حجی 9:2-23
حجی 9:2-23 کِتابِ مُقادّس (URD)
اِس پِچھلے گھر کی رَونق پہلے گھر کی رَونق سے زِیادہ ہو گی ربُّ الافواج فرماتا ہے اور مَیں اِس مکان میں سلامتی بخشُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ اور دارا بادشاہ کی سلطنت کے دُوسرے سال کے نویں مہِینے کی چَوبِیسوِیں تارِیخ کو خُداوند کا کلام حجَّی نبی کی معرفت پُہنچا۔ کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ شرِیعت کی بابت کاہِنوں سے دریافت کر۔ کہ اگر کوئی پاک گوشت کو اپنے لِباس کے دامن میں لِئے جاتا ہو اور اُس کا دامن روٹی یا دال یا مَے یا تیل یا کِسی طرح کے کھانے کی چِیز کو چُھو جائے تو کیا وہ چِیز پاک ہو جائیں گی؟ کاہِنوں نے جواب دِیا ہرگِز نہیں۔ پِھر حجَّی نے پُوچھا کہ اگر کوئی کِسی مُردہ کو چُھونے سے ناپاک ہو گیا ہو اور اِن میں سے کِسی چِیز کو چُھوئے تو کیا وہ چِیز ناپاک ہو جائیں گی؟ کاہِنوں نے جواب دِیا ضرُور ناپاک ہو جائیں گی۔ پِھر حجَّی نے کہا خُداوند فرماتا ہے میری نظر میں اِن لوگوں اور اِس قَوم اور اِن کے اعمال کا یِہی حال ہے اور جو کُچھ اِس جگہ گُذرانتے ہیں ناپاک ہے۔ پس اب اور آیندہ کو اُس وقت کا خیال رکھّو جب کہ ابھی خُداوند کی ہَیکل کا پتھّر پر پتھّر نہ رکھّا گیا تھا۔ اُس تمام زمانہ میں جب کوئی بِیس پَیمانوں کی آس رکھتا تو دس ہی مِلتے تھے اور جب کوئی مَے کے حَوض سے پچاس پَیمانے نِکالنے جاتا تو بِیس ہی نِکلتے تھے۔ اور مَیں نے تُم کو تُمہارے سب کاموں میں بادِ سمُوم اور گیروئی اور اَولوں سے مارا پر تُم میری طرف رجُوع نہ لائے خُداوند فرماتا ہے۔ اب اور آیندہ اِس کا خیال رکھّو۔ آج خُداوند کی ہَیکل کی بُنیاد کے ڈالے جانے یعنی نویں مہِینے کی چَوبِیسوِیں تارِیخ سے اِس کا خیال رکھّو۔ کیا اِس وقت بِیج کھتّے میں ہے؟ ابھی تو تاک اور انجِیر اور انار اور زَیتُون میں پَھل نہیں لگا۔ آج ہی سے مَیں تُم کو برکت دُوں گا۔ پِھر اِسی مہِینے کی چَوبِیسوِیں تارِیخ کو خُداوند کا کلام حجَّی نبی پر نازِل ہُؤا۔ کہ یہُوداؔہ کے ناظِم زرُبّابل سے کہہ دے کہ مَیں آسمان اور زمِین کو ہِلاؤُں گا۔ اور سلطنتوں کے تخت اُلٹ دُوں گا اور قَوموں کی سلطنتوں کی توانائی نیست کر دُوں گا اور رتھوں کو سواروں سمیت اُلٹ دُوں گا اور گھوڑے اور اُن کے سوار گِر جائیں گے اور ہر شخص اپنے بھائی کی تلوار سے قتل ہو گا۔ ربُّ الافواج فرماتا ہے اَے میرے خادِم زرُبّاؔبل بِن سیالتی ایل اُسی روز مَیں تُجھے لُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور نگِین ٹھہراؤُں گا کیونکہ مَیں نے تُجھے برگُزِیدہ کِیا ہے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
حجی 9:2-23 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اِس پچھلے بیت المُقدّس کی شان و شوکت پہلے والے بیت المُقدّس سے زِیادہ ہوگی۔ قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں۔ اَور مَیں اِس مقام میں سلامتی بخشوں گا۔ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔“ داریاویشؔ بادشاہ کی حُکومت کے دُوسرے سال کے نویں مہینے کی چوبیسویں تاریخ کو یَاہوِہ کا یہ کلام حگّیؔ نبی کے پاس آیا: ”قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، کاہِنوں سے دریافت کرو کہ آئین کیا کہتی ہے، اگر کویٔی شخص پاک گوشت کو اَپنے لباس کے دامن میں لے جا رہا ہو اَور اُس کا دامن روٹی، دال یا مَے یا تیل یا کسی طرح کی کھانے کی چیز سے چھُو جائے، تو کیا وہ پاک ہو جائے گا؟“ کاہِنوں نے جَواب دیا، ”نہیں۔“ تَب حگّیؔ نے پُوچھا، ”اگر کویٔی مُردہ کو چھُونے سے ناپاک ہو گیا ہو اَور اُن چیزوں میں سے کسی کو چھُوئے تو کیا وہ چیز ناپاک ہو جائے گی؟“ کاہِنوں نے جَواب میں کہا، ”ضروُر ناپاک ہو جائے گی۔“ پھر حگّیؔ نے کہا، یَاہوِہ فرماتے ہیں، میری نظر میں اِن لوگوں اَور اِس قوم کا یہی حال ہے۔ اِن کے ہر کام کا جو وہ کرتے ہیں یہی حال ہے اَورجو کچھ اِس جگہ نذر کرتے ہیں، وہ ناپاک ہے۔ پس اَب آج سے آئندہ کو اِس کا خیال رکھو کہ پہلے یہ چیزیں کیسی تھیں، جَب یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں ایک پتّھر پر دُوسرا پتّھر نہیں رکھا گیا تھا۔ اُس وقت جَب کویٔی بیس پیمانوں کی اُمّید رکھتا تھا تو اُسے صرف دس ہی ملتے تھے اَور جَب کویٔی انگوری حوض سے پچاس پیمانے مَے نکالنے جاتا تھا تو اُسے بیس ہی ملتے تھے۔ مَیں نے تمہارے کھیتی کے سَب کاموں میں اَمراض، پھپھُوندی، اولے سے مارا پھر بھی تُم میری طرف رُجُوع نہ ہُوئے۔ یَاہوِہ کا یہی اعلان ہے۔ اَب ذرا غور کرو کہ آج سے پہلے یعنی جِس دِن یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی بُنیاد ڈالی گئی تھی، اُس دِن سے لے کر نویں مہینے کی اِسی چوبیسویں تاریخ تک کیا حالت تھی اِس پر ذرا خاص خیال کرنا۔ کیا ابھی تک کوئی بیج کھتّے میں بچا ہے؟ ابھی تک انگور، اَنجیر، انار اَور زَیتُون کے درختوں میں کوئی پھل نہیں لگا ہے۔ لیکن آج ہی کے دِن سے میں تُمہیں برکت دیتا رہُوں گا۔ پھر اِسی مہینے کی چوبیس تاریخ کو یَاہوِہ کا کلام حگّیؔ نبی پر نازل ہُوا، ”یہُودیؔہ کے حاکم زرُبّابِیل سے فرما، میں آسمانوں اَور زمین کو ہلاؤں گا۔ میں سلطنتوں کے تخت اُلٹ دُوں گا اَور غَیر قوموں کی طاقت کو برباد کر دُوں گا۔ میں رتھوں کو اُن کے سواروں سمیت اُلٹ دُوں گا؛ اَور اُن کے گھوڑے اَور سوار اَپنے ہی بھایٔی کی تلوار سے قتل ہوں گے۔ ”قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’اَے میرے خادِم شیالتی ایل کے بیٹے زرُبّابِیل، اُس دِن، مَیں تُجھے لُوں گا،‘ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ’اَور اَپنی انگُشتری کا نگینہ بناؤں گا کیونکہ مَیں نے تُمہیں مُنتخب کیا ہے،‘ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔“
حجی 9:2-23 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
نیا گھر پرانے گھر سے کہیں زیادہ شاندار ہو گا، اور مَیں اِس جگہ کو سلامتی عطا کروں گا۔‘ یہ رب الافواج کا فرمان ہے۔“ دارا بادشاہ کی حکومت کے دوسرے سال میں حجی پر رب کا ایک اَور کلام نازل ہوا۔ نویں مہینے کا 24واں دن تھا۔ ”رب الافواج فرماتا ہے، ’اماموں سے سوال کر کہ شریعت ذیل کے معاملے کے بارے میں کیا فرماتی ہے، اگر کوئی شخص مخصوص و مُقدّس گوشت اپنی جھولی میں ڈال کر کہیں لے جائے اور راستے میں جھولی مَے، زیتون کے تیل، روٹی یا مزید کسی کھانے والی چیز سے لگ جائے تو کیا کھانے والی یہ چیز گوشت سے مخصوص و مُقدّس ہو جاتی ہے‘؟“ حجی نے اماموں کو یہ سوال پیش کیا تو اُنہوں نے جواب دیا، ”نہیں۔“ تب اُس نے مزید پوچھا، ”اگر کوئی کسی لاش کو چھونے سے ناپاک ہو کر اِن کھانے والی چیزوں میں سے کچھ چھوئے تو کیا کھانے والی چیز اُس سے ناپاک ہو جاتی ہے؟“ اماموں نے جواب دیا، ”جی ہاں۔“ پھر حجی نے کہا، ”رب فرماتا ہے کہ میری نظر میں اِس قوم کا یہی حال ہے۔ جو کچھ بھی یہ کرتے اور قربان کرتے ہیں وہ ناپاک ہے۔ لیکن اب اِس بات پر دھیان دو کہ آج سے حالات کیسے ہوں گے۔ رب کے گھر کی نئے سرے سے بنیاد رکھنے سے پہلے حالات کیسے تھے؟ جہاں تم فصل کی 20 بوریوں کی اُمید رکھتے تھے وہاں صرف 10 حاصل ہوئیں۔ جہاں تم انگوروں کو کچل کر رس کے 100 لٹر کی توقع رکھتے تھے وہاں صرف 40 لٹر نکلے۔“ رب فرماتا ہے، ”تیری محنت مشقت ضائع ہوئی، کیونکہ مَیں نے پَت روگ، پھپھوندی اور اولوں سے تمہاری پیداوار کو نقصان پہنچایا۔ توبھی تم نے توبہ کر کے میری طرف رجوع نہ کیا۔ لیکن اب توجہ دو کہ تمہارا حال آج یعنی نویں مہینے کے 24ویں دن سے کیسا ہو گا۔ اِس دن رب کے گھر کی بنیاد رکھی گئی، اِس لئے غور کرو کہ کیا آئندہ بھی گودام میں جمع شدہ بیج ضائع ہو جائے گا، کہ کیا آئندہ بھی انگور، انجیر، انار اور زیتون کا پھل نہ ہونے کے برابر ہو گا۔ کیونکہ آج سے مَیں تمہیں برکت دوں گا۔“ اُسی دن حجی پر رب کا ایک اَور کلام نازل ہوا، ”یہوداہ کے گورنر زرُبابل کو بتا دے کہ مَیں آسمان و زمین کو ہلا دوں گا۔ مَیں شاہی تختوں کو اُلٹ کر اجنبی سلطنتوں کی طاقت تباہ کر دوں گا۔ مَیں رتھوں کو اُن کے رتھ بانوں سمیت اُلٹ دوں گا، اور گھوڑے اپنے سواروں سمیت گر جائیں گے۔ ہر ایک اپنے بھائی کی تلوار سے مرے گا۔“ رب الافواج فرماتا ہے، ”اُس دن مَیں تجھے، اپنے خادم زرُبابل بن سیالتی ایل کو لے کر مُہر کی انگوٹھی کی مانند بنا دوں گا، کیونکہ مَیں نے تجھے چن لیا ہے۔“ یہ رب الافواج کا فرمان ہے۔