YouVersion Logo
تلاش

اعمال 3

3
پطرس نے ایک مفلُوج فقیر کو شفا بخشی
1ایک دِن پطرس اَور یُوحنّؔا دعا کے وقت جَب کہ تین بج چُکے تھے، بیت المُقدّس کو جا رہے تھے۔ 2اَور لوگ ایک آدمی کو جو پیدائشی لنگڑا تھا بیت المُقدّس کے خُوبصورت نامی ایک دروازے پر چھوڑ جاتے تھے، جہاں وہ بیت المُقدّس کے صحنوں میں ہر روز اَندر جانے وَالوں سے بھیک مانگا کرتاتھا۔ 3جَب اُس نے پطرس اَور یُوحنّؔا کو بیت المُقدّس میں داخل ہوتے دیکھا، تو اُن بڑی حسرت سے بھیک مانگنے لگا۔ 4پطرس اَور یُوحنّؔا نے اُس کی طرف مُتوجّہ ہوکر اُس سے فرمایا، ”ہماری طرف دیکھ!“ 5وہ اِس اُمّید پر کہ اُسے اُن سے کچھ ملے گا، اُن کی طرف مُتوجّہ ہُوا۔
6تَب پطرس نے فرمایا، ”چاندی سونا تو میرے پاس ہے نہیں، لیکن جو میرے پاس ہے میں تُجھے دئیے دیتا ہُوں۔ تو حُضُور عیسیٰ المسیؔح ناصری کے نام سے اُٹھ اَور چل پھر۔“ 7پطرس نے جَیسے ہی اُس کا دایاں ہاتھ پکڑکر، اُسے اُٹھایا، اُس کے پاؤں اَور ٹخنوں میں قُوّت آ گئی 8وہ اُچھل کر کھڑا ہو گیا اَور چلنے پھرنے لگا۔ پھر وہ کُودتا پھاندتا، اَور خُدا کی تَعریف کرتا ہُوا، اُن کے ساتھ بیت المُقدّس کے صحنوں میں داخل ہو گیا۔ 9اَور سَب لوگوں نے جو وہاں مَوجُود تھے اُسے چلتے پھرتے اَور خُدا کی حَمد کرتے دیکھ کر، 10اُنہُوں نے اُسے پہچان لیا کہ یہ تو وُہی ہے جو بیت المُقدّس کے خُوبصورت نامی دروازے پر بیَٹھا بھیک مانگا کرتاتھا، اُس کے ساتھ پیش آئے اِس واقعہ کو دیکھ کر بڑی ہی حیرت میں پڑ گیٔے۔
پطرس کا ناظِرین سے خِطاب
11ابھی وہ آدمی پطرس اَور یُوحنّؔا کو پکڑے کھڑا تھا، تو سَب لوگ جو وہاں کھڑے تھے نہایت ہی حیران ہوکر اُن کے پاس سُلیمانی برآمدے میں دَوڑے چلے آئے۔ 12پطرس نے یہ دیکھا تو وہ لوگوں سے یُوں مُخاطِب ہویٔے: ”اَے اِسرائیلیو، تُم اِس بات پر حیران کیوں ہو؟ اَور ہمیں اَیسے کیوں دیکھ رہے ہو گویا ہم نے اَپنی قُدرت اَور پارسائی سے اِس لنگڑے کو چلنے پھرنے کے قابِل بنا دیا ہے؟ 13میں حضرت اِبراہیمؔ، اِضحاقؔ اَور یعقوب کا، خُدا ہُوں یعنی ہمارے آباؤاَجداد کے، خُدا نے اَپنے خادِم حُضُور عیسیٰ کو جلال بَخشا۔ لیکن تُم نے اُنہیں پکڑوا دیا اَور پِیلاطُسؔ کی حُضُوری میں مَردُود ٹھہرایا، حالانکہ پِیلاطُسؔ اُنہیں چھوڑدینے کا اِرادہ کر چُکاتھا۔ 14تُم نے حُضُور عیسیٰ قُدُّوس اَور راستباز کو ردّ کرکے پِیلاطُسؔ سے درخواست کی کہ وہ ایک قاتل کو تمہاری خاطِر رہا کر دے۔ 15تُم نے تو زندگی کے دینے والے کو قتل کر ڈالا، لیکن ہم گواہ ہیں کہ خُدا نے حُضُور عیسیٰ المسیؔح کو مُردوں میں سے زندہ کر دیا۔ 16حُضُور عیسیٰ کے نام کی قُدرت نے، اِس شخص کو مضبُوط کیا۔ جسے تُم دیکھتے اَور جانتے ہو، حُضُور عیسیٰ کے نام نے اُس ایمان کے وسیلہ اِس کو کامِل شفا بخشی، جسے تُم سَب دیکھتے ہو۔
17”اَب، اَے بھائیو، میں جانتا ہُوں کہ تُم نے یہ کام نادانی کی وجہ سے کیا تھا، جَیسا تمہارے رہنماؤں نے بھی۔ 18مگر خُدا نے اُن ساری باتوں کو جو اُس نے اَپنے نَبیوں کی زبانی، کہی تھیں کہ خُدا کا المسیؔح دُکھ اُٹھائے گا کو پُورا کر دکھایا۔ 19پس تَوبہ کرو، اَور خُدا کی طرف رُجُوع کرو، تاکہ وہ تمہارے گُناہوں کو مٹا دے، اَور خُدا کی طرف سے تمہارے لیٔے رُوحانی تازگی کے دِن آئیں۔ 20اَور وہ خُداوؔند المسیؔح یعنی عیسیٰ کو جسے خُداوؔند نے مُقرّر کیا ہے، تمہارے لیٔے بھیجے، 21لیکن جَب تک وہ ساری چیزیں جِن کا ذِکر خُدا نے قدیم زمانوں میں اَپنے پاک نَبیوں کی زبانی کیا ہے، بحال نہ کر دی جایٔیں، حُضُور عیسیٰ کا آسمان پر رہنا لازِم ہے۔ 22حضرت مُوسیٰ نے بھی اِسی سِلسلہ میں فرمایا، ’خُداوؔند تمہارا خُدا تمہارے اَپنے بھائیوں میں سے تمہارے لیٔے میری مانِند ایک نبی پیدا کرے گا؛ اَور تُم اُس کی ہر بات پر کان لگانا۔ 23جو کویٔی اُس کی بات نہ سُنے گا وہ خُدا کے لوگوں میں سے نکال کر ہلاک کر دیا جائے گا۔‘#3‏:23 اِست 18‏:15‏،18‏،19‏‏
24”بَلکہ، حضرت سمُوئیل سے لے کر، پِچھلے تمام نَبیوں نے، اِن باتوں کے بارے میں خبر دی ہے۔ 25تُم نَبیوں کی اَولاد ہو اَورجو عہد خُدا نے ہمارے آباؤاَجداد سے باندھا تھا اُس میں تُم سَب شریک ہو۔ خُدا نے حضرت اِبراہیمؔ سے فرمایا، ’میں تیری اَولاد کے ذریعہ زمین کی تمام غَیریہُودیوں کو برکت دُوں گا۔‘#3‏:25 پیدا 22‏:18‏؛ 26‏:4‏‏ 26خُدا نے اَپنے خادِم کو، چُن کر پہلے تمہارے پاس بھیجا تاکہ تُمہیں یہ برکت حاصل ہو کہ تُم میں سے ہر ایک اَپنی بدکاریوں سے باز آئے۔“

موجودہ انتخاب:

اعمال 3: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in