YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 30

30
ضِدّی قوم پر افسوس
1یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اُن باغی بچّوں پر افسوس،
جو اَیسے منصُوبے عَمل میں لاتے ہیں جو میری طرف سے نہیں ہیں،
اَور عہدوپیمان کرتے ہیں جو میری رُوح کی ہدایت کے مُطابق نہیں،
اَور اِس طرح گُناہ پر گُناہ کا انبار لگاتے ہیں۔
2وہ مُجھ سے پُوچھے بنا
مِصر کو جاتے ہیں؛
جو فَرعوہؔ کی پناہ میں مدد ڈھونڈتے ہیں،
تاکہ مِصر کے سایہ میں اَمن سے رہیں۔
3لیکن فَرعوہؔ کی حمایت تمہارے لیٔے شرم کا باعث ہوگی،
اَور مِصر کے سایہ میں پناہ لینا تُمہیں رُسوا کرےگا۔
4حالانکہ اُن کے افسران ضعنؔ میں ہیں
اَور اُن کے سفیر حانیسؔ میں جا پہُنچے ہیں،
5وہ سَب ایک اَیسی قوم کے باعث شرمندہ ہوں گے
جِس سے اُنہیں کویٔی فائدہ نہ ہوگا،
کیونکہ اُن سے نہ تو مدد ملے گی نہ کچھ حاصل ہوگا
سِوائے خجالت اَور رُسوائی کے۔“
6جُنوب کے جانوروں کے متعلّق نبُوّت:
اَپنی دولت گدھوں کی پیٹھ پر،
اَور اَپنے خزانے اُونٹوں کے کی اُونچی پیٹھ پر لاد کر،
اُن کے سفیر دُکھ اَور مُصیبت کی سرزمین میں سے ہوکر،
جہاں شیرببر اَور شیرنیاں،
اَور جہاں افعی اَور اُڑنے والے زہریلے سانپ رہتے ہیں،
اُن لوگوں کی طرف جا رہے ہیں جِن سے اُنہیں کویٔی فائدہ نہ ہوگا،
7کیونکہ مِصر کی مدد بالکُل بیکار ہے
اِسی لیٔے مَیں نے اُسے
سُست بیٹھی رہنے والی راحبؔ#30‏:7 راحبؔ قدیم نُسخوں کا خیالی کِردار، جو یہ سمُندر میں پریشانی پیدا کرنے کے لئے جانا جاتا ہے۔ کہا ہے۔
8اَب جا اَور اُسے اُن کے لیٔے ایک تختی پر لِکھ دے،
اَور کسی طُومار میں قلم بند کر دے،
تاکہ آنے والے دِنوں میں
وہ ہمیشہ تک گواہی کے طور پر قائِم رہے۔
9کیونکہ یہ لوگ باغی ہیں اَور دھوکے باز فرزند ہیں،
جو یَاہوِہ کی ہدایات کو سُننا نہیں چاہتے۔
10وہ رَوشن ضمیروں سے کہتے ہیں کہ
”اَب اَور رُویا نہ دیکھو!“
اَور نبیوں سے کہتے ہیں،
”ہم پر اَب سچّی نبُوّتیں ظاہر نہ کرو!
بَلکہ ہمیں مزیدار باتیں بتاؤ،
اَور وہم والی نبُوّتیں کرو۔
11یہ راہ چھوڑ دو،
اِس راستہ سے ہٹ جاؤ،
اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کو
ہمارے رُوبرو لانے سے باز آؤ۔“
12اِس لیٔے اِسرائیل کے قُدُّوس یُوں فرماتے ہیں:
”چونکہ تُم نے اِس پیغام کو مُسترد کر دیا،
اَور ظُلم پر اِعتماد رکھا
اَور فریب کا سہارا لیا،
13اِس لیٔے یہ گُناہ تمہارے لیٔے
ایک اُونچی دیوار کی مانند ہوگا جو دراڑ کے باعث اُبھر آئی ہو،
جو اَچانک پل بھر میں گِر جاتی ہے۔
14وہ کُمہار کے مٹّی کے برتن کی طرح ٹوٹ کر
اَیسی چکنا چُور ہو جائے گی
کہ اُس کے ٹُکڑوں کا کویٔی حِصّہ بھی نہ مِل سکےگا
جِس میں چولہے میں سے آگ لی جائے
یا حوض میں سے پانی نکالا جائے۔“
15کیونکہ یَاہوِہ قادر اِسرائیل کا قُدُّوس خُداوؔند یُوں فرماتے ہیں:
”تَوبہ کرنے اَور چَین سے رہنے میں تمہاری نَجات ہے،
خاموشی اَور توکّل میں تمہاری قُوّت ہے،
پر تُم نے یہ نہ چاہا۔
16تُم نے کہا، نہیں، ’ہم تو گھوڑوں پر چڑھ کر بھاگیں گے،‘
اِس لیٔے تُم بھاگوگے!
تُم نے کہا، ’ہم تیز رفتار گھوڑوں پر سوار ہوں گے،‘
اِس لیٔے تمہارا تعاقب کرنے والے اُس سے بھی تیز رفتار ہوں گے!
17ایک ہی کی دھمکی سے
ایک ہزار بھاگیں گے؛
اَور پانچ کی دھمکی سے
تُم سَب اَیسے بھاگوگے،
کہ پہاڑ کی چوٹی پر نصب کئے ہُوئے جھنڈوں کے سُتون،
یا کسی پہاڑی پر لہراتے ہُوئے پرچم کی طرح، رہ جاؤگے۔“
18پھر بھی یَاہوِہ تُم پر فضل کرنا چاہتاہے؛
اَور وہ تُم پر رحم کرنے کے لیٔے اُٹھا ہے
کیونکہ یَاہوِہ عادل خُدا ہے۔
مُبارک ہیں وہ سَب جو اُن کا اِنتظار کرتے ہیں!
19اَے صِیّونؔ کے لوگو، جو یروشلیمؔ میں رہتے ہو، تُم اَب اَور نہ روؤگے۔ جَب تُم اُن سے فریاد کروگے تو وہ بےحد مہربان ہوگا اَور جوں ہی وہ تمہاری فریاد سُنے گا، تُمہیں جَواب دے گا۔ 20اگرچہ یَاہوِہ تُمہیں مُصیبت کی روٹی اَور دُکھ کا پانی بھی دے تو بھی تمہارے مُعلّم اَب اَور چھُپے نہ رہیں گے۔ تُم اُنہیں اَپنی آنکھوں سے دیکھ لوگے۔ 21تُم داہنی طرف مُڑو یا بائیں طرف، تمہارے کان پیچھے سے آتی ہُوئی اُس آواز کو سُنیں گے جو کہتی ہے، ”راہ یہی ہے؛ اِسی پر چلو۔“ 22تَب تُم اَپنے چاندی چڑھے ہُوئے بُتوں اَور سونا چڑھی ہُوئی مورتوں کو ناپاک کروگے۔ تُم اُنہیں حیض کے کپڑوں کی طرح پھینک دوگے اَور کہو گے: ”دُورہو جاؤ!“
23تُم زمین میں جو بیج بوؤگے اُس کے لیٔے وہ بارش بھیجے گا اَور زمین سے عُمدہ اَور کثرت سے اناج اُگے گا۔ اُس وقت تمہارے مویشی وسیع چراگاہوں میں چریں گے 24اَور بَیل اَور گدھے جو تمہارے کھیتوں میں کام آتے ہیں، سُوپ اَور چھاج سے پھٹکا ہُوا عُمدہ چارا کھایٔیں گے۔ 25اَور اُس بڑی خُونریزی کے دِن جَب بُرج گِر جایٔیں گے ہر اُونچے پہاڑ اَور بُلند ٹیلے پر پانی کی ندیاں جاری ہو جایٔیں گی۔ 26جِس وقت یَاہوِہ اَپنے لوگوں کے زخموں کو باندھے گا اَور اُن چوٹوں کو جو اُنہیں لگی تھیں اَچھّا کرےگا تَب چاند سُورج کی طرح چمکے گا اَور سُورج کی رَوشنی سات گُنا بڑھ جائے گی بَلکہ پُورے سات دِن کی رَوشنی کے برابر ہوگی۔
27دیکھو، یَاہوِہ نام کے ساتھ دُور سے چلا آتا ہے،
اُس کا غضب آگ کی طرح بھڑکا ہُواہے جِس کے ہمراہ
گہرے دھوئیں کے بادل ہیں؛
اُس کے لب غضب آلُود ہیں،
اَور اُس کی زبان بھسم کرے والی آگ کی مانند ہے۔
28اُس کا دَم ایک تیز رفتار ندی کی مانند ہے جِس میں سیلاب آیا ہُوا ہو،
جو گردن تک پہُنچ جائے۔
وہ تمام قوموں کو ہلاکت کی چھلنی سے پھٹکے گا،
وہ مُختلف مُلکوں کے لوگوں کے جَبڑوں میں لگام ڈالتا ہے
جو اُنہیں گُمراہ کرتی ہے۔
29اَور تُم اُس رات کی طرح گاؤگے
جَب کویٔی مُقدّس عید مناتے ہو؛
جِس طرح لوگ بانسریوں کی دھُن سے مست ہوکر یَاہوِہ کے پہاڑ
یعنی اِسرائیل کی چٹّان پر جاتے ہیں،
اُسی طرح تمہارے دِل بھی شادمان ہوں گے۔
30یَاہوِہ اَپنی جلالی آواز لوگوں کو سُنائے گا
اَور اَپنے قہر کی شِدّت اَور بھسم کرنے والی آگ کے شُعلوں
موسلادھار بارش، زورآور آندھی اَور اولوں کے ساتھ
اَپنے بازو کا نازل ہونا اُنہیں دِکھائے گا۔
31یَاہوِہ کی آواز اشُور کو تباہ کر دے گی؛
وہ اُنہیں اَپنے لٹھ سے مارے گا۔
32اَور جَیسے یَاہوِہ اَپنے ہاتھ کے ضرب سے اُن سے لڑیں گے
اُن کے بازو کے سزا کے ڈنڈے کی
ہر ضرب جو وہ اُن پر لگائیں گے
دف اَور سِتار کی موسیقی کے ساتھ ہوگی۔
33کافی عرصہ سے تُوفتؔ تیّار کیا گیا ہے؛
اُسے بادشاہ ہی کے لیٔے تیّار کیا گیا ہے۔
اُس کا آگ کا گڑھا کافی گہرا اَور چوڑا بنایا گیا ہے،
جِس میں آگ اَور ایندھن بکثرت مَوجُود ہے؛
یَاہوِہ کی سانس،
اُسے جلتے ہُوئے گندھک کے چشمے کی طرح سُلگائے گی۔

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 30: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in