دُنیا کے خاتِمہ کا وقت نَزدیک آ گیا ہے۔ اِس لیٔے ہوشیار رہو، اَور سرگرم ہوکر خُوب دعا کرو۔ سَب سے اہم بات یہ ہے کہ آپَس میں ایک دُوسرے سے گہری مَحَبّت رکھو، کیونکہ مَحَبّت بہت سے گُناہوں پر پردہ ڈال دیتی ہے۔ بغیر بُڑبُڑائے ایک دُوسرے کی مہمان نوازی میں لگے رہو۔ خُدا نے تُم میں سے ہر ایک کو الگ الگ رُوحانی نعمتیں عطا کی ہیں لہٰذا اُن مُختلف نِعمتوں کو وفادار مُختاروں کی مانند ایک دُوسرے کی خدمت کرنے میں اِستعمال کرو۔ اگر کویٔی کچھ بَیان کرے تو اِس طرح کرے گویا خُداوؔند کا کلام پیش کر رہا ہے۔ اگر کویٔی خدمت کرے تو وہ خُدا سے قُوّت پا کر اُسے اَنجام دے تاکہ سَب باتوں میں حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے وسیلہ سے خُدا کا جلال ظاہر ہو۔ خُدا کا جلال اَور اُن کی سلطنت ابدُالآباد تک ہوتی رہے۔ آمین۔ اَے عزیزوں! مُصیبت کی آگ جو تُم میں بھڑک اُٹھی ہے وہ تمہاری آزمائش کے لیٔے ہے۔ اِس کی وجہ سے تعجُّب نہ کرو کہ تمہارے ساتھ کویٔی عجِیب بات ہو رہی ہے۔ بَلکہ خُوشی مناؤ کی تُم المسیؔح کے دُکھوں میں شریک ہو رہے ہو۔ تاکہ جَب اُن کا جلال ظاہر ہو، تو تُم اَور بھی نہایت خُوش و خُرّم ہو سکو۔ اگر المسیؔح کے نام کے سبب سے تمہاری ملامت کی جاتی ہے تو تُم مُبارک ہو، کیونکہ جلال کا رُوح جو خُدا کا رُوح ہے تُم پر سایہ کیٔے ہویٔے ہے۔ لیکن اَیسا نہ ہو کہ تُم میں سے کویٔی شخص کسی کا قتل، چوری، بدکاری یا دُوسروں کے کام میں دخل دینے کی وجہ سے دُکھ اُٹھائے۔ لیکن اگر کوئی مَسیحی ہونے کی وجہ سے دُکھ اُٹھائے تو شرمندہ نہ ہو بَلکہ خُدا کی تمجید کرے کہ وہ مَسیحی کہلاتا ہے۔ کیونکہ وہ وقت آ پہنچا ہے کہ خُدا کے گھر سے ہی عدالت شروع ہو، اَور جَب اُس کی اِبتدا ہم ہی سے ہوگی تو اُن کا اَنجام کیا ہوگا جو خُدا کی خُوشخبری کو نہیں مانتے ہیں؟ اَور، ”اگر راستباز ہی مُشکِل سے نَجات پایٔےگا، تو پھر بے دین اَور گنہگار کا حَشر کیا ہوگا؟“ پس جو لوگ خُدا کی مرضی کے مُوافق دُکھ اَور تکلیف اُٹھاتے ہیں، وہ نیکی کرتے ہویٔے اَپنے آپ کو وفادار خالق کے ہاتھوں میں سُپرد کر دیں۔
پڑھیں 1 پطرس 4
سنیں 1 پطرس 4
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: 1 پطرس 7:4-19
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos