1 تھِسّلُنیِکیوں 2
2
تھِسلُنِیکے میں پَولُسؔ کی خدمت
1اَے بھائیوں اَور بہنوں! تُم جانتے ہو کہ ہمارا تمہارے پاس آنا بے فائدہ نہ ہُوا۔ 2تُم تو جانتے ہو کہ ہم نے فِلِپّی شہر میں بھی کافی تکلیف اُٹھائی اَور بے عزّتی کا سامنا کیا۔ لیکن ہمارے خُدا نے ہمیں یہ جُرأت بخشی کہ بڑی مُخالفت کے باوُجُود بھی ہم تُمہیں اُس کی طرف سے خُوشخبری سُنائیں۔ 3چنانچہ ہم جو کچھ بھی عرض کرتے ہیں اُس میں نہ تو کوئی غلطی یا ناپاک مقصد ہے اَور نہ ہی ہم تُمہیں فریب دینے کی کوشش میں ہیں۔ 4بَلکہ اِس کے برعکس، جَیسے خُدا نے ہمیں مقبُول کرکے خُوشخبری ہمارے سُپرد کی وَیسے ہی ہم بَیان کرتے ہیں؛ ہم آدمیوں کو نہیں بَلکہ خُدا کو خُوش کرنے کی کوشش میں ہیں، جو ہمارے دلوں کو آزمانے والا ہے۔ 5کیونکہ تُم جانتے ہو کہ ہم نے کلام میں کبھی بھی نہ تو خُوشامد کا سہارا لیا اَور نہ ہی وہ لالچ کا پردہ بنا، خُدا اِس بات کا گواہ ہے۔ 6-7ہم نہ تو آدمیوں سے اَور نہ ہی تُم سے اَور نہ کسی اَور سے اَپنی تَعریف چاہتے تھے، اگرچہ ہم خُداوؔند المسیؔح کے رسولوں کی حیثیت سے تُم پر اَپنا مالی بوجھ ڈال سکتے تھے۔ لیکن جِس طرح ایک ماں اَپنے بچّوں کو بَڑے نرمی سے پالتی ہے۔
اُسی طرح ہمارا بھی سلُوک تمہارے ساتھ بڑی نرمی والا تھا۔ 8اَور تمہاری دیکھ بھال کی۔ کیونکہ ہم تُمہیں اِتنا زِیادہ چاہنے لگے تھے، کہ نہ صِرف خُدا کی خُوشخبری بَلکہ ہم اَپنی جان تک بھی تُمہیں دینے کو راضی تھے۔ 9اَے بھائیوں اَور بہنوں! جَب ہم تمہارے درمیان رہ کر الٰہی خُوشخبری سُنا رہے تھے تو تُمہیں ہماری وہ محنت اَور مشقّت ضروُر یاد ہوگی جَب ہم روز رات دِن اَپنے ہاتھوں سے کام کرتے تھے تاکہ کسی پر بوجھ نہ بنیں۔ 10تُم بھی گواہ ہو اَور خُدا بھی گواہ ہے کہ ہم نے تُم سبھی مُومِنِین کے درمیان کیسی پاک، راستباز اَور بے عیب زندگی گُزاری۔ 11چنانچہ تُم جانتے ہو کہ جَیسا سلُوک ایک باپ اَپنے بچّوں کے ساتھ کرتا ہے وَیسا ہی ہم تمہارے ساتھ کرتے رہے، 12اَور تُم ہر ایک کو حوصلہ اَور تسکین دیتے اَور سمجھاتے رہو تاکہ تُمہارا چال چلن خُدا کے لائق ہو، جو تُمہیں اَپنے جلال اَور بادشاہی میں شریک ہونے کے لیٔے بُلاتا ہے۔
13اِس لیٔے ہم ہمیشہ خُدا کا شُکر کرتے ہیں کہ جَب تُم نے ہماری زبانی خُدا کے پیغام کو سُنا تو اُسے آدمیوں کا کلام نہیں بَلکہ خُدا کا کلام سمجھ کر قبُول کیا، جَیسا کہ وہ حقیقت میں ہے، اَور وہ تُم میں جو ایمان لایٔے ہو، تاثیر بھی کر رہا ہے۔ 14اِس لیٔے اَے بھائیوں اَور بہنوں! تُم بھی خُدا کی اُن جماعتوں کی طرح بَن گیٔے ہو جو یہُودیؔہ میں خُداوؔند المسیؔح عیسیٰ میں ہیں: کیونکہ تُم نے بھی اَپنی قوم والوں سے وُہی تکلیفیں اُٹھائیں جو اُنہُوں نے اَپنے ہم وطن یہُودیوں سے پائی تھیں، 15جنہوں نے خُداوؔند عیسیٰ اَور اُن نَبیوں کو بھی مار ڈالا اَور ہمیں بھی ستا کر در بدر کر دیا۔ اَور خُدا بھی اُن سے ناراض ہے اَور وہ سارے لوگوں کے دُشمن بنے ہویٔے ہیں۔ 16کیونکہ وہ ہمیں غَیریہُودیوں کو خُدا کا کلام سُنانے سے روکتے تھے تاکہ اُن میں کویٔی نَجات نہ پا سکے۔ اَور اَیسا کرکے وہ اَپنے گُناہوں کا پیمانہ ہمیشہ بھرتے رہے۔ لیکن آخرکار خُدا کا قہر اُن پر آ گیا ہے۔
پَولُسؔ کی تھِسلُنِیکے کے مُومِنِین سے مِلنے کی تمنّا
17اَے بھائیوں اَور بہنوں! جَب ہم تھوڑے عرصہ کے لیٔے تُم سے جُدا ہویٔے تھے نہ کہ دل سے (جِسمانی نہ کہ رُوحانی طور پر) تو تُم سے دوبارہ مِلنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ 18اِس لیٔے ہم نے (خصوصاً مُجھ پَولُسؔ نے) تمہارے پاس آنے کی بار بار کوشش کی مگر شیطان نے ہمیں روکے رکھا۔ 19بھلا ہماری اُمّید، خُوشی اَور فخر کا تاج کون ہے؟ کیا ہمارے خُداوؔند عیسیٰ کی دُوسری آمد پر اُن کی حُضُوری میں تُم ہی نہ ہو گے۔ 20یقیناً ہمارا جلال اَور ہماری خُوشی تُم ہی ہو۔
موجودہ انتخاب:
1 تھِسّلُنیِکیوں 2: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.