YouVersion Logo
تلاش

1 کُرِنتھِیوں 3

3
خُدا کے خادِم
1اَے بھائیو اَور بہنوں! میں تُم سے اِس طرح باتیں نہ کر سَکا جِس طرح رُوحانی لوگوں سے کی جاتی ہیں بَلکہ میں نے تُم سے اِس طرح باتیں کیں گویا تُم جِسمانی ہو اَور ابھی المسیؔح میں بچّے ہو۔ 2میں نے تُمہیں دُودھ پِلایا، کھانا نہیں کھِلایا، کیونکہ تُم اُسے ہضم کرنے کے قابِل نہ تھے بَلکہ اَب بھی اِس قابِل نہیں ہو۔ 3تُم ابھی تک دُنیاداروں کی طرح زندگی بسر کر رہے ہو کیونکہ تُم حَسد کرتے ہو اَور آپَس میں جھگڑتے ہو۔ کیاتُم دُنیادار نہیں؟ کیاتُم دُنیوی طریق پر نہیں چل رہے ہو؟ 4کیونکہ جَب تُم میں سے ایک کہتاہے، ”میں پَولُسؔ کا پیروکار ہُوں“ اَور دُوسرا کہتاہے، ”میں اپُلّوسؔ کا ہُوں،“ تو کیاتُم عام اِنسانوں کی طرح نہ ہویٔے؟
5آخِر اپُلّوسؔ کیا ہے؟ اَور پَولُسؔ کیا ہے؟ یہ محض خادِم ہیں جِن کے ذریعہ تُم ایمان لایٔے ہو۔ خُداوؔند نے ہر ایک کو اُس کی لیاقت کے مُطابق کویٔی نہ کویٔی کام عطا کیا ہے۔ 6میں نے بیج بویا، اپُلّوسؔ نے پَودے کو پانی سے سیِنچا۔ مگر یہ خُدا ہی ہے جِس نے اُسے بڑھایا۔ 7اِس لیٔے نہ لگانے والا کچھ ہے نہ سینچنے والا۔ مگر خُدا ہی سَب کچھ ہے، جو اُسے بڑھانے والا ہے۔ 8لگانے والا اَور سینچنے والا دونوں ایک ہی مقصد رکھتے ہیں اَور ہر ایک اَپنی محنت کے مُوافق اجر پایٔےگا۔ 9کیونکہ ہم خُدا کے ساتھ کام کرنے والے ہم خدمت ہیں۔ تُم خُدا کی کھیتی ہو، تُم خُدا کی عمارت ہو۔
10خُدا کے فضل سے میں نے ایک ماہر مِعمار کی طرح بُنیاد رکھی ہے اَور کویٔی دُوسرا اُس پر عمارت کھڑی کر رہا ہے۔ لیکن ہر ایک کو خبردار رہنا چاہیے کہ وہ کیسی عمارت اُٹھاتا ہے۔ 11حُضُور عیسیٰ المسیؔح وہ بُنیاد ہیں جو پہلے سے رکھی جا چُکی ہے۔ اَب کویٔی شخص دُوسری بُنیاد نہیں رکھ سَکتا۔ 12اگر کویٔی اِس بُنیاد پر عمارت اُٹھاتے وقت سونے، چاندی، قیمتی پتھّروں، لکڑی، گھاس پھُوس یا بھُوسے کو اِستعمال میں لایٔے، 13تو اِنصاف کے دِن اُس کا کام صَاف ظاہر ہو جائے گا۔ کیونکہ وہ دِن آگ کے ساتھ آئے گا، اَور آگ اَپنے آپ ہر ایک کا کام آزما لے گی کہ کَیسا ہے۔ 14اِس بُنیاد پر جِس کسی بنانے والے کا کام آگ سے سلامت رہے گا وہ اجر پایٔےگا 15اَور جِس کا کام جَل جائے گا وہ نُقصان تو اُٹھائے گا مگر وہ خُود بچ نکلے گا، پھر بھی وہ جلتے جلتے بھی بچ جائے گا وَیسا ہوگا۔
16کیاتُم نہیں جانتے کہ تُم خُدا کا مَقدِس ہو اَور خُدا کا پاک رُوح تُم میں بسا ہُواہے؟ 17اگر کویٔی خُدا کے مَقدِس کو برباد کرے تو خُدا اُسے برباد کر دے گا۔ کیونکہ خُدا کا مَقدِس پاک ہے اَور وہ مَقدِس تُم ہو۔
18اَپنے آپ کو فریب مت دو۔ اگر تُم میں سے کویٔی اَپنے آپ کو اِس جہان میں حکیِم سمجھتا ہے تو وہ بے وقُوف بنے تاکہ سچ مُچ حکیِم بَن سکے۔ 19کیونکہ دُنیا جسے حِکمت سمجھتی ہے وہ خُدا کی نظر میں حِماقت ہے۔ چنانچہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”وہ داناؤں کو اُن ہی کی چالاکی میں پھنسا دیتاہے،“#3‏:19 ایُّو 5‏:13‏ 20اَور یہ بھی کہ، ”خُداوؔند جانتا ہے کہ داناؤں کے خیالات باطِل ہوتے ہیں۔“#3‏:20 زبُور 94‏:11‏ 21لہٰذا کسی کو کسی اِنسان پر فخر نہیں کرنا چاہیے کیونکہ سَب کچھ تمہارا ہے، 22چاہے وہ پَولُسؔ ہو، اپُلّوسؔ ہو، کیفؔا ہو،#3‏:22 کیفؔا ہو، یعنی یہی پطرس ہیں۔‏ دُنیا ہو، زندگی ہو، موت ہو، حال ہو یا مُستقبِل ہو، سَب کچھ تمہارا ہے، 23تُم المسیؔح کے ہو، اَور المسیؔح خُدا کے ہیں۔

موجودہ انتخاب:

1 کُرِنتھِیوں 3: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in