1 کُرِنتھِیوں 10:3-23

1 کُرِنتھِیوں 10:3-23 UCV

خُدا کے فضل سے مَیں نے ایک ماہر مِعمار کی طرح بُنیاد رکھی ہے اَور کویٔی دُوسرا اُس پر عمارت کھڑی کر رہاہے۔ لیکن ہر ایک کو خبردار رہنا چاہیے کہ وہ کیسی عمارت اُٹھاتا ہے۔ یِسوعؔ المسیح وہ بُنیاد ہیں جو پہلے سے رکھی جا چُکی ہے۔ اَب کویٔی شخص دُوسری بُنیاد نہیں رکھ سَکتا۔ اگر کویٔی اِس بُنیاد پر عمارت اُٹھاتے وقت سونے، چاندی، قیمتی پتھّروں، لکڑی، گھاس پھُوس یا بھُوسے کو اِستعمال میں لایٔے، تو اِنصاف کے دِن اُس کا کام صَاف ظاہر ہو جائے گا۔ کیونکہ وہ دِن آگ کے ساتھ آئے گا، اَور آگ اَپنے آپ ہر ایک کا کام آزما لے گی کہ کیسا ہے۔ اِس بُنیاد پر جِس کسی بنانے والے کا کام آگ سے سلامت رہے گا وہ اجر پایٔےگا اَور جِس کا کام جَل جائے گا وہ نُقصان تو اُٹھائے گا مگر وہ خُود بچ نکلے گا، پھر بھی وہ جلتے جلتے بھی بچ جائے گا وَیسا ہوگا۔ کیا تُم نہیں جانتے کہ تُم خُدا کا مَقدِس ہو اَور خُدا کا پاک رُوح تُم میں بسا ہُواہے؟ اگر کویٔی خُدا کے مَقدِس کو برباد کرے تو خُدا اُسے برباد کر دے گا۔ کیونکہ خُدا کا مَقدِس پاک ہے اَور وہ مَقدِس تُم ہو۔ اَپنے آپ کو فریب مت دو۔ اگر تُم میں سے کویٔی اَپنے آپ کو اِس جہان میں حکیِم سمجھتا ہے تو وہ احمق بنے تاکہ سچ مُچ حکیِم بَن سکے۔ کیونکہ دُنیا جسے حِکمت سمجھتی ہے وہ خُدا کی نظر میں حماقت ہے۔ چنانچہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”وہ داناؤں کو اُن ہی کی چالاکی میں پھنسا دیتاہے“؛ اَور یہ بھی کہ، ”خُداوؔند جانتا ہے کہ داناؤں کے خیالات باطِل ہوتے ہیں۔“ لہٰذا کسی کو کسی اِنسان پر فخر نہیں کرنا چاہیے کیونکہ سَب کچھ تمہارا ہے، چاہے وہ پَولُسؔ ہو، اپُلّوسؔ ہو، کیفؔا ہو، دُنیا ہو، زندگی ہو، موت ہو، حال ہو یا مُستقبِل ہو، سَب کچھ تمہارا ہے، تُم المسیح کے ہو، اَور المسیح خُدا کے ہیں۔