YouVersion Logo
تلاش

۱-تِھسّلُنیکیوں 1:2-16

۱-تِھسّلُنیکیوں 1:2-16 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَے بھائیوں اَور بہنوں! تُم جانتے ہو کہ ہمارا تمہارے پاس آنا بے فائدہ نہ ہُوا۔ تُم تو جانتے ہو کہ ہم نے فِلِپّی شہر میں بھی کافی تکلیف اُٹھائی اَور بے عزّتی کا سامنا کیا۔ لیکن ہمارے خُدا نے ہمیں یہ جُرأت بخشی کہ بڑی مُخالفت کے باوُجُود بھی ہم تُمہیں اُس کی طرف سے خُوشخبری سُنائیں۔ چنانچہ ہم جو کچھ بھی عرض کرتے ہیں اُس میں نہ تو کوئی غلطی یا ناپاک مقصد ہے اَور نہ ہی ہم تُمہیں فریب دینے کی کوشش میں ہیں۔ بَلکہ اِس کے برعکس، جَیسے خُدا نے ہمیں مقبُول کرکے خُوشخبری ہمارے سُپرد کی وَیسے ہی ہم بَیان کرتے ہیں؛ ہم آدمیوں کو نہیں بَلکہ خُدا کو خُوش کرنے کی کوشش میں ہیں، جو ہمارے دلوں کو آزمانے والا ہے۔ کیونکہ تُم جانتے ہو کہ ہم نے کلام میں کبھی بھی نہ تو خُوشامد کا سہارا لیا اَور نہ ہی وہ لالچ کا پردہ بنا، خُدا اِس بات کا گواہ ہے۔ ہم نہ تو آدمیوں سے اَور نہ ہی تُم سے اَور نہ کسی اَور سے اَپنی تَعریف چاہتے تھے، اگرچہ ہم خُداوؔند المسیؔح کے رسولوں کی حیثیت سے تُم پر اَپنا مالی بوجھ ڈال سکتے تھے۔ لیکن جِس طرح ایک ماں اَپنے بچّوں کو بَڑے نرمی سے پالتی ہے۔ اُسی طرح ہمارا بھی سلُوک تمہارے ساتھ بڑی نرمی والا تھا۔ اَور تمہاری دیکھ بھال کی۔ کیونکہ ہم تُمہیں اِتنا زِیادہ چاہنے لگے تھے، کہ نہ صِرف خُدا کی خُوشخبری بَلکہ ہم اَپنی جان تک بھی تُمہیں دینے کو راضی تھے۔ اَے بھائیوں اَور بہنوں! جَب ہم تمہارے درمیان رہ کر الٰہی خُوشخبری سُنا رہے تھے تو تُمہیں ہماری وہ محنت اَور مشقّت ضروُر یاد ہوگی جَب ہم روز رات دِن اَپنے ہاتھوں سے کام کرتے تھے تاکہ کسی پر بوجھ نہ بنیں۔ تُم بھی گواہ ہو اَور خُدا بھی گواہ ہے کہ ہم نے تُم سبھی مُومِنِین کے درمیان کیسی پاک، راستباز اَور بے عیب زندگی گُزاری۔ چنانچہ تُم جانتے ہو کہ جَیسا سلُوک ایک باپ اَپنے بچّوں کے ساتھ کرتا ہے وَیسا ہی ہم تمہارے ساتھ کرتے رہے، اَور تُم ہر ایک کو حوصلہ اَور تسکین دیتے اَور سمجھاتے رہو تاکہ تُمہارا چال چلن خُدا کے لائق ہو، جو تُمہیں اَپنے جلال اَور بادشاہی میں شریک ہونے کے لیٔے بُلاتا ہے۔ اِس لیٔے ہم ہمیشہ خُدا کا شُکر کرتے ہیں کہ جَب تُم نے ہماری زبانی خُدا کے پیغام کو سُنا تو اُسے آدمیوں کا کلام نہیں بَلکہ خُدا کا کلام سمجھ کر قبُول کیا، جَیسا کہ وہ حقیقت میں ہے، اَور وہ تُم میں جو ایمان لایٔے ہو، تاثیر بھی کر رہا ہے۔ اِس لیٔے اَے بھائیوں اَور بہنوں! تُم بھی خُدا کی اُن جماعتوں کی طرح بَن گیٔے ہو جو یہُودیؔہ میں خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ میں ہیں: کیونکہ تُم نے بھی اَپنی قوم والوں سے وُہی تکلیفیں اُٹھائیں جو اُنہُوں نے اَپنے ہم وطن یہُودیوں سے پائی تھیں، جنہوں نے خُداوؔند عیسیٰ اَور اُن نَبیوں کو بھی مار ڈالا اَور ہمیں بھی ستا کر در بدر کر دیا۔ اَور خُدا بھی اُن سے ناراض ہے اَور وہ سارے لوگوں کے دُشمن بنے ہویٔے ہیں۔ کیونکہ وہ ہمیں غَیریہُودیوں کو خُدا کا کلام سُنانے سے روکتے تھے تاکہ اُن میں کویٔی نَجات نہ پا سکے۔ اَور اَیسا کرکے وہ اَپنے گُناہوں کا پیمانہ ہمیشہ بھرتے رہے۔ لیکن آخرکار خُدا کا قہر اُن پر آ گیا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-تِھسّلُنیکیوں 2

۱-تِھسّلُنیکیوں 1:2-16 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

بھائیو، آپ جانتے ہیں کہ ہمارا آپ کے پاس آنا بےفائدہ نہ ہوا۔ آپ اُس دُکھ سے بھی واقف ہیں جو ہمیں آپ کے پاس آنے سے پہلے سہنا پڑا، کہ فلپی شہر میں ہمارے ساتھ کتنی بدسلوکی ہوئی تھی۔ توبھی ہم نے اپنے خدا کی مدد سے آپ کو اُس کی خوش خبری سنانے کی جرأت کی حالانکہ بہت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ کیونکہ جب ہم آپ کو اُبھارتے ہیں تو اِس کے پیچھے نہ تو کوئی غلط نیت ہوتی ہے، نہ کوئی ناپاک مقصد یا چالاکی۔ نہیں، اللہ نے خود ہمیں جانچ کر اِس لائق سمجھا کہ ہم اُس کی خوش خبری سنانے کی ذمہ داری سنبھالیں۔ اِسی بنا پر ہم بولتے ہیں، انسانوں کو خوش رکھنے کے لئے نہیں بلکہ اللہ کو جو ہمارے دلوں کو پرکھتا ہے۔ آپ کو بھی معلوم ہے کہ ہم نے نہ خوشامد سے کام لیا، نہ ہم پسِ پردہ لالچی تھے — اللہ ہمارا گواہ ہے! ہم اِس مقصد سے کام نہیں کر رہے تھے کہ لوگ ہماری عزت کریں، خواہ آپ ہوں یا دیگر لوگ۔ مسیح کے رسولوں کی حیثیت سے ہم آپ کے لئے مالی بوجھ بن سکتے تھے، لیکن ہم آپ کے درمیان ہوتے ہوئے نرم دل رہے، ایسی ماں کی طرح جو اپنے چھوٹے بچوں کی پرورش کرتی ہے۔ ہماری آپ کے لئے چاہت اِتنی شدید تھی کہ ہم آپ کو نہ صرف اللہ کی خوش خبری کی برکت میں شریک کرنے کو تیار تھے بلکہ اپنی زندگیوں میں بھی۔ ہاں، آپ ہمیں اِتنے عزیز تھے! بھائیو، بےشک آپ کو یاد ہے کہ ہم نے کتنی سخت محنت مشقت کی۔ دن رات ہم کام کرتے رہے تاکہ اللہ کی خوش خبری سناتے وقت کسی پر بوجھ نہ بنیں۔ آپ اور اللہ ہمارے گواہ ہیں کہ آپ ایمان لانے والوں کے ساتھ ہمارا سلوک کتنا مُقدّس، راست اور بےالزام تھا۔ کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ ہم نے آپ میں سے ہر ایک سے ایسا سلوک کیا جیسا باپ اپنے بچوں کے ساتھ کرتا ہے۔ ہم آپ کی حوصلہ افزائی کرتے، آپ کو تسلی دیتے اور آپ کو سمجھاتے رہے کہ آپ اللہ کے لائق زندگی گزاریں، کیونکہ وہ آپ کو اپنی بادشاہی اور جلال میں حصہ لینے کے لئے بُلاتا ہے۔ ایک اَور وجہ ہے کہ ہم ہر وقت خدا کا شکر کرتے ہیں۔ جب ہم نے آپ تک اللہ کا پیغام پہنچایا تو آپ نے اُسے سن کر یوں قبول کیا جیسا یہ حقیقت میں ہے یعنی اللہ کا کلام جو انسانوں کی طرف سے نہیں ہے اور جو آپ ایمان داروں میں کام کر رہا ہے۔ بھائیو، نہ صرف یہ بلکہ آپ یہودیہ میں اللہ کی اُن جماعتوں کے نمونے پر چل پڑے جو مسیح عیسیٰ میں ہیں۔ کیونکہ آپ کو اپنے ہم وطنوں کے ہاتھوں وہ کچھ سہنا پڑا جو اُنہیں پہلے ہی اپنے ہم وطن یہودیوں سے سہنا پڑا تھا۔ ہاں، یہودیوں نے نہ صرف خداوند عیسیٰ اور نبیوں کو قتل کیا بلکہ ہمیں بھی اپنے بیچ میں سے نکال دیا۔ یہ لوگ اللہ کو پسند نہیں آتے اور تمام لوگوں کے خلاف ہو کر ہمیں اِس سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں کہ غیریہودیوں کو اللہ کی خوش خبری سنائیں، ایسا نہ ہو کہ وہ نجات پائیں۔ یوں وہ ہر وقت اپنے گناہوں کا پیالہ کنارے تک بھرتے جا رہے ہیں۔ لیکن اللہ کا پورا غضب اُن پر نازل ہو چکا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-تِھسّلُنیکیوں 2

۱-تِھسّلُنیکیوں 1:2-16 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے بھائِیو! تُم آپ جانتے ہو کہ ہمارا تُمہارے پاس آنا بے فائِدہ نہ ہُؤا۔ بلکہ تُم کو معلُوم ہی ہے کہ باوجُود پیشتر فِلِپّی میں دُکھ اُٹھانے اور بے عِزّت ہونے کے ہم کو اپنے خُدا میں یہ دِلیری حاصِل ہُوئی کہ خُدا کی خُوشخبری بڑی جاں فشانی سے تُمہیں سُنائیں۔ کیونکہ ہماری نصِیحت نہ گُمراہی سے ہے نہ ناپاکی سے نہ فرِیب کے ساتھ۔ بلکہ جَیسے خُدا نے ہم کو مقبُول کر کے خُوشخبری ہمارے سپُرد کی وَیسے ہی ہم بیان کرتے ہیں۔ آدمِیوں کو نہیں بلکہ خُدا کو خُوش کرنے کے لِئے جو ہمارے دِلوں کو آزماتا ہے۔ کیونکہ تُم کو معلُوم ہی ہے کہ نہ کبھی ہمارے کلام میں خُوشامد پائی گئی نہ وہ لالچ کا پردہ بنا۔ خُدا اِس کا گواہ ہے۔ اور ہم نہ آدمِیوں سے عِزّت چاہتے تھے نہ تُم سے نہ اَوروں سے۔ اگرچہ مسِیح کے رسُول ہونے کے باعِث تُم پر بوجھ ڈال سکتے تھے۔ بلکہ جِس طرح ماں اپنے بچّوں کو پالتی ہے اُسی طرح ہم تُمہارے درمِیان نرمی کے ساتھ رہے۔ اور اُسی طرح ہم تُمہارے بُہت مُشتاق ہو کر نہ فقط خُدا کی خُوشخبری بلکہ اپنی جان تک بھی تُمہیں دے دینے کو راضی تھے۔ اِس واسطے کہ تُم ہمارے پیارے ہو گئے تھے۔ کیونکہ اَے بھائِیو! تُم کو ہماری مِحنت اور مُشقّت یاد ہو گی کہ ہم نے تُم میں سے کِسی پر بوجھ نہ ڈالنے کی غرض سے رات دِن مِحنت مزدُوری کر کے تُمہیں خُدا کی خُوشخبری کی مُنادی کی۔ تُم بھی گواہ ہو اور خُدا بھی کہ تُم سے جو اِیمان لائے ہو ہم کَیسی پاکِیزگی اور راست بازی اور بے عَیبی کے ساتھ پیش آئے۔ چُنانچہ تُم جانتے ہو کہ جِس طرح باپ اپنے بچّوں کے ساتھ کرتا ہے اُسی طرح ہم بھی تُم میں سے ہر ایک کو نصِیحت کرتے اور دِلاسا دیتے اور سمجھاتے رہے۔ تاکہ تُمہارا چال چلن خُدا کے لائِق ہو جو تُمہیں اپنی بادشاہی اور جلال میں بُلاتا ہے۔ اِس واسطے ہم بھی بِلاناغہ خُدا کا شُکر کرتے ہیں کہ جب خُدا کا پَیغام ہماری معرفت تُمہارے پاس پُہنچا تو تُم نے اُسے آدمِیوں کا کلام سمجھ کر نہیں بلکہ (جَیسا حقِیقت میں ہے) خُدا کا کلام جان کر قبُول کِیا اور وہ تُم میں جو اِیمان لائے ہو تاثِیر بھی کر رہا ہے۔ اِس لِئے کہ تُم اَے بھائِیو! خُدا کی اُن کلِیسیاؤں کی مانِند بن گئے جو یہُودیہ میں مسِیح یِسُوعؔ میں ہیں کیونکہ تُم نے بھی اپنی قَوم والوں سے وُہی تکلِیفیں اُٹھائِیں جو اُنہوں نے یہُودِیوں سے۔ جِنہوں نے خُداوند یِسُوع کو اور نبِیوں کو بھی مار ڈالا اور ہم کو ستا ستا کر نِکال دِیا۔ وہ خُدا کو پسند نہیں آتے اور سب آدمِیوں کے مُخالِف ہیں۔ اور وہ ہمیں غَیر قَوموں کو اُن کی نجات کے لِئے کلام سُنانے سے منع کرتے ہیں تاکہ اُن کے گُناہوں کا پَیمانہ ہمیشہ بھرتا رہے لیکن اُن پر اِنتِہا کا غضب آ گیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں ۱-تِھسّلُنیکیوں 2