حگّیؔ 2
2
1ساتویں مہینے کی اِکیّسویں تاریخ کو یَاہوِہ کا کلام حگّیؔ نبی کی مَعرفت پہُنچا: 2”شیالتی ایل کے بیٹے زرُبّابِیل یہُوداہؔ کے حاکم اَور یہُوصدقؔ کے بیٹے، اعلیٰ کاہِن یہوشُعؔ اَور باقی لوگوں سے بات کرو اَور اُن سے پُوچھو، 3’تُم میں سے اَب کون بچا ہے جِس نے اِس بیت المُقدّس کی پہلی شان و شوکت دیکھی تھی؟ اَور اَب یہ تُمہیں کیسی دِکھائی دیتی ہے؟ کیا یہ سچ نہیں ہے کہ اَب یہ تمہاری نظر میں اُس پہلے بیت المُقدّس کی موازنہ میں کچھ بھی نہیں ہے؟ 4لیکن اَے زرُبّابِیل اَب مضبُوط ہو جا،‘ یَاہوِہ اعلان کرتے ہیں، ’اَور اَے یہُوصدقؔ کے بیٹے، اعلیٰ کاہِن یہوشُعؔ ہمّت رکھ۔ اَے مُلک کے سَب لوگوں یَاہوِہ اعلان کرتے ہیں کام شروع کرو اَور ہمّت رکھو کیونکہ مَیں تمہارے ساتھ ہُوں،‘ قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں۔ 5’جَب مُلک مِصر سے تُم باہر نکلے تھے تَب اُس وقت مَیں نے تُم سے یہ عہد کیا تھا اَور اُس کے مُطابق میری رُوح تمہارے درمیان مَوجُود ہے، اِس لئے خوف نہ کرو۔‘
6”کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’میں تھوڑی ہی دیر میں پھر ایک بار آسمانوں، زمین، سمُندر اَور خُشکی کو ہلاؤں گا۔ 7میں سَب قوموں کو ہلا دُوں گا اَور سَب قوموں کی مرغوب اَشیا آئیں گی اَور مَیں اِس بیت المُقدّس کو اَپنی جلال سے بھر دُوں گا۔‘ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ 8قادرمُطلق یَاہوِہ اعلان کرتے ہیں، چاندی میری ہے اَور سونا بھی میرا ہے۔ 9اِس پچھلے بیت المُقدّس کی شان و شوکت پہلے والے بیت المُقدّس سے زِیادہ ہوگی۔ قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں۔ اَور مَیں اِس مقام میں سلامتی بخشوں گا۔ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔“
ناپاک لوگوں کے لیٔے برکتیں
10داریاویشؔ بادشاہ کی حُکومت کے دُوسرے سال کے نویں مہینے کی چوبیسویں تاریخ کو یَاہوِہ کا یہ کلام حگّیؔ نبی کے پاس آیا: 11”قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، کاہِنوں سے دریافت کرو کہ آئین کیا کہتی ہے، 12اگر کویٔی شخص پاک گوشت کو اَپنے لباس کے دامن میں لے جا رہا ہو اَور اُس کا دامن روٹی، دال یا مَے یا تیل یا کسی طرح کی کھانے کی چیز سے چھُو جائے، تو کیا وہ پاک ہو جائے گا؟“
کاہِنوں نے جَواب دیا، ”نہیں۔“
13تَب حگّیؔ نے پُوچھا، ”اگر کویٔی مُردہ کو چھُونے سے ناپاک ہو گیا ہو اَور اُن چیزوں میں سے کسی کو چھُوئے تو کیا وہ چیز ناپاک ہو جائے گی؟“
کاہِنوں نے جَواب میں کہا، ”ضروُر ناپاک ہو جائے گی۔“
14پھر حگّیؔ نے کہا، یَاہوِہ فرماتے ہیں، میری نظر میں اِن لوگوں اَور اِس قوم کا یہی حال ہے۔ اِن کے ہر کام کا جو وہ کرتے ہیں یہی حال ہے اَورجو کچھ اِس جگہ نذر کرتے ہیں، وہ ناپاک ہے۔
15پس اَب آج سے آئندہ کو اِس کا خیال رکھو کہ پہلے یہ چیزیں کیسی تھیں، جَب یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں ایک پتّھر پر دُوسرا پتّھر نہیں رکھا گیا تھا۔ 16اُس وقت جَب کویٔی بیس پیمانوں کی اُمّید رکھتا تھا تو اُسے صرف دس ہی ملتے تھے اَور جَب کویٔی انگوری حوض سے پچاس پیمانے مَے نکالنے جاتا تھا تو اُسے بیس ہی ملتے تھے۔ 17مَیں نے تمہارے کھیتی کے سَب کاموں میں اَمراض، پھپھُوندی، اولے سے مارا پھر بھی تُم میری طرف رُجُوع نہ ہُوئے۔ یَاہوِہ کا یہی اعلان ہے۔ 18اَب ذرا غور کرو کہ آج سے پہلے یعنی جِس دِن یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی بُنیاد ڈالی گئی تھی، اُس دِن سے لے کر نویں مہینے کی اِسی چوبیسویں تاریخ تک کیا حالت تھی اِس پر ذرا خاص خیال کرنا۔ 19کیا ابھی تک کوئی بیج کھتّے میں بچا ہے؟ ابھی تک انگور، اَنجیر، انار اَور زَیتُون کے درختوں میں کوئی پھل نہیں لگا ہے۔
لیکن آج ہی کے دِن سے میں تُمہیں برکت دیتا رہُوں گا۔
زرُبّابِیل یَاہوِہ کے انگُشتری کی مُہر
20پھر اِسی مہینے کی چوبیس تاریخ کو یَاہوِہ کا کلام حگّیؔ نبی پر نازل ہُوا، 21”یہُودیؔہ کے حاکم زرُبّابِیل سے فرما، میں آسمانوں اَور زمین کو ہلاؤں گا۔ 22میں سلطنتوں کے تخت اُلٹ دُوں گا اَور غَیر قوموں کی طاقت کو برباد کر دُوں گا۔ میں رتھوں کو اُن کے سواروں سمیت اُلٹ دُوں گا؛ اَور اُن کے گھوڑے اَور سوار اَپنے ہی بھایٔی کی تلوار سے قتل ہوں گے۔
23”قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’اَے میرے خادِم شیالتی ایل کے بیٹے زرُبّابِیل، اُس دِن، مَیں تُجھے لُوں گا،‘ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ’اَور اَپنی انگُشتری کا نگینہ بناؤں گا کیونکہ مَیں نے تُمہیں مُنتخب کیا ہے،‘ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔“
موجودہ انتخاب:
حگّیؔ 2: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.