اِستِثنا 33
33
مُوسیٰ کا قبیلوں کو برکت دینا
1مَرد خُدا مَوشہ نے اَپنی وفات سے پہلے بنی اِسرائیل کو یہ برکت دی: 2مَوشہ نے کہا:
”یَاہوِہ سِینؔائی سے تشریف لایٔے
اَور سِعِیؔر سے ہم پر ظاہر ہُوئے؛
اَور کوہِ پارانؔ سے جلوہ گِر ہویٔے۔
وہ جُنوب سے اَپنی پہاڑی ڈھلانوں سے
لاکھوں مُقدّس فرشتوں کے ساتھ تشریف لایٔے۔
3بے شک خُدا تو اَپنی قوم سے مَحَبّت رکھتے ہیں؛
سَب مُقدّسین آپ کے تابع میں ہیں،
وہ آپ کے قدموں میں سَجدہ کرتے ہیں،
اَور آپ سے ہی ہدایت پاتے ہیں،
4مَوشہ سے ہمیں آئین مِلا،
جو یعقوب کی نَسل کی خاص مِیراث ہے۔
5جَب سَب لوگوں کے رہنما جمع ہویٔے تھے،
اَور اِسرائیل کے سَب قبیلے ایک ساتھ تھے،
اُس وقت یَاہوِہ یسُورُونؔ میں بادشاہ تھے۔
6”رُوبِنؔ کا قبیلہ زندہ رہے اَور فنا نہ ہو،
حالانکہ وہ ابھی شُمار میں کم ہیں۔“
7اَور مَوشہ نے بنی یہُوداہؔ کے متعلّق یہ فرمایا:
”اَے یَاہوِہ! آپ بنی یہُوداہؔ کی فریاد سُنیں؛
اَور اُسے ایک قوم کے طور پر ایک ساتھ لے آئیں۔
اُنہیں اَپنے مقصد کو پُورا کرنے کی طاقت دیں،
اَور دُشمنوں کے خِلاف اُن کے مددگار ہوں!“
8لیوی کے متعلّق مَوشہ نے یہ فرمایا:
”اَے یَاہوِہ! آپ کا تُمّیمؔ اَور اُوریمؔ
آپ کے وفادار خادِم بنی لیوی کے پاس ہے۔
آپ نے اُسے مَسّہؔ میں آزمایا؛
آپ نے اُس سے مریبہؔ کے چشمہ پر جدّوجہد کی۔
9اُس نے اَپنے والدین کے متعلّق اعلان کیا،
’میرے دِل میں اُن کے لیٔے کویٔی عِزّت نہیں۔‘
اُس نے اَپنے بھائیوں کو نہیں پہچانا
اَور نہ اَپنے بچّوں کو تسلیم کیا،
لیکن بنی لیوی نے آپ کے کلام کی فرمانبرداری کی
اَور آپ کے عہد کی حِفاظت کی۔
10وہ یعقوب کو آپ کا اَحکام
اَور اِسرائیل کو آپ کے آئین سِکھاتے ہیں۔
وہ آپ کے حُضُور بخُور
اَور مذبح پر مُکمّل آتِشی قُربانی پیش کرتا ہے۔
11اَے یَاہوِہ! اُس کی تمام ہُنرمندی پر برکت بخشیں،
اَور اُس کے ہاتھوں کی خدمت کو قبُول فرمائیں۔
اَور اُس کے دُشمنوں کو فنا کر دیں،
تاکہ وہ دوبارہ کبھی اُٹھ نہ سکیں۔“
12بِنیامین کے متعلّق مَوشہ نے فرمایا:
”یَاہوِہ کا پیارا اُن کی سلامتی میں رہے،
کیونکہ وہ اُسے دِن بھر بچائے رکھتے ہیں،
اَور جِس سے یَاہوِہ مَحَبّت رکھتے ہیں وہ اُن کے کندھوں کے درمیان سکونت کرتا ہے۔“
13یُوسیفؔ کے متعلّق مَوشہ نے فرمایا:
”اُس کی زمین یَاہوِہ کی طرف سے مُبارک ہو
اَور اُس پر آسمان کی بیش قیمتی شبنم گِرے
اَور زمین کے نیچے کا گہرا پانی اُسے ملے؛
14اُن بہترین اَشیا سے جنہیں آفتاب وُجُود میں لاتا ہے
اَور اُن نفیس چیزوں سے جو موسم میں پیدا ہوتی ہیں؛
15قدیم پہاڑوں کے بہترین پھلوں سے
اَور اَبدی پہاڑیوں کی بیش قیمتی چیزوں سے؛
16زمین کے بہترین تحفوں اَور اُس کی معموُری سے
اَور جلتی ہُوئی جھاڑی میں ظاہر ہونے والے کی رضا سے۔
یہ سَب برکتیں یُوسیفؔ کے اُوپر قائِم رہے،
اَور اُس کی پیشانی پر رہیں جو اَپنے بھائیوں میں شہزادہ ہے۔
17شان و شوکت میں وہ گویا پہلوٹھے بَیل کی مانند ہے؛
اُس کے سینگ جنگلی سانڈ کی مانند ہیں۔
اِن ہی سے وہ دُور دراز قوموں کو،
زمین کی اِنتہا تک زخمی کر ڈالے گا۔
اِفرائیمؔ کے لاکھوں لاکھ لشکر؛
اَور منشّہ کے ہزاروں ہزار لشکر اَیسے ہیں۔“
18زبُولُون کے متعلّق مَوشہ نے فرمایا:
”اَے زبُولُون! تُو باہر سفر کرتے وقت ترقّی کرکے خُوش رہ،
اَور اَے یِسَّکاؔر! تُو اَپنے خیمہ میں اَپنے گھر کے اَندر ترقّی کر اَور خُوش رہ۔
19وہ لوگوں کو پہاڑ پر بُلائیں گے
تاکہ وہاں راستبازی کی قُربانیاں پیش کریں؛
وہ سمُندر کی دولت سے،
اَور ریت میں چھُپے خزانوں سے مالا مال ہوں گے۔“
20گادؔ کے متعلّق مَوشہ نے فرمایا:
”مُبارک ہے وہ جو گادؔ کی سلطنت کو بڑا کرے!
گادؔ وہاں شیر کی مانند رہتاہے،
وہ بازو اَور سَر تک کو بھی پھاڑ ڈالتا ہے۔
21اُس نے اَپنے لیٔے بہترین زمین مُنتخب کی؛
کیونکہ رئیس کا حِصّہ اُس کے لیٔے رکھا گیا تھا۔
جَب لوگوں کے سردار جمع ہویٔے،
تَب اُس نے یَاہوِہ کے راستی کو،
اَور اِسرائیل کے لیٔے یَاہوِہ کے حُکموں پر عَمل کیا۔“
22اَور دانؔ کے متعلّق مَوشہ نے فرمایا:
”دانؔ اُس شیرببر کا بچّہ ہے،
جو باشانؔ سے کود کر آتا ہے۔“
23نفتالی کے متعلّق مَوشہ نے فرمایا:
”نفتالی یَاہوِہ کے فیض سے لبریز؛
اَور اُن کی برکتوں سے معموُر ہے؛
وہ جُنوب کی طرف جھیل تک کے علاقہ کا وارِث ہوگا۔“
24آشیر کے متعلّق مَوشہ نے فرمایا:
”بیٹوں میں سَب سے زِیادہ بابرکت آشیر ہے؛
وہ اَپنے بھائیوں میں مقبُول ہو،
اَور وہ اَپنے پاؤں زَیتُون کے تیل میں ڈبوئے۔
25تمہارے پھاٹکوں کی چٹخنیاں لوہے اَور کانسے کی ہُوں گی،
اَور تمہاری قُوّت تمہاری عمر کے مساوی ہوگی۔
26”یسُورُونؔ کے خُدا کی مانند کویٔی اَور نہیں،
جو تمہاری مدد کے لیٔے آسمان سے
بادلوں پر اَپنے جلال میں سواری کر تشریف لاتے ہیں۔
27اَبدی خُدا تمہاری پناہ گاہ ہے،
اَور تُم اُن کے دائمی بازو کے آغوش میں ہو۔
وہ تمہارے سامنے تمہارے دُشمنوں کو کھدیڑ دیں گے،
’اَور اُنہیں فنا کرنے کا حُکم دیں گے،‘
28لہٰذا اناج اَور نئے انگوری شِیرے کے مُلک میں؛
جہاں آسمانوں سے شبنم گرتا ہے،
اِسرائیل سلامتی کے ساتھ سکونت کرےگا؛
اَور یعقوب کی نَسل بغیر پریشانی کے محفوظ رہے گی۔
29اَے اِسرائیل! تُو مُبارک ہے
تمہاری مانند کون ہے،
ایک اَیسی قوم جسے یَاہوِہ نے چھُڑایا ہے،
یَاہوِہ ہی تمہاری سِپر اَور مددگار
اَور تمہاری جلالی تلوار ہے۔
تمہارے دُشمن تمہارے سامنے جھُکیں گے،
اَور تُم اُن کے اُونچے مقامات کو روند ڈالوگے۔“
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 33: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.