YouVersion Logo
تلاش

1 تھِسّلُنیِکیوں 1:2-16

1 تھِسّلُنیِکیوں 1:2-16 UCV

اَے بھائیوں اَور بہنوں! تُم جانتے ہو کہ ہمارا تمہارے پاس آنا بے فائدہ نہ ہُوا۔ تُم تو جانتے ہو کہ ہم نے فِلِپّی شہر میں بھی کافی تکلیف اُٹھائی اَور بے عزّتی کا سامنا کیا۔ لیکن ہمارے خُدا نے ہمیں یہ جُرأت بخشی کہ بڑی مُخالفت کے باوُجُود بھی ہم تُمہیں اُس کی طرف سے خُوشخبری سُنائیں۔ چنانچہ ہم جو کچھ بھی عرض کرتے ہیں اُس میں نہ تو کوئی غلطی یا ناپاک مقصد ہے اَور نہ ہی ہم تُمہیں فریب دینے کی کوشش میں ہیں۔ بَلکہ اِس کے برعکس، جَیسے خُدا نے ہمیں مقبُول کرکے خُوشخبری ہمارے سُپرد کی وَیسے ہی ہم بَیان کرتے ہیں؛ ہم آدمیوں کو نہیں بَلکہ خُدا کو خُوش کرنے کی کوشش میں ہیں، جو ہمارے دلوں کو آزمانے والا ہے۔ کیونکہ تُم جانتے ہو کہ ہم نے کلام میں کبھی بھی نہ تو خُوشامد کا سہارا لیا اَور نہ ہی وہ لالچ کا پردہ بنا، خُدا اِس بات کا گواہ ہے۔ ہم نہ تو آدمیوں سے اَور نہ ہی تُم سے اَور نہ کسی اَور سے اَپنی تَعریف چاہتے تھے، اگرچہ ہم خُداوؔند المسیؔح کے رسولوں کی حیثیت سے تُم پر اَپنا مالی بوجھ ڈال سکتے تھے۔ لیکن جِس طرح ایک ماں اَپنے بچّوں کو بَڑے نرمی سے پالتی ہے۔ اُسی طرح ہمارا بھی سلُوک تمہارے ساتھ بڑی نرمی والا تھا۔ اَور تمہاری دیکھ بھال کی۔ کیونکہ ہم تُمہیں اِتنا زِیادہ چاہنے لگے تھے، کہ نہ صِرف خُدا کی خُوشخبری بَلکہ ہم اَپنی جان تک بھی تُمہیں دینے کو راضی تھے۔ اَے بھائیوں اَور بہنوں! جَب ہم تمہارے درمیان رہ کر الٰہی خُوشخبری سُنا رہے تھے تو تُمہیں ہماری وہ محنت اَور مشقّت ضروُر یاد ہوگی جَب ہم روز رات دِن اَپنے ہاتھوں سے کام کرتے تھے تاکہ کسی پر بوجھ نہ بنیں۔ تُم بھی گواہ ہو اَور خُدا بھی گواہ ہے کہ ہم نے تُم سبھی مُومِنِین کے درمیان کیسی پاک، راستباز اَور بے عیب زندگی گُزاری۔ چنانچہ تُم جانتے ہو کہ جَیسا سلُوک ایک باپ اَپنے بچّوں کے ساتھ کرتا ہے وَیسا ہی ہم تمہارے ساتھ کرتے رہے، اَور تُم ہر ایک کو حوصلہ اَور تسکین دیتے اَور سمجھاتے رہو تاکہ تُمہارا چال چلن خُدا کے لائق ہو، جو تُمہیں اَپنے جلال اَور بادشاہی میں شریک ہونے کے لیٔے بُلاتا ہے۔ اِس لیٔے ہم ہمیشہ خُدا کا شُکر کرتے ہیں کہ جَب تُم نے ہماری زبانی خُدا کے پیغام کو سُنا تو اُسے آدمیوں کا کلام نہیں بَلکہ خُدا کا کلام سمجھ کر قبُول کیا، جَیسا کہ وہ حقیقت میں ہے، اَور وہ تُم میں جو ایمان لایٔے ہو، تاثیر بھی کر رہا ہے۔ اِس لیٔے اَے بھائیوں اَور بہنوں! تُم بھی خُدا کی اُن جماعتوں کی طرح بَن گیٔے ہو جو یہُودیؔہ میں خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ میں ہیں: کیونکہ تُم نے بھی اَپنی قوم والوں سے وُہی تکلیفیں اُٹھائیں جو اُنہُوں نے اَپنے ہم وطن یہُودیوں سے پائی تھیں، جنہوں نے خُداوؔند عیسیٰ اَور اُن نَبیوں کو بھی مار ڈالا اَور ہمیں بھی ستا کر در بدر کر دیا۔ اَور خُدا بھی اُن سے ناراض ہے اَور وہ سارے لوگوں کے دُشمن بنے ہویٔے ہیں۔ کیونکہ وہ ہمیں غَیریہُودیوں کو خُدا کا کلام سُنانے سے روکتے تھے تاکہ اُن میں کویٔی نَجات نہ پا سکے۔ اَور اَیسا کرکے وہ اَپنے گُناہوں کا پیمانہ ہمیشہ بھرتے رہے۔ لیکن آخرکار خُدا کا قہر اُن پر آ گیا ہے۔

پڑھیں 1 تھِسّلُنیِکیوں 2