YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 27

27
کوہِ عیبالؔ کا مذبح
1پھر مَوشہ اَور بنی اِسرائیل کے بُزرگوں نے لوگوں کو حُکم دیا: ”یہ سَب اَحکام جو آج کے دِن میں تُمہیں دے رہا ہُوں اُنہیں ماَننا۔ 2جَب تُم دریائے یردنؔ پار کرکے اُس مُلک میں پہُنچو جو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں، تَب چند بڑے بڑے پتّھر کھڑے کرکے اُن پر چُونا پوت دینا، 3اَور جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہوکر یردنؔ پار پہُنچ جاؤ، تو اُن پتّھروں پر اِس آئین کی سَب باتیں لِکھنا، جِس مَیں یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا کے وعدہ کے مُطابق دُودھ اَور شہد کی بھرپوری ہے، جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں۔ 4اَور جَب تُم یردنؔ پار کر چُکو تو جَیسا مَیں نے آج تُمہیں حُکم دیا ہے اُسی کے مُطابق اُن پتّھروں کو کوہِ عیبالؔ پر نصب کردینا اَور اُن پر چُونا پوتنا۔ 5اَور وہاں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے واسطے پتّھروں کا ایک مذبح بنانا لیکن اُن پر لوہے کا کویٔی اوزار اِستعمال نہ کرنا۔ 6یَاہوِہ اَپنے خُدا کا مذبح بے تراشے پتّھروں سے بنانا اَور اُس پر یَاہوِہ اَپنے خُدا کے واسطے سوختنی نذر پیش کرنا۔ 7اَور وہیں سلامتی کی نذریں گزراننا اَور اُنہیں کھانا اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور خُوشی منانا۔ 8اَور اُن پتّھروں پر جنہیں تُم نصب کروگے آئین کی اِن باتوں کو صَاف صَاف لِکھنا۔“
کوہِ عیبالؔ پر سے لعنتیں
9پھر مَوشہ اَور لیوی کاہِنوں نے تمام بنی اِسرائیل سے فرمایا، ”اَے اِسرائیل! خاموش ہو جا اَور سُن! تُم اَب یَاہوِہ اَپنے خُدا کی قوم بَن گیٔے ہو۔ 10یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت کرو اَور اُن کے اَحکام اَور قوانین پرجو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں عَمل کرو۔“
11اَور اُسی دِن مَوشہ نے لوگوں کو حُکم دیا،
12جَب تُم یردنؔ پار کر چُکو، تو شمعُونؔ، لیوی، یہُوداہؔ، یِسَّکاؔر، یُوسیفؔ اَور بِنیامین کے قبیلے لوگوں کو برکت دینے کے لیٔے کوہِ گِرزِیمؔ پر کھڑے ہو جایٔیں۔ 13اَور رُوبِنؔ، گادؔ، آشیر، زبُولُون، دانؔ اَور نفتالی کے قبیلے لعنت کرنے کے لیٔے کوہِ عیبالؔ پر کھڑے ہو جایٔیں۔
14اَور لیوی سَب اِسرائیلی لوگوں کے سامنے بُلند آواز سے یہ اعلان کریں:
15”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنی صنعت کاری سے اَیسی بُت تراشے یا بُت ڈھالے جو یَاہوِہ کی نظر میں مکرُوہ ہے اَور اُسے کسی پوشیدہ جگہ میں نصب کرے۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“
16”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنے باپ یا ماں کو بے عزّت کرے۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“
17”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنے ہمسایہ کی سرحد کا پتّھر کھسکائے۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“
18”لعنت ہے اُس آدمی پرجو کسی نابینا شخص کو راستہ سے گُمراہ کرے۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“
19”لعنت ہے اُس آدمی پرجو کسی پردیسی، یتیم یا بِیوہ کو اِنصاف سے محروم رکھّے۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“
20”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنے باپ کی سابقہ بیوی سے ہم بِستری کرے کیونکہ وہ اَپنے باپ کے مال پر ہاتھ ڈالتا ہے۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“
21”لعنت ہے اُس آدمی پرجو کسی جانور کے ساتھ جنسی تعلّقات رکھّے۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“
22”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنی سَوتیلی بہن سے صحبت کرے خواہ وہ اُس کے باپ کی بیٹی ہو خواہ اُس کی ماں کی بیٹی ہو۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“
23”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنی ساس کے ساتھ صحبت کرے۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“
24”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اَپنے ہمسایہ کو پوشیدگی میں مار ڈالے۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“
25”لعنت ہے اُس آدمی پرجو کسی بےگُناہ کو قتل کرنے کے لیٔے رشوت لے۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“
26”لعنت ہے اُس آدمی پرجو اِس آئین کی باتوں پر عَمل کرنے کے لیٔے اُن پر قائِم نہ رہے۔“
تَب ساری جماعت جَواب میں کہے، ”آمین!“

موجودہ انتخاب:

اِستِثنا 27: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in