عامُوس 1
1
1تقُوؔع کے چرواہوں میں سے عامُوؔس کا کلام جو اُس پر شاہِ یہُوداؔہ عُزِّیاہ اور شاہِ اِسرائیل یرُبعاؔم بِن یُوآس کے ایّام میں اِسرائیل کی بابت بَھونچال سے دو سال پہلے رویا میں نازِل ہُؤا۔:-
2اُس نے کہا کہ
خُداوند صِیُّون سے نعرہ مارے گا
اور یروشلیِم سے آواز بُلند کرے گا
اور چرواہوں کی چراگاہیں ماتم کریں گی
اور کرمِل کی چوٹی سُوکھ جائے گی۔
اِسرائیلؔ کی ہمسایہ قوموں پر خُدا کا غضب
دمِشق
(ارام)
3خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دمِشق کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُنہوں نے جِلعاد کو کھلِیہان میں داؤنے کے آہنی اَوزار سے رَوند ڈالا ہے۔ 4اور مَیں حزائیل کے گھرانے میں آگ بھیجُوں گا جو بِن ہدد کے قصروں کو کھا جائے گی۔ 5اور مَیں دمِشق کا اڑبنگا توڑُوں گا اور وادیِ آوؔن کے باشِندوں اور بَیت عدؔن کے فرمانروا کو کاٹ ڈالُوں گا اور اراؔم کے لوگ اسِیر ہو کر قِیر کو جائیں گے خُداوند فرماتا ہے۔
فِلستِین
6خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ غزّہ کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ وہ سب لوگوں کو اسِیر کر کے لے گئے تاکہ اُن کو ادُوؔم کے حوالہ کریں۔ 7پس مَیں غزّہ کی شہر پناہ پر آگ بھیجُوں گا جو اُس کے قصروں کو کھا جائے گی۔ 8اور اشدُود کے باشِندوں اور اسقلُوؔن کے فرمانروا کو کاٹ ڈالُوں گا اور عقرُوؔن پر ہاتھ چلاؤُں گا اور فلِستِیوں کے باقی لوگ نیست ہو جائیں گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔
صُور
9خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ صُور کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُنہوں نے سب لوگوں کو ادُوؔم کے حوالہ کِیا اور برادرانہ عہد کو یاد نہ کِیا۔ 10پس مَیں صُور کی شہر پناہ پر آگ بھیجُوں گا جو اُس کے قصروں کو کھا جائے گی۔
ادُوم
11خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ ادُوؔم کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُس نے تلوار لے کر اپنے بھائی کو رگیدا اور رحم دِلی کو ترک کر دِیا اور اُس کا قہر ہمیشہ پھاڑتا رہا اور اُس کا غضب مَوقُوف نہ ہُؤا۔ 12پس مَیں تیمان پر آگ بھیجُوں گا اور وہ بُصراؔہ کے قصروں کو کھا جائے گی۔
عمُّون
13خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ بنی عمُّون کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُنہوں نے اپنی حدُود کو بڑھانے کے لِئے جِلعاد کی باردار عَورتوں کے پیٹ چاک کِئے۔ 14پس مَیں ربّہ کی شہر پناہ پر آگ بھڑکاؤُں گا جو اُس کے قصروں کو لڑائی کے دِن للکار اور آندھی کے دِن گِردباد کے ساتھ کھا جائے گی۔ 15اور اُن کا بادشاہ بلکہ وہ اپنے اُمرا کے ساتھ اسِیر ہو کر جائے گا خُداوند فرماتا ہے۔
موجودہ انتخاب:
عامُوس 1: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.