واعظ 1:3-15

واعظ 1:3-15 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

ہر چیز کے لیٔے ایک وقت ہوتاہے، اَور آسمان کے تلے ہر ایک کام کرنے کا ایک موقع ہوتاہے: پیدا ہونے کا اَور مَرنے کا وقت، درخت لگانے کا اَور اُسے اُکھاڑ دینے کا وقت، مار ڈالنے کا اَور شفا دینے کا وقت، ڈھا دینے کا اَور تعمیر کرنے کا وقت، رونے کا اَور ہنسنے کا وقت، ماتم کرنے اَور ناچنے کا وقت، پتّھر پھینکنے کا اَور پتّھر جمع کرنے کا وقت، گلے مِلنے اَور اِس سے باز رہنے کا وقت۔ تلاش کرنے کا اَور ترک کر دینے کا وقت۔ محفوظ رکھنے کا اَور پھینک دینے کا وقت۔ پھاڑنے کا اَور سینے کا وقت۔ خاموش رہنے کا اَور بولنے کا وقت۔ مَحَبّت کرنے کا اَور نفرت کرنے کا وقت۔ جنگ کرنے کا اَور صُلح کرنے کا وقت۔ چنانچہ کام کرنے والے کو اَپنی محنت و مشقّت سے کیا فائدہ ہوتاہے؟ مَیں نے اُس بھاری بوجھ کو بغور احتیاط سے تفتیش کی ہے جسے خُدا نے بنی آدمؔ کے کندھوں پر رکھا ہے۔ خُدا نے ہر ایک چیز کو اَپنے وقت کے لیٔے خُوبصورت بنایا ہے۔ اَور اُس نے اِنسان کے دِل میں اَبدیّت بھی ڈالی ہے۔ گو اِنسان خُدا کے کاموں کو جو اُس نے شروع سے لے کر آخِر تک کیا ہے اُسے کبھی سمجھ نہیں سَکتا ہے۔ میں جانتا ہُوں کہ اِنسان کے لیٔے اِس سے بہتر کچھ نہیں کہ وہ خُوش رہے اَور جَب تک زندہ رہے نیکی کرنے میں مشغُول رہے۔ اَور ہر ایک شخص کھائے، پیئے اَور اَپنی تمام محنت و مشقّت کے کاموں کے پھل سے مطمئن رہے۔ یہ بھی خُدا کی طرف سے اِنسانوں کے لیٔے بخشش ہے۔ میں جانتا ہُوں کہ جو کچھ خُدا کرتا ہے، وہ ہمیشہ تک قائِم رہے گا۔ اُس میں نہ کچھ بڑھایا جا سَکتا اَور نہ کچھ گھٹایا جا سَکتا ہے۔ اَور خُدا نے اَیسا اِس لیٔے کیا ہے کہ سَب اِنسان اُس کا خوف مانیں۔ جو کچھ مَوجُودہ میں ہے وہ پہلے سے ہی ہو چُکاہے، اَورجو مُستقبِل میں ہونے والا ہے وہ بھی پہلے ہی ہو چُکاہے؛ اَورجو کچھ ماضی میں گزر چُکاہے خُدا اُسے پھر سے دہراتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں واعظ 3

واعظ 1:3-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ہر چیز کی اپنی گھڑی ہوتی، آسمان تلے ہر معاملے کا اپنا وقت ہوتا ہے، جنم لینے اور مرنے کا، پودا لگانے اور اُکھاڑنے کا، مار دینے اور شفا دینے کا، ڈھا دینے اور تعمیر کرنے کا، رونے اور ہنسنے کا، آہیں بھرنے اور رقص کرنے کا، پتھر پھینکنے اور پتھر جمع کرنے کا، گلے ملنے اور اِس سے باز رہنے کا، تلاش کرنے اور کھو دینے کا، محفوظ رکھنے اور پھینکنے کا، پھاڑنے اور سی کر جوڑنے کا، خاموش رہنے اور بولنے کا، پیار کرنے اور نفرت کرنے کا، جنگ لڑنے اور سلامتی سے زندگی گزارنے کا، چنانچہ کیا فائدہ ہے کہ کام کرنے والا محنت مشقت کرے؟ مَیں نے وہ تکلیف دہ کام کاج دیکھا جو اللہ نے انسان کے سپرد کیا تاکہ وہ اُس میں اُلجھا رہے۔ اُس نے ہر چیز کو یوں بنایا ہے کہ وہ اپنے وقت کے لئے خوب صورت اور مناسب ہو۔ اُس نے انسان کے دل میں جاودانی بھی ڈالی ہے، گو وہ شروع سے لے کر آخر تک اُس کام کی تہہ تک نہیں پہنچ سکتا جو اللہ نے کیا ہے۔ مَیں نے جان لیا کہ انسان کے لئے اِس سے بہتر کچھ نہیں ہے کہ وہ خوش رہے اور جیتے جی زندگی کا مزہ لے۔ کیونکہ اگر کوئی کھائے پیئے اور تمام محنت مشقت کے ساتھ ساتھ خوش حال بھی ہو تو یہ اللہ کی بخشش ہے۔ مجھے سمجھ آئی کہ جو کچھ اللہ کرے وہ ابد تک قائم رہے گا۔ اُس میں نہ اضافہ ہو سکتا ہے نہ کمی۔ اللہ یہ سب کچھ اِس لئے کرتا ہے کہ انسان اُس کا خوف مانے۔ جو حال میں پیش آ رہا ہے وہ ماضی میں پیش آ چکا ہے، اور جو مستقبل میں پیش آئے گا وہ بھی پیش آ چکا ہے۔ ہاں، جو کچھ گزر چکا ہے اُسے اللہ دوبارہ واپس لاتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں واعظ 3

واعظ 1:3-15 کِتابِ مُقادّس (URD)

ہر چِیز کا ایک مَوقع اور ہر کام کا جو آسمان کے نِیچے ہوتا ہے ایک وقت ہے۔ پَیدا ہونے کا ایک وقت ہے اور مَر جانے کا ایک وقت ہے۔ درخت لگانے کا ایک وقت ہے اور لگائے ہُوئے کو اُکھاڑنے کا ایک وقت ہے۔ مار ڈالنے کا ایک وقت ہے اور شِفا دینے کا ایک وقت ہے۔ ڈھانے کا ایک وقت ہے اور تعمِیر کرنے کا ایک وقت ہے۔ رونے کا ایک وقت ہے اور ہنسنے کا ایک وقت ہے۔ غم کھانے کا ایک وقت ہے اور ناچنے کا ایک وقت ہے۔ پتّھر پھینکنے کا ایک وقت ہے اور پتّھر بٹورنے کا ایک وقت ہے۔ ہم آغوشی کا ایک وقت ہے اور ہم آغوشی سے باز رہنے کا ایک وقت ہے۔ حاصِل کرنے کا ایک وقت ہے اور کھو دینے کا ایک وقت ہے۔ رکھ چھوڑنے کا ایک وقت ہے اور پھینک دینے کا ایک وقت ہے۔ پھاڑنے کا ایک وقت ہے اور سِینے کا ایک وقت ہے۔ چُپ رہنے کا ایک وقت ہے اور بولنے کا ایک وقت ہے۔ مُحبّت کا ایک وقت ہے اور عداوت کا ایک وقت ہے۔ جنگ کا ایک وقت ہے اور صُلح کا ایک وقت ہے۔ کام کرنے والے کو اُس سے جِس میں وہ مِحنت کرتا ہے کیا حاصِل ہوتا ہے؟ مَیں نے اُس سخت دُکھ کو دیکھا جو خُدا نے بنی آدمؔ کو دِیا ہے کہ وہ مشقّت میں مُبتلا رہیں۔ اُس نے ہر ایک چِیز کو اُس کے وقت میں خُوب بنایا اور اُس نے ابدِیت کو بھی اُن کے دِل میں جاگُزِین کِیا ہے اِس لِئے کہ اِنسان اُس کام کو جو خُدا شرُوع سے آخِر تک کرتا ہے دریافت نہیں کر سکتا۔ مَیں یقِیناً جانتا ہُوں کہ اِنسان کے لِئے یِہی بِہتر ہے کہ خُوش وقت ہو اور جب تک جِیتا رہے نیکی کرے۔ اور یہ بھی کہ ہر ایک اِنسان کھائے اور پِئے اور اپنی ساری مِحنت سے فائِدہ اُٹھائے۔ یہ بھی خُدا کی بخشِش ہے۔ اور مُجھ کو یقِین ہے کہ سب کُچھ جو خُدا کرتا ہے ہمیشہ کے لِئے ہے۔ اُس میں کُچھ کمی بیشی نہیں ہو سکتی اور خُدا نے یہ اِس لِئے کِیا ہے کہ لوگ اُس کے حضُور ڈرتے رہیں۔ جو کُچھ ہے وہ پہلے ہو چُکا اور جو کُچھ ہونے کو ہے وہ بھی ہو چُکا اور خُدا گُذشتہ کو پِھر طلب کرتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں واعظ 3