YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 28

28
فرمانبرداری کی برکتیں
1اگر تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی پُوری طور سے اِطاعت کروگے اَورجو اَحکام میں آج تُمہیں دے رہا ہُوں اُن پر احتیاط سے عَمل کروگے تو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دُنیا کی سَب قوموں سے زِیادہ سرفراز کریں گے۔ 2اَور اگر تُم واقعی یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت کروگے تو یہ ساری برکتیں تُم پر نازل ہوں گی اَور تمہارے ساتھ رہیں گی:
3تُم شہر اَور کھیت میں کام کرتے ہُوئے مُبارک ہوگے۔
4تمہاری اَولاد مُبارک ہوگی، تمہاری زمین کی پیداوار اَور تمہارے چَوپایوں کے بچّے یعنی گائے بَیل کے بچھڑے اَور بھیڑ بکریوں کے برّے مُبارک ہوں گے۔
5تمہارا ٹوکرا اَور تمہاری کٹھوتی دونوں مُبارک ہوں گے۔
6اَور تُم گھر کے اَندر آتے وقت اَور باہر جاتے وقت بھی مُبارک ہوگے۔
7یَاہوِہ تمہارے دُشمنوں کو جو تمہارے خِلاف سَر اُٹھائیں گے تمہارے سامنے شِکست دِلائیں گے۔ وہ ایک سمت سے آکر تُم پر حملہ کریں گے لیکن سات سمتوں کی طرف تمہارے سامنے سے بھاگ جایٔیں گے۔
8یَاہوِہ تمہارے اناج کے ذخیروں میں اَور ہر اُس چیز پر جِس میں تُم ہاتھ لگاؤگے برکت نازل کریں گے۔ اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں اُس مُلک میں جسے وہ تُمہیں عنایت کر رہے ہیں برکت بخشیں گے۔
9اگر تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اَحکام کو مانوگے اَور اُن کی راہوں پر چلوگے تو یَاہوِہ اَپنی اُس قَسم کے مُطابق جو اُنہُوں نے تُم سے کھائی تھی تُمہیں اَپنی پاک قوم بنا کر قائِم کریں گے۔ 10تَب دُنیا کی سَب قومیں دیکھیں گی کہ تُم یَاہوِہ کی قوم ہو اَور وہ تُم سے ڈریں گی۔ 11جِس مُلک کو تُمہیں دینے کی قَسم یَاہوِہ نے تمہارے آباؤاَجداد سے کھائی تھی اُس میں یَاہوِہ تمہاری اَولاد کو، تمہارے مویشیوں کے بچّوں کو اَور تمہاری زمین کی فصل کو خُوب بڑھا کر تُمہیں کثرت سے ترقّی بخشیں گے۔
12یَاہوِہ آسمان کو جو اُن کا عظیم مخزن ہے تمہارے لیٔے کھول دیں گے تاکہ تمہارے مُلک میں وقت پر مینہ برسے اَور تمہارے ہاتھ کے سَب کاموں کو جِن میں تُم ہاتھ لگاؤ برکت دیں گے؛ اَور تُم بہت سِی قوموں کو قرض دوگے لیکن آپ کسی کے مقروض نہ ہوگے۔ 13اَور یَاہوِہ تُمہیں دُم نہیں بَلکہ سَر ٹھہرائیں گے؛ بشرطیکہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اُن اَحکام کو جنہیں آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں، نہایت احتیاط سے اُن پر غور کرو اَور عَمل کرو، تو تُم ہمیشہ سرفراز رہوگے اَور کبھی نیچے نہ ہوگے۔ 14اَورجو اَحکام میں آج تُمہیں دے رہا ہُوں اُن میں سے کسی سے تُم داہنے یا بائیں نہ مُڑنا اَور نہ ہی غَیر معبُودوں کی پیروی اَور خدمت کرنا۔
نافرمانی کی لعنتیں
15اگر تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت نہ کروگے اَور اُن کے سَب اَحکام اَور قوانین پرجو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں نہایت احتیاط سے عَمل نہ کروگے، تو تُم پر یہ سَب لعنتیں نازل ہوں گی اَور تمہارا یہ حال ہوگا:
16تُم شہر میں اَور کھیت میں کام کرتے وقت بھی لعنتی ہوگے۔
17تمہارا ٹوکرا اَور تمہاری کٹھوتی دونوں لعنتی ہوں گے۔
18تمہاری اَولاد لعنتی ہوگی اَور تمہاری زمین کی پیداوار اَور تمہارے گائے، بَیل کے بچھڑے اَور تمہاری بھیڑ بکریوں کے برّے لعنتی ہوں گے۔
19تُم گھر کے اَندر آتے وقت اَور باہر جاتے وقت بھی لعنتی ہوگے۔
20تُم نے یَاہوِہ کو ترک کرکے جو بدکاری کی ہے اُس کے سبب سے یَاہوِہ اُن سَب کاموں پر جِن کو تُم ہاتھ لگاؤگے، لعنتیں، اُلجھن اَور ملامت بھیجتے رہیں گے، جَب تک کہ تُم ہلاک نہ ہو جاؤ اَور جلدی برباد نہ ہو جاؤ۔ 21یَاہوِہ اُس وقت تک تُم پر وبَائیں نازل کرتے رہیں گے، جَب تک کہ وہ تُمہیں اُس مُلک سے جِس پر قبضہ کرنے کے لیٔے تُم اُس میں داخل ہو رہے ہو، نِیست و نابود نہ کر دیں۔ 22یَاہوِہ تُم پر تپِ دِق، بُخار اَور سوزِش، شدید تپش اَور خشک سالی کی مار اَور پالا اَور پھپھُوندی نازل کریں گے جو تمہارے مرنے تک پیچھے لگی رہیں گی۔ 23اَور تمہارے سَر کے اُوپر کا آسمان کانسے کا اَور تمہارے نیچے کی زمین لوہے کی ہو جایٔےگی۔ 24اَور یَاہوِہ تمہارے مُلک میں دُھول اَور ریت کی بارش کو بھیجیں گے؛ اَور جَب تک تُم نِیست و نابود نہیں ہو جاتے یہ آسمان سے برستی ہی رہیں گی۔
25یَاہوِہ تُمہیں تمہارے دُشمنوں سے شِکست دِلائیں گے۔ تُم اُن پر ایک سمت سے حملہ کروگے لیکن سات سمتوں کی جانِب اُن کے سامنے سے بھاگ جاؤگے؛ اَور دُنیا کی تمام سلطنتوں کے لوگ تمہاری حالت دیکھ کر دہشت کھایٔیں گے۔ 26تمہاری لاشیں ہَوا کے تمام پرندوں اَور زمین کے جنگلی جانوروں کی خُوراک ہوں گی اَور کویٔی نہ ہوگا جو اُنہیں ڈرا کر بھگا سکے۔ 27یَاہوِہ تُمہیں مِصر کے پھوڑوں، گلٹیوں، ناسور اَور خارِش میں اِس طرح مُبتلا کر دیں گے کہ تُم کبھی شفایاب نہ ہو پاؤگے۔ 28یَاہوِہ تُمہیں پاگل پن، نابینائی اَور دِل کی گھبراہٹ میں بھی مُبتلا کر دیں گے۔ 29اَور جَیسا نابینا اَندھیرے میں ٹٹولتا ہے وَیسے ہی تُم دوپہر کے وقت ٹٹولتے پھروگے۔ اَور تُم جو کچھ کروگے اُس میں ناکام رہوگے۔ دِن بہ دِن تُم پر ظُلم ڈھائے جایٔیں گے اَور تُم لُٹتے ہی رہوگے اَور تُمہیں بچانے والا کویٔی نہ ہوگا۔
30جِس عورت سے تمہاری منگنی ہوگی، کویٔی دُوسرا شخص اُسے اَپنا بنا لے گا اَور اُس سے ہم بِستر ہوگا۔ تُم گھر بناؤگے لیکن اُس میں بسنے نہ پاؤگے۔ تُم انگوری باغ لگاؤگے لیکن اُس کے پھل کا لُطف نہ اُٹھا پاؤگے۔ 31تمہارا بَیل تمہاری آنکھوں کے سامنے ذبح کیا جائے گا لیکن تُم اُس کا گوشت کھانے نہ پاؤگے۔ تمہارا گدھا تُم سے زبردستی چھین لیا جائے گا اَور لَوٹایا نہ جائے گا۔ تمہاری بھیڑیں تمہارے دُشمنوں کو دے دی جایٔیں گی اَور کویٔی اُنہیں بچا نہ پایٔےگا۔ 32تمہارے بیٹے اَور بیٹیاں دُوسری قوم کو دئیے جایٔیں گے اَور تمہاری آنکھیں دِن بہ دِن اُن کا اِنتظار کرتے کرتے تھک جایٔیں گی مگر تمہارا کچھ بس نہ چلے گا۔ 33تمہاری زمین کی پیداوار اَور تمہاری محنت و مشقّت کی کمائی ایک اَیسی قوم کھائے گی جِس سے تُم واقف نہیں ہو اَور عمر بھر شدید ظُلم ہی تمہارے پَلّے پڑےگا۔ 34جو منظر تُم اَپنی آنکھوں سے دیکھوگے وہ تُمہیں پاگل بنا دیں گے۔ 35یَاہوِہ تمہارے گھٹنوں اَور ٹانگوں میں اَیسے دردناک پھوڑے پیدا کریں گے جو لاعلاج ہوں گے اَورجو تمہارے پاؤں کے تلووں سے لے کر سَر کی چاند تک پھیلے ہوں گے۔
36یَاہوِہ تُمہیں اُس بادشاہ سمیت جسے تُم اَپنے اُوپر مُقرّر کروگے ایک اَیسی قوم میں دفع کریں گے جِس سے تُم اَور تمہارے آباؤاَجداد ناواقِف ہوں گے۔ وہاں تُم غَیر معبُودوں کی عبادت کروگے جو لکڑی اَور پتّھر کے بنے ہویٔے ہیں۔ 37تَب تُم اُن سَب قوموں کے درمیان جہاں یَاہوِہ تُمہیں دفع کریں گے، تُم لوگوں کے لیٔے ایک دہشت کی شَے، ضرب المثل اَور ایک مذاق کا باعث بنوگے۔
38تُم کھیت میں کافی بیج ڈالوگے لیکن بہت ہی کم فصل کاٹوگے کیونکہ ٹِڈّیاں اُسے کھا جایٔیں گی۔ 39تُم انگوری باغ لگاؤگے اَور اُن میں کاشتکاری کروگے لیکن تُم اُس کا انگوری شِیرہ نہ پیوگے اَور نہ انگور جمع کر پاؤگے کیونکہ اُنہیں کیڑے کھا جایٔیں گے۔ 40تمہارے سارے مُلک میں زَیتُون کے درخت لگے ہوں گے، لیکن تُم زَیتُون کا تیل اِستعمال نہ کر پاؤگے کیونکہ زَیتُون کے پھل جھڑ جایٔیں گے۔ 41تمہارے ہاں بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہوں گی لیکن تُم اُنہیں اَپنے پاس رکھ نہ پاؤگے کیونکہ وہ اسیر ہوکر چلے جایٔیں گے۔ 42تمہارے سَب درختوں اَور تمہاری زمین کی ساری فصلوں پر ٹِڈّیوں کے غول قبضہ کر لیں گے۔
43تمہارے درمیان رہنے والا پردیسی تُم سے زِیادہ ترقّی کرتا اَور سرفراز ہوتا جائے گا لیکن تُم روز بروز ناکامیاب اَور برباد ہوتے چلے جاؤگے۔ 44وہ پردیسی تُمہیں قرض دیں گے لیکن تُم اُنہیں قرض نہ دے سکوگے۔ اَور وہ سَر ہوں گے اَور تُم دُم ٹھہروگے۔
45یہ سَب لعنتیں تُم پر نازل ہوں گی۔ وہ تمہارا تعاقب کریں گی اَور تُمہیں دبوچ لیں گی تاکہ تُم فنا ہو جاؤ، کیونکہ تُم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت نہ کی اَور اُن اَحکام اَور قوانین پر عَمل نہ کیا جو اُنہُوں نے تُمہیں دئیے تھے۔ 46یہ لعنتیں تمہارے اَور تمہاری نَسل کے لیٔے ہمیشہ تک نِشان اَور معجزہ بَن کر رہیں گے۔ 47کیونکہ تُم نے خُوشحالی کے ایّام میں یَاہوِہ اَپنے خُدا کی خُوشی اَور شادمانی کے ساتھ خدمت نہ کی، 48اِس لیٔے تُم بھُوکے اَور پیاسے اَور عُریانی اَور غربت کی حالت میں، اَپنے دُشمنوں کی خدمت کروگے جنہیں یَاہوِہ تمہارے خِلاف بھیجیں گے اَور وہ تمہاری گردن پر لوہے کا جُوا رکھّے رہیں گے، جَب تک تُمہیں نِیست و نابود نہ کر دیں۔
49جِس طرح عُقاب جھپٹ کر نیچے آتا ہے اُسی طرح یَاہوِہ دُور دراز سے بَلکہ زمین کے اِنتہا سے ایک اَیسی قوم کو تمہارے اُوپر چڑھا لائیں گے جِس کی زبان کو تُم سمجھ نہ پاؤگے۔ 50وہ ایک غضبناک اَور پتّھر دِل قوم ہوگی جو نہ ضعیفوں کا اِحترام کرےگی اَور نہ جَوانوں پر رحم کھائے گی۔ 51اِس کے علاوہ وہ قوم تَب تک تمہارے مویشیوں کے بچّے اَور تمہاری زمین کی فصل کو کھاتے رہیں گے جَب تک کہ تُم تباہ نہ ہو جاؤ، یعنی وہ تمہارے لیٔے نہ اناج، نہ نئے انگوری شِیرے یا زَیتُون کا تیل نہ گائے، بَیلوں کے بچھڑے یا تمہاری بھیڑ بکریوں کے برّے چھوڑیں گے، جَب تک کہ تُم فنا نہ ہو جاؤ۔ 52وہ تمہارے مُلک کے تمام شہروں کا محاصرہ کئے رہیں گے؛ جَب تک کہ تمہاری اُونچی اُونچی اَور مضبُوط فصیلیں جِن پر تُمہیں بھروسا ہے گِر نہ جایٔیں۔ وہ تمہارے مُلک کے سَب شہروں کا محاصرہ کر لیں گے، جنہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں۔
53محاصرہ کے دَوران اَپنے دُشمنوں سے پہُنچی ہُوئی اَذیّت سے تنگ آکر تُم اَپنی اَولاد یعنی اَپنے بیٹوں اَور بیٹیوں کا گوشت کھاؤگے، جنہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں دیا ہے۔ 54اُس وقت تمہارے درمیان کا سَب سے نرم دِل اَور حسّاس آدمی بھی اَپنے بھایٔی، اَپنی چہیتی بیوی اَور اَپنے باقی بچے بچّوں پر رحم نہ کھائے گا، 55اَور وہ اُن میں سے کسی کو بھی اَپنے بچّوں کے گوشت میں سے جو وہ خُود کھا رہا ہوگا کچھ نہ دے گا کیونکہ تمہارے تمام شہروں کے محاصرہ کے دَوران تمہارے دُشمنوں کی نازل کی ہُوئی مُصیبتوں کی وجہ سے اُس کے پاس صِرف وُہی چیز باقی بچی ہوگی۔ 56تمہارے درمیان وہ عورت بھی جو یہاں تک نرم دِل اَور حسّاس ہو کہ اَپنی نزاکت کی وجہ سے اَپنے پاؤں کا تلوا بھی زمین سے لگانے کی جُرأت نہ کرتی ہو، تو بھی وہ اَپنے محبُوب خَاوند اَور اَپنے بیٹے اَور بیٹی کے خِلاف خُود غرض ہو جایٔےگی۔ 57وہ اَپنے رِحم سے نکلی ہُوئی نَوزائیدہ بچّہ کو اَور اَپنے فرزند کو چھُپ چھُپ کر کھانا چاہے گی کیونکہ دُشمنوں کی طرف سے اَذیّت ناک محاصرہ کے دَوران تمام اشیائے خُوردنی کی قِلّت ہو جائے گی۔
58اگر تُم اِس آئین کی تمام باتوں پرجو اِس کِتاب میں لکھی گئی ہیں نہایت احتیاط سے عَمل نہ کروگے اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کے جلالی اَور مُہیب نام کا خوف نہ مانوگے، 59تَب یَاہوِہ تُم پر اَور تمہاری اَولاد پر خوفناک بَلائیں نازل کریں گے جو سخت اَور لمبے عرصہ کی آفتیں، لمبی اَور شدید عالمی وبَائیں ہوں گی۔ 60وہ تُمہیں مِصر کی اُن سَب بیماریوں میں مبتلا کر دیں گے جِن سے تُم ڈرتے تھے اَور وہ تُمہیں لگی رہیں گی۔ 61اَور جَب تک تُم فنا نہ ہو جاؤ، یَاہوِہ تُم پر اَور بھی طرح طرح کی ناتوانیاں اَور آفتیں نازل کریں گے جِن کا ذِکر اِس کِتاب تورہ میں نہیں کیا گیا ہے۔ 62تُم جو تعداد میں آسمان کے تاروں کی مانند تھے شُمار میں چند ہی رہ جاؤگے کیونکہ تُم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت نہ کی۔ 63جَیسے یَاہوِہ تُمہیں خُوشحال کرکے اَور تمہاری تعداد میں اِضافہ کرکے خُوش ہویٔے تھے وَیسے ہی اَب تُمہیں تباہ و برباد کرکے اُنہیں خُوشی ہوگی۔ تُم اُس مُلک سے بے دخل کر دئیے جاؤگے جِس پر قبضہ کرنے کے لیٔے جا رہے ہو۔
64تَب یَاہوِہ تُمہیں زمین کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک سَب قوموں میں پراگندہ کر دیں گے، جہاں تُم لکڑی اَور پتّھر کے بنے ہویٔے معبُودوں کی عبادت کروگے جِن سے نہ تُم اَور نہ تمہارے آباؤاَجداد ہی واقف تھے۔ 65اُن قوموں میں تُمہیں نہ تو راحت ملے گی اَور نہ ہی تمہارے پاؤں کو آرام کی جگہ نصیب ہوگی۔ وہاں یَاہوِہ کی طرف سے تُمہیں فِکرمند دِل، دھُندھلی آنکھیں اَور غمگین رُوح دی جائے گی۔ 66تمہاری جان مُستقِل شک میں مُبتلا رہے گی۔ تُم رات دِن خوفزدہ رہوگے اَور تُمہیں اَپنی زندگی کا کویٔی بھروسا نہ ہوگا۔ 67اُس خوف کے باعث جو تمہارے دِلوں میں سمایا ہوگا اَور اُن نظاروں کے سبب سے جنہیں تمہاری آنکھیں دیکھیں گی تُم صُبح کو کہو گے، ”کاش کہ یہ شام ہوتی!“ اَور شام کو کہو گے، ”کاش یہ صُبح ہوتی!“ 68اَور یَاہوِہ تُمہیں کشتیوں پر سوار کرکے اُس راستہ سے مِصر لَوٹائے گا، جِس کے بارے میں، مَیں نے تُم سے فرمایا تھا کہ اَب تُم اِسے پھر کبھی نہ دیکھوگے۔ تَب تُم وہاں خُود کو اَپنے دُشمنوں کے سامنے غُلاموں اَور لونڈیوں کی طرح بیچنے کے لیٔے پیش کروگے لیکن تمہارا کویٔی خریدار نہ ہوگا۔

موجودہ انتخاب:

اِستِثنا 28: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in