنہ ہی مُنہ میں بُڑبُڑائے گا۔
اَور تیری بھُوت کی سِی آواز زمین کے اَندر سے آئے گی؛
اَور تُو خاک میں سے سرگوشی کرےگا۔
5لیکن تیرے بے شُمار دُشمن مہین گَرد کی مانند ہو جایٔیں گے،
اُن سنگدل لوگوں کا گِروہ اُڑتے ہُوئے بھُوسے کی مانند ہوگا۔
اَچانک، ایک لمحہ میں،
6قادرمُطلق یَاہوِہ خُود
گھن گرج اَور زلزلہ اَور بڑی آواز،
اَور آندھی اَور طُوفان اَور آگ کے مہلک شُعلوں کے ساتھ آئے گا۔
7تَب اُن تمام قوموں کے گِروہ جو اریئیلؔ سے لڑتے رہے
اَور اُس پر اَور اُس کے قلعہ پر حملہ آور ہُوئے
اَور اُس کا محاصرہ کرتے رہے،
ایک خواب یا رات کی رُویا کی مانند ہو جایٔیں گے
8گویا ایک بھُوکا آدمی خواب میں دیکھے کہ وہ کھا رہاہے،
لیکن جَب جاگ اُٹھتا ہے تو اَپنا پیٹ خالی ہی پاتاہے؛
یا کویٔی پیاسا آدمی خواب میں دیکھے کہ وہ پی رہاہے،
لیکن جاگ اُٹھنے پر اَپنے آپ کو پیاسا اَور ہِراساں پاتاہے۔
اَیسا ہی حال اُن تمام قوموں کے گِروہ کا ہوگا
جو کوہِ صِیّونؔ سے جنگ کرتی ہیں۔
9حواس باختہ ہو جاؤ اَور تعجُّب کرو،
اَپنی آنکھیں بند کر لو اَور اَندھے ہو جاؤ؛
متوالے ہو جاؤ لیکن مَے سے نہیں،
لڑکھڑاؤ لیکن شراب سے نہیں۔
10یَاہوِہ نے تُم پر گہری نیند طاری کی ہے:
اَور تمہاری آنکھوں یعنی نبیوں کو نابینا کر دیا ہے؛
اَور تمہارے سَروں یعنی رَوشن ضمیروں پر نقاب ڈالا ہے۔
11تمہارے لیٔے یہ ساری رُویا محض ایک مُہر بند طُومار میں لکھے ہُوئے الفاظ ہیں۔ اَور اگر تُم یہ طُومار کسی اَیسے شخص کو دو جو پڑھا لِکھّا ہو اَور اُس سے کہو، ”اُسے پڑھ،“ تو وہ جَواب دے گا، ”میں نہیں پڑھ سَکتا کیونکہ یہ مُہر بند ہے۔“ 12یا اگر تُم یہ طُومار کسی جاہل کو دو اَور کہو، ”اِسے پڑھ،“ تو وہ جَواب دے گا، ”مَیں تو جاہل ہُوں۔“
13اِس لیٔے یَاہوِہ فرماتے ہیں:
”چونکہ یہ اُمّت زبان سے میری نزدیکی چاہتے ہیں
اَور اَپنے ہونٹوں سے میری تعظیم کرتے ہیں،
لیکن اُن کے دِل مُجھ سے دُور ہیں۔
اَور وہ میری عبادت
آدمیوں کے بنائے ہُوئے اُصُولوں کے مُطابق کرتے ہیں۔
14اِس لیٔے میں ایک بار پھر اِن لوگوں کے درمیان
عجِیب و غریب کارنامے کرکے
اُن کو حیرت میں مُبتلا کروں گا؛
تاکہ اُن عقلمندوں کی عقل کو باطِل ہو جائے،
اَور اُن کے داناؤں کی دانائی جاتی رہے۔“
15افسوس اُن پرجو اَپنے منصُوبے یَاہوِہ سے چھپانے کی
حتّی الامکان کوشش کرتے ہیں،
اَور اَپنا کام اَندھیرے میں کرتے ہیں اَور سوچتے ہیں کہ
”ہمیں کون دیکھتا ہے؟ کس کو خبر ہوگی؟“
16تمہاری کیسی اُلٹی سمجھ ہے،
کیا کُمہار مٹّی کے برابر گُنا جائے گا!
کیا مصنوع اَپنے صانع سے کہے گا
کہ میں تیری صنعت نہیں؟
کیا مخلُوق اَپنے خالق سے کہے گا،
”تُو کچھ نہیں جانتا؟“
17کیا تھوڑا ہی عرصہ باقی نہیں کہ لبانونؔ زرخیز کھیت نہ بَن جائے
اَور زرخیز کھیت جنگل میں تبدیل نہ ہو جائے؟
18اُس وقت بہرے طُومار کے الفاظ سُن سکیں گے،
اَور اَندھوں کی آنکھیں
دھُند اَور تاریکی میں سے دیکھیں گی۔
19ایک بار پھر حلیم لوگ یَاہوِہ میں شادمان ہوں گے؛
اَور مُحتاج اِسرائیل کے قُدُّوس میں مسرُور ہوں گے۔
20کیونکہ سنگدل دفعتاً غائب ہو جایٔیں گے؛
اَور ٹھٹّھا باز باقی نہ رہیں گے،
اَور وہ سَب جو بدی پرتُلے رہتے ہیں کاٹ ڈالے جایٔیں گے
21جو آدمی کو اُس کے مُقدّمہ میں مُجرم ٹھہراتے ہیں،
جو عدالت میں اَپنا دفاع کرنے والوں کے لیٔے پھندا لگاتے
اَور جھُوٹی گواہی دے کر معصُوم کو اِنصاف سے محروم رکھتے ہیں،
یہ سَب مِٹ جایٔیں گے۔
22اِس لیٔے یَاہوِہ جِس نے اَبراہامؔ کو چھُڑایا، یعقوب کے خاندان کے حق میں یُوں فرماتے ہیں:
”یعقوب اَب شرمندہ نہ ہوگا؛
نہ ہی اُن کے چہروں کا رنگ زرد ہوگا۔
23جَب وہ اَپنے درمیان اَپنی اَولاد دیکھیں گے،
جو میرے ہاتھوں کا کام ہوگا،
تَب وہ میرے نام کی تقدیس کریں گے؛
ہاں، وہ یعقوب کے قُدُّوس کی تقدیس کریں گے،
اَور اِسرائیل کے خُدا سے ڈریں گے۔
24اُس وقت جو گُمراہ ہیں وہ فہم حاصل کریں گے؛
اَورجو شکایت کرتے ہیں تعلیم پائیں گے۔“
موجودہ انتخاب:
یَشعیاہ 29: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.