اِفِسیوں 1
1
1پَولُسؔ کی طرف سے جو خُدا کی مرضی سے المسیح یِسوعؔ کے رسول ہیں،
اُن مُقدّسین کے نام خط لِکھّا جو اِفِسُسؔ شہر میں رہتے ہیں، اَور المسیح یِسوعؔ پر ایمان رکھتے ہیں:
2ہمارے خُدا باپ اَور خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔
فضل کی دولت
3ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے خُدا اَور باپ کی تعریف ہو، جِس نے ہمیں المسیح میں آسمان کی ہر رُوحانی برکت بخشی ہے۔ 4خُدا نے ہمیں دُنیا کے بنائے جانے کے پیشتر ہی سے المسیح میں چُن لیا تھا تاکہ ہم خُدا کے حُضُور مَحَبّت میں پاک اَور بے عیب ہوں۔ 5خُدا نے اَپنی خُوشی سے پہلے ہی یہ نیک فیصلہ کر لیا تھا، وہ ہمیں یِسوعؔ المسیح کے ذریعہ اَپنا لے پالک فرزند بنائے 6تاکہ اُن کے اِس جلالی فضل کی سِتائش ہو جو خُدا نے اَپنے عزیز بیٹے کے وسیلہ سے ہمیں مُفت عنایت کی۔ 7ہمیں اُس فضل کی بدولت، المسیح کے خُون کے وسیلہ سے مخلصی، یعنی گُناہوں کی مُعافی حاصل ہوتی ہے 8جو خُدا نے ہر طرح کی حِکمت اَور فراست سے ہم پر اِفراط کے ساتھ نازل کیا، 9اَور خُدا نے اَپنی خُوشی سے اُس پوشیدہ مقصد کو ہم پر ظاہر کر دیا، جِس کا خُدا نے المسیح کی مَعرفت عَمل میں لانے کا اِرادہ کیا ہُوا تھا، 10اُس وقت تک عَمل میں لایا جائے تاکہ اوقات مُقرّرہ پر سَب چیزیں خواہ وہ آسمان کی ہوں یا زمین کی، المسیح میں مُتّحد کی جایٔیں۔
11خُدا کی مصلحت یہ ہے کہ سَب کچھ اُس کی مرضی کے مُطابق ہو، خُدا نے ہمیں اَپنی مِیراث کے لیٔے پہلے ہی سے چُن رکھا تھا، 12تاکہ ہم، جِن کی اُمّید پہلے ہی سے المسیح سے وابستہ تھی، اُن کے جلال کی سِتائش کا باعث بنیں۔ 13اَور جَب تُم نے کلام حق کو سُنا، جو تمہاری نَجات کی خُوشخبری ہے۔ اَور جَب تُم المسیح پر ایمان لایٔے، تو خُدا نے اَپنے وعدہ کے مُطابق تُمہیں پاک رُوح دے کر تُم پر اَپنی مُہر لگا دی، 14وہ پاک رُوح ہمیں مِلنے والی مِیراث کا بیَعانہ ہے گویا اِس بات کی ضمانت ہے کہ ہم مخلصی پا کر خُدا کی مِلکیّت بَن جایٔیں تاکہ اُس کے جلال کی سِتائش ہو۔
شُکر گُزاری اَور دعا
15جَب سے مَیں نے سُنا ہے کہ تُم خُداوؔند یِسوعؔ پر بڑا ایمان رکھتے ہو اَور سَب مُقدّسین سے مَحَبّت رکھتے ہو، 16میں خُدا کا شُکر بجا لانے سے باز نہیں آتا، اَور اَپنی دعاؤں میں تُمہیں یاد کرتا ہُوں۔ 17کہ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا خُدا جو جلالی باپ ہے، تُمہیں حِکمت اَور مُکاشفہ کی رُوح عطا فرمائے، تاکہ تُم اُسے بہتر طور پر پہچان سکو۔ 18اَور مَیں دعا کرتا ہوں کہ تمہارے دِل کی آنکھیں رَوشن ہو جایٔیں تاکہ تُم جان لو کہ خُدا نے جِس اُمّید کی طرف تُمہیں بُلایا ہے، وہ کیسی ہے اَور وہ جلالی مِیراث کی کتنی بڑی دولت جو خُدا نے اَپنے مُقدّسین کے لیٔے رکھی ہے، 19اَور ہم ایمان لانے والوں کے لیٔے خُدا کی عظیم قُدرت کی کویٔی حَد نہیں۔ اُن کی عظیم قُدرت کی تاثیر کے مُطابق 20خُدا نے المسیح کو مُردوں میں سے زندہ اُٹھاکر آسمان پر اَپنی داہنی طرف بِٹھایا، 21اَور ہر طرح کی حُکمرانی، اَور اِختیار، اَور قُدرت اَور ریاست پر قادر ہیں، اَورجو نہ صِرف اِس جہان میں اَور آئندہ جہان میں جو نام بھی کسی کو دیا جائے گا۔ 22اِس طرح خُدا نے سَب کچھ المسیح کے قدموں کے نیچے کر دیا اَور آپ کو سَب چیزوں کا سردار بنا کر جماعت کے لئے دے دیا، 23جماعت یِسوعؔ کا بَدن ہے، اَور المسیح سے معموُر ہے جو ساری چیزوں کو پُوری طرح معموُر کرنے والے بھی ہیں۔
موجودہ انتخاب:
اِفِسیوں 1: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.