YouVersion Logo
تلاش

عاموس 2:1-10

عاموس 2:1-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

عاموس بولا، ”رب کوہِ صیون پر سے دہاڑتا ہے، اُس کی گرجتی آواز یروشلم سے سنائی دیتی ہے۔ تب گلہ بانوں کی چراگاہیں سوکھ جاتی ہیں اور کرمل کی چوٹی پر جنگل مُرجھا جاتا ہے۔“ رب فرماتا ہے، ”دمشق کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے جِلعاد کو گاہنے کے آہنی اوزار سے خوب کوٹ کر گاہ لیا ہے۔ چنانچہ مَیں حزائیل کے گھرانے پر آگ نازل کروں گا، اور بن ہدد کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔ مَیں دمشق کے کنڈے کو توڑ کر بِقعت آون اور بیت عدن کے حکمرانوں کو موت کے گھاٹ اُتاروں گا۔ اَرام کی قوم جلاوطن ہو کر قیر میں جا بسے گی۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔ رب فرماتا ہے، ”غزہ کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے پوری آبادیوں کو جلاوطن کر کے ادوم کے حوالے کر دیا ہے۔ چنانچہ مَیں غزہ کی فصیل پر آگ نازل کروں گا، اور اُس کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔ اشدود اور اسقلون کے حکمرانوں کو مَیں مار ڈالوں گا، عقرون پر بھی حملہ کروں گا۔ تب بچے کھچے فلستی بھی ہلاک ہو جائیں گے۔“ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔ رب فرماتا ہے، ”صور کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے برادرانہ عہد کا لحاظ نہ کیا بلکہ پوری آبادیوں کو جلاوطن کر کے ادوم کے حوالے کر دیا۔ چنانچہ مَیں صور کی فصیل پر آگ نازل کروں گا، اور اُس کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عاموس 1

عاموس 2:1-10 کِتابِ مُقادّس (URD)

اُس نے کہا کہ خُداوند صِیُّون سے نعرہ مارے گا اور یروشلیِم سے آواز بُلند کرے گا اور چرواہوں کی چراگاہیں ماتم کریں گی اور کرمِل کی چوٹی سُوکھ جائے گی۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دمِشق کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُنہوں نے جِلعاد کو کھلِیہان میں داؤنے کے آہنی اَوزار سے رَوند ڈالا ہے۔ اور مَیں حزائیل کے گھرانے میں آگ بھیجُوں گا جو بِن ہدد کے قصروں کو کھا جائے گی۔ اور مَیں دمِشق کا اڑبنگا توڑُوں گا اور وادیِ آوؔن کے باشِندوں اور بَیت عدؔن کے فرمانروا کو کاٹ ڈالُوں گا اور اراؔم کے لوگ اسِیر ہو کر قِیر کو جائیں گے خُداوند فرماتا ہے۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ غزّہ کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ وہ سب لوگوں کو اسِیر کر کے لے گئے تاکہ اُن کو ادُوؔم کے حوالہ کریں۔ پس مَیں غزّہ کی شہر پناہ پر آگ بھیجُوں گا جو اُس کے قصروں کو کھا جائے گی۔ اور اشدُود کے باشِندوں اور اسقلُوؔن کے فرمانروا کو کاٹ ڈالُوں گا اور عقرُوؔن پر ہاتھ چلاؤُں گا اور فلِستِیوں کے باقی لوگ نیست ہو جائیں گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ صُور کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُنہوں نے سب لوگوں کو ادُوؔم کے حوالہ کِیا اور برادرانہ عہد کو یاد نہ کِیا۔ پس مَیں صُور کی شہر پناہ پر آگ بھیجُوں گا جو اُس کے قصروں کو کھا جائے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عاموس 1