۱-کُرِنتِھیوں 10:3-23
۱-کُرِنتِھیوں 10:3-23 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
خُدا کے فضل سے مَیں نے ایک ماہر مِعمار کی طرح بُنیاد رکھی ہے اَور کویٔی دُوسرا اُس پر عمارت کھڑی کر رہاہے۔ لیکن ہر ایک کو خبردار رہنا چاہیے کہ وہ کیسی عمارت اُٹھاتا ہے۔ یِسوعؔ المسیح وہ بُنیاد ہیں جو پہلے سے رکھی جا چُکی ہے۔ اَب کویٔی شخص دُوسری بُنیاد نہیں رکھ سَکتا۔ اگر کویٔی اِس بُنیاد پر عمارت اُٹھاتے وقت سونے، چاندی، قیمتی پتھّروں، لکڑی، گھاس پھُوس یا بھُوسے کو اِستعمال میں لایٔے، تو اِنصاف کے دِن اُس کا کام صَاف ظاہر ہو جائے گا۔ کیونکہ وہ دِن آگ کے ساتھ آئے گا، اَور آگ اَپنے آپ ہر ایک کا کام آزما لے گی کہ کیسا ہے۔ اِس بُنیاد پر جِس کسی بنانے والے کا کام آگ سے سلامت رہے گا وہ اجر پایٔےگا اَور جِس کا کام جَل جائے گا وہ نُقصان تو اُٹھائے گا مگر وہ خُود بچ نکلے گا، پھر بھی وہ جلتے جلتے بھی بچ جائے گا وَیسا ہوگا۔ کیا تُم نہیں جانتے کہ تُم خُدا کا مَقدِس ہو اَور خُدا کا پاک رُوح تُم میں بسا ہُواہے؟ اگر کویٔی خُدا کے مَقدِس کو برباد کرے تو خُدا اُسے برباد کر دے گا۔ کیونکہ خُدا کا مَقدِس پاک ہے اَور وہ مَقدِس تُم ہو۔ اَپنے آپ کو فریب مت دو۔ اگر تُم میں سے کویٔی اَپنے آپ کو اِس جہان میں حکیِم سمجھتا ہے تو وہ احمق بنے تاکہ سچ مُچ حکیِم بَن سکے۔ کیونکہ دُنیا جسے حِکمت سمجھتی ہے وہ خُدا کی نظر میں حماقت ہے۔ چنانچہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”وہ داناؤں کو اُن ہی کی چالاکی میں پھنسا دیتاہے“؛ اَور یہ بھی کہ، ”خُداوؔند جانتا ہے کہ داناؤں کے خیالات باطِل ہوتے ہیں۔“ لہٰذا کسی کو کسی اِنسان پر فخر نہیں کرنا چاہیے کیونکہ سَب کچھ تمہارا ہے، چاہے وہ پَولُسؔ ہو، اپُلّوسؔ ہو، کیفؔا ہو، دُنیا ہو، زندگی ہو، موت ہو، حال ہو یا مُستقبِل ہو، سَب کچھ تمہارا ہے، تُم المسیح کے ہو، اَور المسیح خُدا کے ہیں۔
۱-کُرِنتِھیوں 10:3-23 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اللہ کے اُس فضل کے مطابق جو مجھے بخشا گیا مَیں نے ایک دانش مند ٹھیکے دار کی طرح بنیاد رکھی۔ اِس کے بعد کوئی اَور اُس پر عمارت تعمیر کر رہا ہے۔ لیکن ہر ایک دھیان رکھے کہ وہ بنیاد پر عمارت کس طرح بنا رہا ہے۔ کیونکہ بنیاد رکھی جا چکی ہے اور وہ ہے عیسیٰ مسیح۔ اِس کے علاوہ کوئی بھی مزید کوئی بنیاد نہیں رکھ سکتا۔ جو بھی اِس بنیاد پرکچھ تعمیر کرے وہ مختلف مواد تو استعمال کر سکتا ہے، مثلاً سونا، چاندی، قیمتی پتھر، لکڑی، سوکھی گھاس یا بھوسا، لیکن آخر میں ہر ایک کا کام ظاہر ہو جائے گا۔ قیامت کے دن کچھ پوشیدہ نہیں رہے گا بلکہ آگ سب کچھ ظاہر کر دے گی۔ وہ ثابت کر دے گی کہ ہر کسی نے کیسا کام کیا ہے۔ اگر اُس کا تعمیری کام نہ جلا جو اُس نے اِس بنیاد پر کیا تو اُسے اجر ملے گا۔ اگر اُس کا کام جل گیا تو اُسے نقصان پہنچے گا۔ خود تو وہ بچ جائے گا مگر جلتے جلتے۔ کیا آپ کو معلوم نہیں کہ آپ اللہ کا گھر ہیں، اور آپ میں اللہ کا روح سکونت کرتا ہے؟ اگر کوئی اللہ کے گھر کو تباہ کرے تو اللہ اُسے تباہ کرے گا، کیونکہ اللہ کا گھر مخصوص و مُقدّس ہے اور یہ گھر آپ ہی ہیں۔ کوئی اپنے آپ کو فریب نہ دے۔ اگر آپ میں سے کوئی سمجھے کہ وہ اِس دنیا کی نظر میں دانش مند ہے تو پھر ضروری ہے کہ وہ بےوقوف بنے تاکہ واقعی دانش مند ہو جائے۔ کیونکہ اِس دنیا کی حکمت اللہ کی نظر میں بےوقوفی ہے۔ چنانچہ مُقدّس نوشتوں میں لکھا ہے، ”وہ دانش مندوں کو اُن کی اپنی چالاکی کے پھندے میں پھنسا دیتا ہے۔“ یہ بھی لکھا ہے، ”رب دانش مندوں کے خیالات کو جانتا ہے کہ وہ باطل ہیں۔“ غرض کوئی کسی انسان کے بارے میں شیخی نہ مارے۔ سب کچھ تو آپ کا ہے۔ پولس، اپلّوس، کیفا، دنیا، زندگی، موت، موجودہ جہان کے اور مستقبل کے امور سب کچھ آپ کا ہے۔ لیکن آپ مسیح کے ہیں اور مسیح اللہ کا ہے۔
۱-کُرِنتِھیوں 10:3-23 کِتابِ مُقادّس (URD)
مَیں نے اُس تَوفِیق کے مُوافِق جو خُدا نے مُجھے بخشی دانا مِعمار کی طرح نیو رکھّی اور دُوسرا اُس پر عِمارت اُٹھاتا ہے۔ پس ہر ایک خبردار رہے کہ وہ کَیسی عِمارت اُٹھاتا ہے۔ کیونکہ سِوا اُس نیو کے جو پڑی ہُوئی ہے اور وہ یِسُوعؔ مسِیح ہے کوئی شخص دُوسری نہیں رکھ سکتا۔ اور اگر کوئی اُس نیو پر سونا یا چاندی یا بیش قِیمت پتّھروں یا لکڑی یا گھاس یا بُھوسے کا ردا رکھّے۔ تو اُس کا کام ظاہِر ہو جائے گا کیونکہ جو دِن آگ کے ساتھ ظاہِر ہو گا وہ اُس کام کو بتا دے گا اور وہ آگ خُود ہر ایک کا کام آزما لے گی کہ کَیسا ہے۔ جِس کا کام اُس پر بنا ہُؤا باقی رہے گا وہ اَجر پائے گا۔ اور جِس کا کام جَل جائے گا وہ نُقصان اُٹھائے گا لیکن خُود بچ جائے گا مگر جَلتے جَلتے۔ کیا تُم نہیں جانتے کہ تُم خُدا کا مَقدِس ہو اَور خُدا کا رُوح تُم میں بسا ہُؤا ہے؟ اگر کوئی خُدا کے مَقدِس کو برباد کرے گا تو خُدا اُس کو برباد کرے گا کیونکہ خُدا کا مَقدِس پاک ہے اور وہ تُم ہو۔ کوئی اپنے آپ کو فریب نہ دے۔ اگر کوئی تُم میں اپنے آپ کو اِس جہان میں حکِیم سمجھے تو بیوُقُوف بنے تاکہ حکِیم ہو جائے۔ کیونکہ دُنیا کی حِکمت خُدا کے نزدِیک بیوُقُوفی ہے۔ چُنانچہ لِکھا ہے کہ وہ حکِیموں کو اُن ہی کی چالاکی میں پھنسا دیتا ہے۔ اور یہ بھی کہ خُداوند حکِیموں کے خیالوں کو جانتا ہے کہ باطِل ہیں۔ پس آدمِیوں پر کوئی فخر نہ کرے کیونکہ سب چِیزیں تُمہاری ہیں۔ خواہ پَولُس ہو خواہ اپُلّوؔس۔ خواہ کیفا خواہ دُنیا۔ خواہ زِندگی خواہ مَوت۔ خواہ حال کی چِیزیں خواہ اِستِقبال کی۔ سب تُمہاری ہیں اور تُم مسِیح کے ہو اور مسِیح خُدا کا ہے۔