YouVersion Logo
تلاش

عاموس 2:1-10

عاموس 2:1-10 URDGVU

عاموس بولا، ”رب کوہِ صیون پر سے دہاڑتا ہے، اُس کی گرجتی آواز یروشلم سے سنائی دیتی ہے۔ تب گلہ بانوں کی چراگاہیں سوکھ جاتی ہیں اور کرمل کی چوٹی پر جنگل مُرجھا جاتا ہے۔“ رب فرماتا ہے، ”دمشق کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے جِلعاد کو گاہنے کے آہنی اوزار سے خوب کوٹ کر گاہ لیا ہے۔ چنانچہ مَیں حزائیل کے گھرانے پر آگ نازل کروں گا، اور بن ہدد کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔ مَیں دمشق کے کنڈے کو توڑ کر بِقعت آون اور بیت عدن کے حکمرانوں کو موت کے گھاٹ اُتاروں گا۔ اَرام کی قوم جلاوطن ہو کر قیر میں جا بسے گی۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔ رب فرماتا ہے، ”غزہ کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے پوری آبادیوں کو جلاوطن کر کے ادوم کے حوالے کر دیا ہے۔ چنانچہ مَیں غزہ کی فصیل پر آگ نازل کروں گا، اور اُس کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔ اشدود اور اسقلون کے حکمرانوں کو مَیں مار ڈالوں گا، عقرون پر بھی حملہ کروں گا۔ تب بچے کھچے فلستی بھی ہلاک ہو جائیں گے۔“ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔ رب فرماتا ہے، ”صور کے باشندوں نے بار بار گناہ کیا ہے، اِس لئے مَیں اُنہیں سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑوں گا۔ کیونکہ اُنہوں نے برادرانہ عہد کا لحاظ نہ کیا بلکہ پوری آبادیوں کو جلاوطن کر کے ادوم کے حوالے کر دیا۔ چنانچہ مَیں صور کی فصیل پر آگ نازل کروں گا، اور اُس کے محل نذرِ آتش ہو جائیں گے۔“

پڑھیں عاموس 1

سنیں عاموس 1