حجَّی 2
2
نئی ہَیکل کی شان و شَوکت
1ساتویں مہِینے کی اِکِّیسوِیں تارِیخ کو خُداوند کا کلام حجَّی نبی کی معرفت پُہنچا۔ 2کہ یہُوداؔہ کے ناظِم زرُبّاؔبل بِن سیالتی ایل سردار کاہِن یشُوع بِن یہُوصدؔق اور لوگوں کے بقِیّہ سے یُوں کہہ۔ 3کہ تُم میں سے کِس نے اِس ہَیکل کی پہلی رَونق کو دیکھا؟ اور اب کَیسی دِکھائی دیتی ہے؟ کیا یہ تُمہاری نظر میں ناچِیز نہیں ہے؟ 4لیکن اَے زرُبّاؔبل حَوصلہ رکھ خُداوند فرماتا ہے اور اَے سردار کاہِن یشُوع بِن یہُوصدؔق حَوصلہ رکھ اور اَے مُلک کے سب لوگو حَوصلہ رکھّو خُداوند فرماتا ہے اور کام کرو کیونکہ مَیں تُمہارے ساتھ ہُوں ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 5مِصرؔ سے نِکلتے وقت مَیں نے تُم سے جو عہد کِیا تھا اُس کے مُطابِق میری وہ رُوح تُمہارے ساتھ رہتی ہے ہِمّت نہ ہارو۔
6کیونکہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مَیں تھوڑی دیر میں پِھر ایک بار آسمان و زمِین اور بحر و برّ کو ہِلا دُوں گا۔ 7مَیں سب قَوموں کو ہِلا دُوں گا اور اُن کی مرغُوب چِیزیں آئیں گی اور مَیں اِس گھر کو جلال سے معمُور کرُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 8چاندی میری ہے اور سونا میرا ہے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 9اِس پِچھلے گھر کی رَونق پہلے گھر کی رَونق سے زِیادہ ہو گی ربُّ الافواج فرماتا ہے اور مَیں اِس مکان میں سلامتی بخشُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
نبی کاہِنوں سے مشَورہ کرتا ہے
10اور دارا بادشاہ کی سلطنت کے دُوسرے سال کے نویں مہِینے کی چَوبِیسوِیں تارِیخ کو خُداوند کا کلام حجَّی نبی کی معرفت پُہنچا۔ 11کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ شرِیعت کی بابت کاہِنوں سے دریافت کر۔ 12کہ اگر کوئی پاک گوشت کو اپنے لِباس کے دامن میں لِئے جاتا ہو اور اُس کا دامن روٹی یا دال یا مَے یا تیل یا کِسی طرح کے کھانے کی چِیز کو چُھو جائے تو کیا وہ چِیز پاک ہو جائیں گی؟
کاہِنوں نے جواب دِیا ہرگِز نہیں۔
13پِھر حجَّی نے پُوچھا کہ اگر کوئی کِسی مُردہ کو چُھونے سے ناپاک ہو گیا ہو اور اِن میں سے کِسی چِیز کو چُھوئے تو کیا وہ چِیز ناپاک ہو جائیں گی؟
کاہِنوں نے جواب دِیا ضرُور ناپاک ہو جائیں گی۔
14پِھر حجَّی نے کہا خُداوند فرماتا ہے میری نظر میں اِن لوگوں اور اِس قَوم اور اِن کے اعمال کا یِہی حال ہے اور جو کُچھ اِس جگہ گُذرانتے ہیں ناپاک ہے۔
خُداوند برکت کا وعدہ کرتا ہے
15پس اب اور آیندہ کو اُس وقت کا خیال رکھّو جب کہ ابھی خُداوند کی ہَیکل کا پتھّر پر پتھّر نہ رکھّا گیا تھا۔ 16اُس تمام زمانہ میں جب کوئی بِیس پَیمانوں کی آس رکھتا تو دس ہی مِلتے تھے اور جب کوئی مَے کے حَوض سے پچاس پَیمانے نِکالنے جاتا تو بِیس ہی نِکلتے تھے۔ 17اور مَیں نے تُم کو تُمہارے سب کاموں میں بادِ سمُوم اور گیروئی اور اَولوں سے مارا پر تُم میری طرف رجُوع نہ لائے خُداوند فرماتا ہے۔ 18اب اور آیندہ اِس کا خیال رکھّو۔ آج خُداوند کی ہَیکل کی بُنیاد کے ڈالے جانے یعنی نویں مہِینے کی چَوبِیسوِیں تارِیخ سے اِس کا خیال رکھّو۔ 19کیا اِس وقت بِیج کھتّے میں ہے؟ ابھی تو تاک اور انجِیر اور انار اور زَیتُون میں پَھل نہیں لگا۔ آج ہی سے مَیں تُم کو برکت دُوں گا۔
زرُبّابل کے ساتھ خُداوند کا وعدہ
20پِھر اِسی مہِینے کی چَوبِیسوِیں تارِیخ کو خُداوند کا کلام حجَّی نبی پر نازِل ہُؤا۔ 21کہ یہُوداؔہ کے ناظِم زرُبّابل سے کہہ دے کہ مَیں آسمان اور زمِین کو ہِلاؤُں گا۔ 22اور سلطنتوں کے تخت اُلٹ دُوں گا اور قَوموں کی سلطنتوں کی توانائی نیست کر دُوں گا اور رتھوں کو سواروں سمیت اُلٹ دُوں گا اور گھوڑے اور اُن کے سوار گِر جائیں گے اور ہر شخص اپنے بھائی کی تلوار سے قتل ہو گا۔ 23ربُّ الافواج فرماتا ہے اَے میرے خادِم زرُبّاؔبل بِن سیالتی ایل اُسی روز مَیں تُجھے لُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور نگِین ٹھہراؤُں گا کیونکہ مَیں نے تُجھے برگُزِیدہ کِیا ہے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
موجودہ انتخاب:
حجَّی 2: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.