۱-پطرس 7:4-19
۱-پطرس 7:4-19 کِتابِ مُقادّس (URD)
سب چِیزوں کا خاتِمہ جلد ہونے والا ہے۔ پس ہوشیار رہو اور دُعا کرنے کے لِئے تیّار۔ سب سے بڑھ کر یہ ہے کہ آپس میں بڑی مُحبّت رکھّو کیونکہ مُحبّت بُہت سے گُناہوں پر پردہ ڈال دیتی ہے۔ بغَیر بُڑبُڑائے آپس میں مُسافِر پروَری کرو۔ جِن کو جِس جِس قدر نِعمت مِلی ہے وہ اُسے خُدا کی مُختلِف نِعمتوں کے اچھّے مُختاروں کی طرح ایک دُوسرے کی خِدمت میں صرف کریں۔ اگر کوئی کُچھ کہے تو اَیسا کہے کہ گویا خُدا کا کلام ہے۔ اگر کوئی خِدمت کرے تو اُس طاقت کے مُطابِق کرے جو خُدا دے تاکہ سب باتوں میں یِسُوع مسِیح کے وسِیلہ سے خُدا کا جلال ظاہِر ہو۔ جلال اور سلطنت ابدُالآباد اُسی کی ہے۔ آمِین۔ اَے پِیارو! جو مُصِیبت کی آگ تُمہاری آزمایش کے لِئے تُم میں بھڑکی ہے یہ سمجھ کر اُس سے تعجُّب نہ کرو کہ یہ ایک انوکھی بات ہم پر واقِع ہُوئی ہے۔ بلکہ مسِیح کے دُکھوں میں جُوں جُوں شرِیک ہو خُوشی کرو تاکہ اُس کے جلال کے ظہُور کے وقت بھی نِہایت خُوش و خُرّم ہو۔ اگر مسِیح کے نام کے سبب سے تُمہیں ملامت کی جاتی ہے تو تُم مُبارک ہو کیونکہ جلال کا رُوح یعنی خُدا کا رُوح تُم پر سایہ کرتا ہے۔ تُم میں سے کوئی شخص خُونی یا چور یا بدکار یا اَوروں کے کام میں دست انداز ہو کر دُکھ نہ پائے۔ لیکن اگر مسِیحی ہونے کے باعِث کوئی شخص دُکھ پائے تو شرمائے نہیں بلکہ اِس نام کے سبب سے خُدا کی تمجِید کرے۔ کیونکہ وہ وقت آ پُہنچا ہے کہ خُدا کے گھر سے عدالت شرُوع ہو اور جب ہم ہی سے شرُوع ہو گی تو اُن کا کیا انجام ہو گا جو خُدا کی خُوشخبری کو نہیں مانتے؟ اور جب راست باز ہی مُشکِل سے نجات پائے گا تو بے دِین اور گُنہگار کا کیا ٹِھکانا؟ پس جو خُدا کی مرضی کے مُوافِق دُکھ پاتے ہیں وہ نیکی کر کے اپنی جانوں کو وفادار خالِق کے سپُرد کریں۔
۱-پطرس 7:4-19 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
دُنیا کے خاتِمہ کا وقت نَزدیک آ گیا ہے۔ اِس لیٔے ہوشیار رہو، اَور سرگرم ہوکر خُوب دعا کرو۔ سَب سے اہم بات یہ ہے کہ آپَس میں ایک دُوسرے سے گہری مَحَبّت رکھو، کیونکہ مَحَبّت بہت سے گُناہوں پر پردہ ڈال دیتی ہے۔ بغیر بُڑبُڑائے ایک دُوسرے کی مہمان نوازی میں لگے رہو۔ خُدا نے تُم میں سے ہر ایک کو الگ الگ رُوحانی نعمتیں عطا کی ہیں لہٰذا اُن مُختلف نِعمتوں کو وفادار مُختاروں کی مانند ایک دُوسرے کی خدمت کرنے میں اِستعمال کرو۔ اگر کویٔی کچھ بَیان کرے تو اِس طرح کرے گویا خُداوؔند کا کلام پیش کر رہا ہے۔ اگر کویٔی خدمت کرے تو وہ خُدا سے قُوّت پا کر اُسے اَنجام دے تاکہ سَب باتوں میں حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے وسیلہ سے خُدا کا جلال ظاہر ہو۔ خُدا کا جلال اَور اُن کی سلطنت ابدُالآباد تک ہوتی رہے۔ آمین۔ اَے عزیزوں! مُصیبت کی آگ جو تُم میں بھڑک اُٹھی ہے وہ تمہاری آزمائش کے لیٔے ہے۔ اِس کی وجہ سے تعجُّب نہ کرو کہ تمہارے ساتھ کویٔی عجِیب بات ہو رہی ہے۔ بَلکہ خُوشی مناؤ کی تُم المسیؔح کے دُکھوں میں شریک ہو رہے ہو۔ تاکہ جَب اُن کا جلال ظاہر ہو، تو تُم اَور بھی نہایت خُوش و خُرّم ہو سکو۔ اگر المسیؔح کے نام کے سبب سے تمہاری ملامت کی جاتی ہے تو تُم مُبارک ہو، کیونکہ جلال کا رُوح جو خُدا کا رُوح ہے تُم پر سایہ کیٔے ہویٔے ہے۔ لیکن اَیسا نہ ہو کہ تُم میں سے کویٔی شخص کسی کا قتل، چوری، بدکاری یا دُوسروں کے کام میں دخل دینے کی وجہ سے دُکھ اُٹھائے۔ لیکن اگر کوئی مَسیحی ہونے کی وجہ سے دُکھ اُٹھائے تو شرمندہ نہ ہو بَلکہ خُدا کی تمجید کرے کہ وہ مَسیحی کہلاتا ہے۔ کیونکہ وہ وقت آ پہنچا ہے کہ خُدا کے گھر سے ہی عدالت شروع ہو، اَور جَب اُس کی اِبتدا ہم ہی سے ہوگی تو اُن کا اَنجام کیا ہوگا جو خُدا کی خُوشخبری کو نہیں مانتے ہیں؟ اَور، ”اگر راستباز ہی مُشکِل سے نَجات پایٔےگا، تو پھر بے دین اَور گنہگار کا حَشر کیا ہوگا؟“ پس جو لوگ خُدا کی مرضی کے مُوافق دُکھ اَور تکلیف اُٹھاتے ہیں، وہ نیکی کرتے ہویٔے اَپنے آپ کو وفادار خالق کے ہاتھوں میں سُپرد کر دیں۔
۱-پطرس 7:4-19 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
تمام چیزوں کا خاتمہ قریب آ گیا ہے۔ چنانچہ دعا کرنے کے لئے چست اور ہوش مند رہیں۔ سب سے ضروری بات یہ ہے کہ آپ ایک دوسرے سے لگاتار محبت رکھیں، کیونکہ محبت گناہوں کی بڑی تعداد پر پردہ ڈال دیتی ہے۔ بڑبڑائے بغیر ایک دوسرے کی مہمان نوازی کریں۔ اللہ اپنا فضل مختلف نعمتوں سے ظاہر کرتا ہے۔ فضل کا یہ انتظام وفاداری سے چلاتے ہوئے ایک دوسرے کی خدمت کریں، ہر ایک اُس نعمت سے جو اُسے ملی ہے۔ اگر کوئی بولے تو اللہ کے سے الفاظ کے ساتھ بولے۔ اگر کوئی خدمت کرے تو اُس طاقت کے ذریعے جو اللہ اُسے مہیا کرتا ہے، کیونکہ اِس طرح ہی اللہ کو عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے جلال دیا جائے گا۔ ازل سے ابد تک جلال اور قدرت اُسی کی ہو! آمین۔ عزیزو، ایذا رسانی کی اُس آگ پر تعجب نہ کریں جو آپ کو آزمانے کے لئے آپ پر آن پڑی ہے۔ یہ مت سوچنا کہ میرے ساتھ کیسی غیرمعمولی بات ہو رہی ہے۔ بلکہ خوشی منائیں کہ آپ مسیح کے دُکھوں میں شریک ہو رہے ہیں۔ کیونکہ پھر آپ اُس وقت بھی خوشی منائیں گے جب مسیح کا جلال ظاہر ہو گا۔ اگر لوگ اِس لئے آپ کی بےعزتی کرتے ہیں کہ آپ مسیح کے پیروکار ہیں تو آپ مبارک ہیں۔ کیونکہ اِس کا مطلب ہے کہ اللہ کا جلالی روح آپ پر ٹھہرا ہوا ہے۔ اگر آپ میں سے کسی کو دُکھ اُٹھانا پڑے تو یہ اِس لئے نہیں ہونا چاہئے کہ آپ قاتل، چور، مجرم یا فسادی ہیں۔ لیکن اگر آپ کو مسیح کے پیروکار ہونے کی وجہ سے دُکھ اُٹھانا پڑے تو نہ شرمائیں بلکہ مسیح کے نام میں اللہ کی حمد و ثنا کریں۔ کیونکہ اب وقت آ گیا ہے کہ اللہ کی عدالت شروع ہو جائے، اور پہلے اُس کے گھر والوں کی عدالت کی جائے گی۔ اگر ایسا ہے تو پھر اِس کا انجام اُن کے لئے کیا ہو گا جو اللہ کی خوش خبری کے تابع نہیں ہیں؟ اور اگر راست باز مشکل سے بچیں گے تو پھر بےدین اور گناہ گار کا کیا ہو گا؟ چنانچہ جو اللہ کی مرضی سے دُکھ اُٹھا رہے ہیں وہ نیک کام کرنے سے باز نہ آئیں بلکہ اپنی جانوں کو اُسی کے حوالے کریں جو اُن کا وفادار خالق ہے۔