اِفِسیوں 2
2
المسیح میں زندہ کیاجانا
1تمہاری سرکشی اَور گُناہوں کی وجہ سے تمہارا حال مُردوں کا سا تھا، 2تُم اُن میں پھنس کر اِس دُنیا کی روِش پر چلتے تھے اَور ہَوا کی عملداری کے حاکم، شیطان کی پیروی کرتے تھے جِس کی رُوح اَب تک خُدا کے نافرمان لوگوں میں تاثیر کرتی ہے۔ 3کبھی ہم بھی اُن میں شامل تھے، اَور نَفسانی خواہشوں میں زندگی گزارتے تھے اَور دِل و دماغ کی ہر روِش کو پُورا کرنے میں لگے رہتے تھے۔ اَور طبعی طور پر دُوسرے اِنسانوں کی طرح خُدا کے غضب کے ماتحت تھے۔ 4لیکن خُدا ہم سے بہت ہی مَحَبّت کرنے والا، اَور رحم کرنے میں غنی ہے، 5جَب کہ ہم اَپنی سرکشیوں کے باعث مُردہ تھے، خُدا نے ہمیں المسیح کے ساتھ زندہ کیا۔ تُمہیں خُدا کے فضل سے ہی نَجات مِلی ہے۔ 6خُدا نے ہمیں المسیح کے ساتھ زندہ کیا اَور آسمانی مقاموں پر المسیح یِسوعؔ کے ساتھ بِٹھایا، 7تاکہ آنے والے زمانوں میں اَپنے اُس بےحد فضل کو ظاہر کرے، جو خُدا نے اَپنی مہربانی سے المسیح یِسوعؔ کے ذریعہ ہم پر کیا تھا۔ 8کیونکہ تُمہیں ایمان کے وسیلہ سے خُدا کے فضل ہی سے نَجات مِلی ہے، اَور یہ تمہاری کوشش کا نتیجہ نہیں، بَلکہ خُدا کی بخشش ہے۔ 9اَور نہ ہی یہ تمہارے اعمال کا اجر ہے کہ کویٔی فخر کر سکے۔ 10کیونکہ ہم خُدا کی کاریگری ہیں اَور ہمیں المسیح یِسوعؔ میں نیک کام کرنے کے لیٔے پیدا کیا گیا ہے، جنہیں خُدا نے پہلے ہی سے ہمارے کرنے کے لیٔے تیّار کر رکھا تھا۔
المسیح میں یگانگت
11پس یاد رکھو کہ پہلے تُم پیدائش کے لِحاظ سے غَیریہُودی تھے اَور وہ ”مختون“ لوگ جِن کا ختنہ ہاتھ سے کیا ہُوا جِسمانی نِشان ہے تُمہیں ”نامختون“ کہتے تھے۔ 12یاد کرو تُم اُس وقت بغیر المسیح کے، اِسرائیلی قوم کی شہریت سے خارج اَور وعدہ کے عہد سے ناواقِف، اَور نااُمّیدی کی حالت میں دُنیا میں خُدا سے جُدا تھے۔ 13مگر تُم جو پہلے خُدا سے بہت دُور تھے، اَب المسیح یِسوعؔ میں ہوکر المسیح کے خُون کے وسیلہ سے نزدیک ہو گیٔے ہو۔
14کیونکہ وُہی ہماری صُلح ہے جِس نے غَیریہُودیوں اَور یہُودیوں، دونوں کو ایک کر دیا اَورجو بیچ میں عداوت کی دیوار تھی، اُس کو ڈھا دیا۔ 15المسیح نے شَریعت کو اُس کے اَحکام اَور قوانین سمیت اَپنے جِسم کے وسیلہ سے موقُوف کر دیا، تاکہ دونوں سے اَپنے آپ میں ایک نئے اِنسان کی تخلیق کرکے صُلح کرا دیں، 16اَور المسیح صلیب پر دُشمنی کو ختم کرکے اَور دونوں کو ایک تن بنا کر خُدا سے مِلاسکیں۔ 17جَب المسیح تشریف لائے اَور اُن غَیریہُودیوں کو جو المسیح سے دُور تھے اَور اُن یہُودیوں کو جو خُدا کے نزدیک تھے، دونوں کو صُلح کی خُوشخبری سُنایٔی۔ 18کیونکہ اُس کے وسیلہ سے ہم ایک ہی پاک رُوح پا کر خُدا باپ کی حُضُوری میں آسکتے ہیں۔
19پس اَب تُم پردیسی اَور مُسافر نہیں رہے، بَلکہ خُدا کے مُقدّسین کے ہم وطن اَور خُدا کے گھرانے کے رُکن بَن گئے، 20تُم گویا ایک عمارت ہو جو رسولوں اَور نبیوں کی بُنیاد پر تعمیر کی گئی ہے، اَور المسیح یِسوعؔ خُود کونےکا بُنیادی پتّھر ہیں۔ 21اُسی میں یہ ساری عمارت باہم پیوست ہوکر خُداوؔند کے لیٔے ایک پاک مَقدِس بنتی جا رہی ہے۔ 22اَور تُم بھی دُوسرے مسیحی مُومِنین کے ساتھ مِل مِلا کر ایک اَیسی عمارت بنتے جا رہے ہو جِس میں خُدا کا پاک رُوح سکونت کر سکے۔
موجودہ انتخاب:
اِفِسیوں 2: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.