YouVersion Logo
تلاش

زبُور 119

119
زبُور 119
א الف
1مُبارک ہیں وہ جو بے اِلزام ہیں،
اَورجو یَاہوِہ کے آئین کے مُطابق چلتے ہیں۔
2مُبارک ہیں وہ جو یَاہوِہ کی شہادتوں پر عَمل کرتے ہیں
اَور اَپنے پُورے دِل سے اُس کے طالب ہیں۔
3وہ کویٔی غلط کام نہیں کرتے؛
اَور یَاہوِہ کی راہوں پر چلتے ہیں۔
4اَے یَاہوِہ، آپ نے فرمان جاری کر دیا ہے،
کہ آپ کے قوانین پُوری طرح مانے جایٔیں،
5کاش کہ آپ کے قوانین کی اِطاعت کے لیٔے
میری روِشیں اُستوار ہو جایٔیں!
6جَب مَیں آپ کے سَب اَحکام کا لحاظ رکھوں گا
تو میں شرمندہ نہ ہوں گا۔
7جَب مَیں آپ کی صداقت کی شَریعت سیکھ لُوں گا،
تو سچّے دِل سے آپ کی سِتائش کروں گا۔
8مَیں آپ کے قوانین پر عَمل کروں گا؛
مُجھے بالکُل ہی ترک نہ کردینا۔
ב ب
9جَوان اَپنی روِش کس طرح پاک رکھے؟
آپ کے کلام کے مُطابق زندگی گُزارنے سے۔
10میں پُورے دِل سے آپ کی جُستُجو میں لگا ہُوا ہُوں؛
تاکہ آپ مُجھے اَپنے اَحکام سے بھٹکنے نہ دیں۔
11مَیں نے آپ کا کلام اَپنے دِل میں محفوظ کر لیا ہے،
تاکہ مَیں آپ کے خِلاف گُناہ نہ کروں۔
12اَے یَاہوِہ، آپ کی سِتائش ہو؛
مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔
13آپ کے مُنہ سے نِکلا ہُوا تمام آئین کا بَیان،
میرے لبوں پر رہتاہے۔
14مُجھے آپ کی شہادتوں کو بجا لانے سے وَیسی ہی مسرّت حاصل ہوتی ہے،
جِتنا کہ ہر طرح کی دولت سے ہوتی ہے۔
15مَیں آپ کے قوانین پر غور کرتا ہُوں،
اَور آپ کی بَیان کَردہ راہوں کو نگاہ میں رکھتا ہُوں۔
16آپ کے قوانین میرے لیٔے خُوشی کا باعث ہیں،
مَیں آپ کے کلام کو فراموش نہ کروں گا۔
ג ج
17اَپنے خادِم پر اِحسَان کریں تاکہ میں جیتا رہُوں؛
اَور آپ کے کلام پر عَمل کرتا رہُوں۔
18آپ میری آنکھیں کھول دیں
تاکہ مَیں آپ کے آئین کے حیرت اَنگیز حَقائِق دیکھ سکوں۔
19میں زمین پر صِرف ایک مُسافر ہُوں؛
اَپنے اَحکام مُجھ سے پوشیدہ نہ رکھیں۔
20ہر وقت آپ کے آئین کے اشتیاق میں
میری رُوح تڑپتی رہتی ہے۔
21آپ اُن کو ڈانٹتے ہیں جو مغروُر، اَور ملعُون ہیں،
اَورجو آپ کے اَحکام سے گُمراہ ہو جاتے ہیں۔
22ملامت اَور ذِلّت کو مُجھ سے دُور کر دیں،
کیونکہ مَیں آپ کی شہادتوں پر عَمل کرتا ہُوں۔
23حُکمراں اِکٹھّے بیٹھ کر میرے خِلاف باتیں کرتے ہیں،
تو بھی آپ کا خادِم آپ کے قوانین پر توجّہ کرتا رہے گا۔
24آپ کی شہادتیں میرے لیٔے باعثِ مسرّت ہیں؛
وہ میرے مُشیر ہیں۔
ד د
25میں خاک کے سُپرد کر دیا گیا ہُوں؛
آپ اَپنے کلام کے مُطابق میری زندگی کا تحفُّظ کریں۔
26مَیں نے اَپنی روِشیں بَیان کیں اَور آپ نے مُجھے جَواب دیا؛
مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔
27اَپنے قوانین کے اُصُول میرے ذہن نشین کر دیں؛
تَب مَیں آپ کے عجائب پر غور کروں گا۔
28غم کے مارے میری جان خستہ حال ہے؛
اَپنے کلام کے مُطابق مُجھے تقویّت بخشیں۔
29جھُوٹ کی راہوں سے مُجھے دُور رکھیں؛
اَپنے آئین کے ذریعہ مُجھ پر مہربانی فرمائیں۔
30مَیں نے راستی کی راہ اِختیار کرلی ہے؛
اَور اَپنا دِل آپ کے آئین کے اَحکام پر لگائے رکھا ہے۔
31اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی شہادتوں سے لپٹا ہُوا ہُوں؛
مُجھے شرمندہ نہ ہونے دیں۔
32مَیں آپ کے اَحکام کی راہ میں دَوڑتا ہُوں،
کیونکہ آپ نے میری سمجھ میں کشادگی عطا فرمائی ہے۔
ה ہ
33اَے یَاہوِہ، مُجھے اَپنے قوانین پر چلنا سکھائیں؛
تَب میں آخِر تک اُن پر عَمل کرتا رہُوں گا۔
34مُجھے فہم عطا کریں اَور مَیں آپ کے آئین پر عَمل کروں گا
اَور اَپنے پُورے دِل سے اُس پر چلُوں گا۔
35مُجھے اَپنے اَحکام کی راہ پر چلائیں،
کیونکہ اُس میں میری خُوشنودی ہے۔
36میرے دِل کو اَپنے شہادتوں کی طرف پھیر دیں؛
نہ کہ خُود غرضی کی طرف۔
37میری آنکھوں کو بیکار چیزوں کی طرف سے پھیر دیں؛#119‏:37 بُت یا جھوٹے معبُود
اَپنے کلام کے مُطابق میری زندگی کی راہوں کا تحفُّظ کریں۔
38اَپنے خادِم کے ساتھ اَپنا وعدہ پُورا کریں،
تاکہ لوگ آپ کا خوف مانتے رہیں۔
39جِس ملامت کا مُجھے خوف ہے اُسے دُور کر دیں،
کیونکہ آپ کے آئین بھلی ہے۔
40دیکھو مَیں آپ کے قوانین کا کس قدر مُشتاق ہُوں!
اَپنی راستبازی سے میری زندگی کا تحفُّظ کریں۔
ו و
41اَے یَاہوِہ، آپ کی لافانی مَحَبّت اَور آپ کی نَجات،
آپ کے وعدہ کے مُطابق مُجھے بھی نصیب ہو؛
42تَب میں اُسے جو مُجھ پر طَعنہ زنی کرتا ہے، جَواب دے سکوں گا،
کیونکہ میرا توکّل آپ کے کلام پر ہے۔
43میرے مُنہ سے حق بات کو کبھی جُدا نہ ہونے دیں،
کیونکہ مَیں نے آپ کے آئین پر اُمّید لگا رکھی ہے۔
44میں ابدُالآباد،
آپ کے آئین پر عَمل کرتا رہُوں گا۔
45میں آزادی سے چلُوں گا،
کیونکہ مَیں آپ کے قوانین کا طالب رہا ہُوں۔
46میں بادشاہوں کے سامنے آپ کی شہادتیں بَیان کروں گا
اَور شرمندہ نہ ہوں گا،
47مَیں آپ کے اَحکام سے مسرّت حاصل کروں گا
کیونکہ وہ مُجھے عزیز ہیں۔
48میں اَپنے ہاتھ آپ کے اَحکام کی طرف اُٹھاتا ہُوں، وہ مُجھے عزیز ہیں۔
اَور مَیں آپ کے آئین پر دھیان کروں گا۔
ז ز
49جو کلام آپ نے اَپنے خادِم سے کیا اُسے یاد کریں،
کیونکہ آپ نے مُجھے اُمّید دِلائی ہے۔
50میری مُصیبت میں میری تسلّی یہی ہے:
آپ کا وعدہ میری زندگی کا تحفُّظ کرتا ہے۔
51مغروُر بے دھڑک میرا مضحکہ اُڑاتے ہیں،
لیکن مَیں آپ کے آئین سے کنارہ نہیں کرتا۔
52اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی قدیم شَریعت کو یاد کرتا ہُوں،
مُجھے اُن سے بڑی تسلّی ملتی ہے۔
53جِن بدکار لوگوں نے آپ کے آئین کو ترک کر دیا،
اُن کے سبب سے میں سخت طیش میں آ گیا ہُوں۔
54جہاں کہیں میرا قِیام ہوتاہے
وہاں آپ کے قوانین میرے نغمہ کا مضمون بَن جاتے ہیں۔
55اَے یَاہوِہ، میں رات کو آپ کے نام کا ذِکر کرتا ہُوں،
اَور مَیں آپ کے آئین پر عَمل کروں گا۔
56یہ میرا دستورِ عَمل ہے کہ
آپ کے فرمانوں کو مانتا رہُوں۔
ח خ
57اَے یَاہوِہ، آپ میرا حِصّہ ہیں؛
مَیں نے آپ کے کلام کو ماننے کا وعدہ کیا ہے۔
58اَور اَپنے پُورے دِل سے آپ کی خیرسگالی کا طلب گار ہُوں؛
اَپنے وعدہ کے مُطابق مُجھ پر مہربانی فرمائیں۔
59مَیں نے اَپنی روِشوں پر غور کیا
اَور اَپنے قدم آپ کی شہادتوں کی جانِب موڑ دئیے۔
60اَب مَیں تاخیر سے کام نہیں لُوں گا
مَیں آپ کے اَحکام ماننے میں جلدی کروں گا۔
61خواہ بدکار لوگ مُجھے رسّیوں کے پھندے سے جکڑ لیں،
تو بھی مَیں آپ کے آئین کو فراموش نہ کروں گا۔
62آپ کی صداقت کی شَریعت کی خاطِر،
میں آدھی رات کو آپ کا شُکر بجا لانے کو اُٹھتا ہُوں۔
63میں اُن سَب کا رفیق ہُوں جو آپ کا خوف مانتے ہیں،
اَورجو آپ کے فرمانوں پر چلتے ہیں۔
64اَے یَاہوِہ، زمین آپ کی شفقت و مَحَبّت سے معموُر ہے؛
مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔
ט ط
65اَے یَاہوِہ، اَپنے کلام کے مُطابق،
اَپنے خادِم کا بھلا کریں،
66مُجھے علم اَور صحیح اِمتیاز سکھائیں،
کیونکہ آپ کے اَحکام پر میرا توکّل ہے۔
67مُصیبت میں پڑنے سے پہلے میں گُمراہ تھا،
لیکن اَب مَیں آپ کے کلام کو مانتا ہُوں۔
68آپ بھلےہیں اَور آپ جو کچھ کرتے ہیں وہ بھی بھلا ہے؛
مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔
69حالانکہ مغروُروں نے مُجھ پر بہتان باندھا ہے،
تو بھی میں صَاف دِلی سے آپ کے قوانین کو مانتا ہُوں۔
70اُن کے دِل سخت اَور بے حِس ہو گئے ہیں،
لیکن مَیں آپ کے آئین میں مسرُور رہتا ہُوں۔
71مُصیبت میں مُبتلا ہونا میرے حق میں اَچھّا ہے
تاکہ مَیں آپ کے قوانین سیکھ سکوں۔
72آپ کے مُنہ کے آئین میرے لیٔے
چاندی اَور سونے کے ہزاروں سِکّوں سے زِیادہ افضل ہے۔
י ی
73آپ کے ہاتھوں نے مُجھے بنایا اَور تشکیل کیا؛
مُجھے فہم عطا فرمائیں تاکہ آپ کے فرمان سیکھ سکوں۔
74آپ کا خوف ماننے والے جَب مُجھے دیکھیں تو خُوش ہوں،
کیونکہ میری اُمّید آپ کے کلام پر ہے۔
75اَے یَاہوِہ، میں جانتا ہُوں کہ آپ کے آئین راست ہے،
اَور وفاداری ہی سے آپ نے مُجھے دُکھ پہُنچایا۔
76اَپنے خادِم سے کئے ہُوئے وعدہ کے مُطابق،
آپ کی لافانی مَحَبّت میری تسلّی کا باعث ہو۔
77آپ کی رحمت مُجھے نصیب ہو تاکہ میں زندہ رہُوں،
کیونکہ آپ کے آئین میری خُوشنودی ہے۔
78مغروُر شرمندہ ہُوں کیونکہ وہ میرے ساتھ ناحق بُرائی کرتے ہیں؛
لیکن مَیں آپ کے فرمانوں پر دھیان کروں گا۔
79جو آپ سے ڈرتے ہیں،
اَورجو آپ کی شہادتیں سمجھتے ہیں، میری طرف رُجُوع ہُوں۔
80میرا دِل آپ کے قوانین پر کامل طور سے عَمل کرے،
تاکہ مُجھے شرمندہ نہ ہونا پڑے۔
כ ک
81میری جان آپ کی نَجات کے لیٔے بیتاب ہے،
لیکن مَیں نے آپ کے کلام پر اَپنی اُمّید لگا رکھی ہے۔
82آپ کے وعدہ کے اِنتظار میں میری آنکھیں دھُندلا گئیں؛
اَور مَیں پُوچھ رہا ہُوں، ”آپ مُجھے کب تسلّی بخشیں گے؟“
83حالانکہ میں دھوئیں میں رکھے ہُوئے مشکیزہ کی مانند ہو گیا ہُوں،
تو بھی مَیں آپ کے قوانین کو نہیں بھُولتا۔
84مَیں آپ کا خادِم کب تک اِنتظار کروں؟
آپ میرے ستانے والوں پر کب فتویٰ دیں گے؟
85مغروُروں نے آپ کے آئین کے اُصُولوں کے خِلاف،
میرے لیٔے گڑھے کھودے ہیں۔
86آپ کے سبھی اَحکام برحق ہیں؛
میری مدد کریں کیونکہ میرے دشمن خوامخواہ مُجھے ستاتے ہیں۔
87اُنہُوں نے مُجھے زمین پر سے تقریباً مٹا ہی ڈالا تھا،
لیکن مَیں نے آپ کے فرمانوں کو ترک نہیں کیا۔
88اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق میری زندگی کا تحفُّظ کریں،
تاکہ مَیں آپ کے مُنہ سے نکلی ہوئی شہادتوں پر عَمل کرتا رہُوں گا۔
ל ل
89اَے یَاہوِہ، آپ کا کلام اَبدی ہے؛
وہ آسمان پر مُستقِل طور پر قائِم رہتاہے۔
90آپ کی وفاداری پُشت در پُشت جاری رہتی ہے؛
آپ نے زمین کو قائِم کیا اَور اُسے استحکام بخشا۔
91آپ کے آئین آج تک قائِم ہے،
کیونکہ سَب چیزیں آپ کی خدمت گزار ہیں۔
92اگر آپ کے آئین میرے لیٔے باعثِ مسرّت نہ ہوتی،
تو میں اَپنی مُصیبت میں ہلاک ہو چُکا ہوتا۔
93مَیں آپ کے قوانین کو کبھی نہ بھُولوں گا،
کیونکہ اُن ہی کے وسیلہ سے آپ نے مُجھے محفوظ رکھا ہے۔
94مُجھے بچا لیں کیونکہ مَیں آپ کا ہُوں؛
اَور آپ کے فرمانوں کا طالب رہا ہُوں۔
95بدکار لوگ مُجھے تباہ کرنے پر آمادہ ہیں،
لیکن مَیں آپ کی شہادتوں پر غور کروں گا۔
96مَیں نے دیکھا کہ ہر کمال کی کویٔی نہ کویٔی حَد ہوتی ہے؛
لیکن آپ کے اَحکام لامحدود ہیں۔
מ م
97آہ، مُجھے آپ کے آئین کتنی عزیز ہے!
میں دِن بھر اُسی پر غوروخوض کرتا رہتا ہُوں۔
98آپ کے اَحکام مُجھے میرے دُشمنوں سے زِیادہ دانشمند بنا دیتے ہیں،
کیونکہ وہ ہمیشہ میرے ساتھ ہیں۔
99میں اَپنے تمام اُستادوں سے بھی زِیادہ فہم رکھتا ہُوں،
کیونکہ مَیں آپ کی شہادتوں پر غور کرتا رہتا ہُوں،
100مَیں آپ کے قوانین پر عَمل کرتا ہُوں،
میں بُزرگوں سے زِیادہ سمجھ رکھتا ہُوں۔
101آپ کے کلام پر عَمل کرنے سے،
مَیں نے ہر بُری راہ سے اَپنے قدم باز رکھے ہیں۔
102مَیں آپ کے آئین سے کنارہ کش نہ ہُوا،
کیونکہ خُود آپ نے مُجھے تعلیم دی ہے۔
103آپ کے اقوال کا ذائقہ کس قدر شیریں ہے،
وہ میرے مُنہ میں شہد سے بھی زِیادہ میٹھے لگتے ہیں!
104میں ہر جھُوٹی روِش سے نفرت کرتا ہُوں؛
کیونکہ آپ کے قوانین سے مُجھے فہم حاصل ہوتاہے۔
נ ن
105آپ کا کلام میرے قدموں کے لیٔے چراغ،
اَور میری راہ کے لیٔے رَوشنی ہے۔
106مَیں نے قَسم کھائی ہے اَور اُس پر قائِم ہُوں،
کہ مَیں آپ کے آئین کی صداقت کے اَحکام پر عَمل کروں گا۔
107اَے یَاہوِہ، مَیں نے بہت دُکھ سہا ہے؛
اَپنے کلام کے مُطابق میری زندگی کو محفوظ رکھیں۔
108اَے یَاہوِہ، میرے مُنہ سے رضا کی قُربانی قبُول فرمائیں،
اَور مُجھے اَپنی آئین کی تعلیم عطا کریں۔
109حالانکہ میری جان ہر وقت میری ہتھیلی پر ہے،
تو بھی مَیں آپ کے آئین کو فراموش نہیں کرتا۔
110بدکار لوگوں نے میرے لیٔے پھندا لگایا ہے،
لیکن مَیں آپ کے فرمانوں سے نہیں بھٹکا۔
111آپ کی شہادتیں میری اَبدی مِیراث ہیں؛
وہ میرے دِل کا سُرور ہیں۔
112میں آخِر تک پُورے دِل سے
آپ کے قوانین کو مانتا رہُوں گا۔
(ס) س
113مُجھے دوغلے لوگوں سے نفرت ہے،
لیکن مُجھے آپ کے آئین پسند ہے۔
114آپ میری پناہ گاہ اَور میری سِپر ہیں؛
میری اُمّید آپ کے کلام پر ہے۔
115اَے بدکردارو! مُجھ سے دُورہو جاؤ،
تاکہ میں اَپنے خُدا کے اَحکام پر عَمل کر سکوں!
116اَپنے وعدہ کے مُطابق مُجھے سنبھالیں اَور مَیں زندہ رہُوں گا؛
میری اُمّید ٹوٹنے نہ پایٔے۔
117مُجھے سنبھالیں اَور مَیں محفوظ رہُوں گا؛
میں ہمیشہ آپ کے قوانین کا لحاظ رکھوں گا۔
118جو آپ کے اَحکام سے بھٹک جاتے ہیں آپ اُن سَب کو ردّ کر دیتے ہیں،
کیونکہ اُن کی مکّاری لاحاصل ہے۔
119آپ زمین کے سَب بدکار لوگوں کو دھات کے میل کی مانند چھانٹ دیتے ہیں؛
اِس لیٔے مَیں آپ کی شہادتوں کو عزیز رکھتا ہُوں۔
120آپ کے خوف سے میرا جِسم کانپتا ہے؛
اَور مَیں آپ کے آئین کے فیصلوں سے ڈرتا ہُوں۔
ע ع
121مَیں نے وُہی کیا جو راست اَور بجا ہے؛
مُجھے سِتم ڈھانے والوں کے ہاتھ میں نہ چھوڑیں۔
122اَپنے خادِم کی فلاح و بہبودی کے ضامن ہوں؛
مغروُر مُجھ پر ظُلم نہ ڈھائیں۔
123آپ کی نَجات اَور صداقت کے وعدے کے اِنتظار میں،
میری آنکھیں تھک گئیں۔
124اَپنے خادِم مُجھ سے اَپنی شفقت و مَحَبّت کے مُطابق سلُوک کریں
اَور مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔
125مَیں آپ کا خادِم ہُوں، مُجھے فہم عنایت فرمائیں،
تاکہ مَیں آپ کی شہادتوں کو سمجھ سکوں۔
126اَے یَاہوِہ، اَب وقت آ گیا ہے کہ آپ کوئی سزا کے لئے قدم اُٹھائیں؛
کیونکہ آپ کے آئین کی خِلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
127چونکہ مَیں آپ کے اَحکام کو
سونے سے بَلکہ خالص سونے سے بھی زِیادہ عزیز رکھتا ہُوں،
128اَور چونکہ مَیں آپ کے قوانین کو برحق سمجھتا ہُوں،
اِس لیٔے ہر جھُوٹی راہ سے مُجھے نفرت ہے۔
פ ف
129آپ کی شہادتیں تعجُّب اَنگیز ہیں؛
اِس لیٔے میں اُن پر عَمل کرتا ہُوں۔
130آپ کے کلام کی تشریح نُور بخشتی ہے؛
اَور سادہ دِلوں کو سمجھ عطا کرتی ہے۔
131آپ کے اَحکام کے اشتیاق میں،
میں اَپنا مُنہ کھول کر ہانپتا ہُوں۔
132میری طرف پھریں اَور مُجھ پر رحم فرمائیں۔
جَیسے آپ اَپنے نام سے مَحَبّت رکھنے والوں پر ہمیشہ کرتے ہیں۔
133اَپنے کلام کے مُطابق میرے قدموں کی رہنمائی کریں؛
کویٔی بدی مُجھ پر غالب نہ آئے۔
134لوگوں کے ظُلم سے مُجھے چھُڑا لیں،
تاکہ مَیں آپ کے فرمانوں پر عَمل کر سکوں۔
135اَپنا چہرہ اَپنے خادِم پر جلوہ گِر فرمائیں
اَور اَپنے اَحکام مُجھے سکھائیں۔
136میری آنکھوں سے آنسُوؤں کے چشمے جاری ہیں،
کیونکہ لوگ آپ کے آئین پر عَمل نہیں کر رہے ہیں۔
צ ص
137اَے یَاہوِہ، آپ راستباز ہیں،
اَور آپ کے آئین بھی برحق ہیں۔
138آپ کی مُقرّر کی ہوئی شہادتیں برحق ہیں؛
وہ مُکمّل طور پر قابل یقین ہیں۔
139میری غیرت مُجھے کھا جاتی ہے،
کیونکہ میرے دُشمن آپ کے کلام کو بھُول جاتے ہیں۔
140آپ کے وعدے پُوری طرح خالص ثابت ہُوئے،
اَور آپ کا خادِم میں اُنہیں عزیز رکھتا ہُوں۔
141حالانکہ میں ادنیٰ اَور حقیر ہُوں،
تو بھی آپ کے قوانین کو فراموش نہیں کرتا۔
142آپ کی راستبازی اَبدی ہے
اَور آپ کے آئین برحق ہیں۔
143مُصیبت اَور تکلیف نے مُجھے دبا رکھا ہے،
لیکن آپ کے اَحکام میری خُوشنودی کا باعث ہیں۔
144آپ کی شہادتیں اَبد تک راست ہیں؛
مُجھے فہم عنایت فرمائیں تاکہ میں زندہ رہُوں۔
ק ق
145میں سارے دِل سے آپ کو پُکارتا ہُوں، اَے یَاہوِہ، مُجھے جَواب دیں،
اَور مَیں آپ کے قوانین پر عَمل کروں گا۔
146مَیں نے آپ کو پُکارتا ہُوں، مُجھے بچا لیں
اَور مَیں آپ کی شہادتوں پر عَمل کروں گا۔
147میں صُبح سویرے اُٹھتا ہُوں اَور مدد کے لئے پُکارتا ہُوں؛
مُجھے آپ کے کلام پر اِعتبار ہے۔
148رات کے ہر پہر میری آنکھیں کھُل جاتی ہیں،
تاکہ مَیں آپ کے وعدہ پر دھیان کروں۔
149اَپنی شفقت و مَحَبّت کے مُطابق میری آواز سُنیں؛
اَے یَاہوِہ، اَپنے آئین کے مُطابق میری زندگی کو محفوظ رکھیں۔
150شرارت آمیز منصُوبے بنانے والے قریب آ گئے ہیں،
لیکن وہ آپ کے آئین سے بہت دُور ہیں۔
151تو بھی اَے یَاہوِہ، آپ بہت قریب ہیں،
اَور آپ کے سَب اَحکام حق ہیں۔
152بہت پہلے ہی مُجھے آپ کی شہادتوں سے یہ حقیقت مَعلُوم ہو گئی تھی
کہ آپ نے اُنہیں اَبد تک کے لیٔے قائِم کیا ہے۔
ר ر
153میری تکلیف پر نظر کریں اَور مُجھے اُس سے رِہائی بخشیں،
کیونکہ مَیں نے آپ کے آئین کو فراموش نہیں کیا۔
154میری وکالت کریں اَور مُجھے رِہائی بخشیں؛
اَپنے وعدے کے مُطابق میری زندگی کی حِفاظت کریں۔
155نَجات بدکار لوگوں سے دُور ہے،
کیونکہ وہ آپ کے قوانین کی جُستُجو میں نہیں رہتے۔
156اَے یَاہوِہ، آپ کی رحمت عظیم ہے؛
اَپنے آئین کے مُطابق میری زندگی کی حِفاظت کریں۔
157مُجھ پر سِتم ڈھانے والے اَور میرے مُخالف بہت ہیں،
لیکن مَیں آپ کی شہادتوں سے کنارہ کش نہ ہُوا۔
158میں دغابازوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتا ہُوں،
کیونکہ وہ آپ کے کلام پر عَمل نہیں کرتے۔
159دیکھو، مُجھے آپ کے قوانین سے کیسی مَحَبّت ہے؛
اَے یَاہوِہ، اَپنی شفقت و مَحَبّت کے مُطابق میری زندگی کا تحفُّظ کریں۔
160آپ کے کلام کا اصل حق پر قائِم ہے؛
اَور آپ کے سَب سچّے اَحکام اَبدی ہیں۔
ש ش
161حُکمراں بلاوجہ مُجھے ستاتے ہیں،
لیکن میرے دِل میں آپ کے کلام کا ڈر ہے۔
162جَیسے کویٔی لُوٹ کا مال#119‏:162 لُوٹ کا مال یعنی جنگ میں شِکست خوردہ دشمن سے چھینا گیا مال۔ پا کر خُوش ہوتاہے
وَیسے ہی مَیں آپ کے وعدہ کے سبب سے خُوش ہُوں۔
163مُجھے جھُوٹ سے نفرت اَور کراہیّت ہے
لیکن آپ کے آئین سے مُجھے مَحَبّت ہے۔
164آپ کی برحق شَریعت کی خاطِر
میں دِن میں سات بار آپ کی مدح سرائی کرتا ہُوں۔
165آپ کے آئین سے مَحَبّت رکھنے والے بےحد مطمئن ہوتے ہیں،
وہ کسی چیز سے بھی ٹھوکر نہیں کھاتے۔
166اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی نَجات کا منتظر ہُوں،
اَور آپ کے اَحکام پر عَمل کرتا آیا ہُوں۔
167مَیں آپ کی شہادتوں کو مانتا ہُوں،
کیونکہ وہ مُجھے بےحد عزیز ہیں۔
168مَیں آپ کے درجات اَور شہادتوں پر عَمل کرتا ہُوں،
کیونکہ میری سَب روِشیں آپ کو مَعلُوم ہیں۔
ת ت
169اَے یَاہوِہ، میری فریاد آپ کے حُضُور میں پہُنچے؛
اَپنے کلام کے مُطابق مُجھے فہم عطا فرمائیں۔
170میری مِنّت آپ کے حُضُور میں پہُنچے؛
اَپنے وعدہ کے مُطابق مُجھے چھُڑائیں۔
171میرے لبوں سے ہمیشہ آپ کی سِتائش نکلے،
کیونکہ آپ مُجھے اَپنے قوانین سِکھاتے ہیں۔
172میری زبان آپ کے کلام کا نغمہ گائے،
کیونکہ آپ کے سَب اَحکام برحق ہیں۔
173آپ کا ہاتھ میری مدد پر آمادہ رہے،
کیونکہ مَیں نے آپ کے قوانین اِختیار کئے ہیں۔
174اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کی نَجات کا مُشتاق ہُوں،
اَور آپ کے آئین میری خُوشی کا باعث ہے۔
175مُجھے سلامت رکھیں تاکہ مَیں آپ کی سِتائش کر سکوں،
اَور آپ کے آئین مُجھے سنبھالے رہے۔
176میں کھوئی ہُوئی بھیڑ کی مانند بھٹک گیا ہُوں۔
آپ ہی اَپنے خادِم کو تلاش کریں،
کیونکہ مَیں نے آپ کے اَحکام فراموش نہیں کئے ہیں۔

موجودہ انتخاب:

زبُور 119: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in