اِستِثنا 26
26
پہلے پھل اَور دہ یکیاں
1جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہو جاؤ، جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں مِیراث کے طور پر دے رہے ہیں اَور اُس پر قبضہ کرکے اُس میں بس جاؤ، 2تَب جو مُلک یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں، اُن کی زمین میں جو کچھ تُم اُگاؤ، تو اُن سَب کے کچھ پہلے پھل ٹوکری میں رکھ کر اُس جگہ لے جانا جو یَاہوِہ تمہارے خُدا اَپنے نام کے قِیام کے واسطے مُنتخب کریں گے۔ 3اَور اُس وقت کے کاہِنؔ کے پاس جا کر اُس سے یہ کہنا، ”آج کے دِن میں یَاہوِہ تمہارے خُدا کے حُضُور اقرار کرتا ہُوں کہ میں اُس مُلک میں آ چُکا ہُوں جسے دینے کی قَسم یَاہوِہ نے ہمارے آباؤاَجداد سے کھائی تھی۔“ 4تَب کاہِنؔ تمہارے ہاتھ سے ٹوکری لے کر اُسے یَاہوِہ تمہارے خُدا کے مذبح کے سامنے رکھ دے۔ 5تَب تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور یُوں کہنا: ”میرے آباؤاَجداد ایک خانہ بدوش ارامی تھے جو چند لوگوں کے ساتھ مِصر میں پردیسی ہوکر گیٔے تھے اَور وہاں بس گیٔے اَور اُن سے ایک بڑی قوم بَن گئی جو نہایت زورآور اَور کثیرُالتعداد تھی 6لیکن مِصریوں نے ہمارے ساتھ بُرا سلُوک کیا اَور ہمیں اَذیّت پہُنچائی، اَور ہم سے سخت خدمت لی۔ 7تَب ہم نے یَاہوِہ ہمارے آباؤاَجداد کے خُدا سے فریاد کی اَور یَاہوِہ نے ہماری آواز سُنی اَور ہماری مُصیبت محنت اَور مظلومی دیکھی۔ 8چنانچہ یَاہوِہ نے اَپنے قوی ہاتھ اَور پھیلے ہویٔے بازو سے بڑے معجزوں اَور حیرت اَنگیز نِشانات اَور عجائب کے ساتھ ہمیں مِصر سے باہر نکالا۔ 9اَور یَاہوِہ نے ہمیں اِس جگہ پر لاکر ہمیں یہ مُلک عطا فرمایا جِس میں دُودھ اَور شہد کی بھرپوری ہے۔ 10اِس لیٔے اَب اَے یَاہوِہ دیکھو، جو زمین آپ نے مُجھے عطا فرمائی ہے، اُس کا پہلا پھل مَیں آپ کے پاس لے آیا ہُوں۔“ پھر تُم اُس ٹوکری کو یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور رکھ دینا اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کو سَجدہ کرنا۔ 11اَور تُم اَور لیوی اَور تمہارے ساتھ رہنے والے پردیسی، سَب مِل کر اُن سَب نِعمتوں کے لیٔے جنہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں اَور تمہارے خاندان کو بخشا ہے، خُوشی منانا۔
12جَب تُم تیسرے سال جو دہ یکی کا سال ہے اَپنی پیداوار کا دسواں حِصّہ الگ کر چُکو، تو اُسے لیوی، پردیسی، یتیم اَور بِیوہ کو دے دینا تاکہ وہ اُسے تمہارے شہروں میں کھایٔیں اَور مطمئن ہوں۔ 13تَب تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور یُوں کہنا: ”مَیں نے آپ کے سَب اَحکام کے مُطابق مُقدّس حِصّہ اَپنے گھر سے نکالا اَور اُسے لیوی، پردیسی، یتیم اَور بِیوہ کو دے دیا ہے۔ مَیں نے آپ کے کسی حُکم کو نہیں ٹالا ہے اَور نہ ہی اُنہیں بھُلایا ہے۔ 14مَیں نے اَپنے ماتم کے دِنوں میں بھی مُقدّس حِصّہ میں سے کچھ نہ کھایا اَور نہ ہی مَیں نے اُنہیں ناپاکی کی حالت میں الگ کیا اَور نہ مَیں نے اُس میں سے کچھ مُردوں کو نذر کی۔ مَیں نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت کی ہے اَور آپ کے ہر حُکم کے مُطابق عَمل کیا ہے۔ 15آسمان پر سے جو آپ کی مُقدّس قِیام گاہ ہے نظر کریں اَور اَپنی قوم اِسرائیل کو اَور اُس مُلک کو برکت دیں، جسے آپ نے اُس وعدہ کے مُطابق ہمیں عنایت کیا ہے جِس میں دُودھ اَور شہد کی بھرپوری ہے اَور جِس کو آپ نے اُس قَسم کے مُطابق جو آپ نے ہمارے آباؤاَجداد سے کھائی تھی ہمیں عطا کیا ہے۔“
یَاہوِہ کے اَحکام پر عَمل کرنا
16یَاہوِہ تمہارے خُدا، آج تُمہیں اِن قوانین اَور آئین کو ماننے کا اَور اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان سے اُن پر عَمل کرنے کا حُکم دے رہے ہیں۔ 17تُم نے آج کے دِن اقرار کیا ہے کہ یَاہوِہ ہی تمہارے خُدا ہیں اَور تُم اُن کی راہوں پر چلوگے اَور تُم اُن کے قوانین، اَحکام اَور آئین کو مانوگے اَور اُن کی اِطاعت کروگے۔ 18اَور یَاہوِہ نے بھی آج کے دِن تُمہیں اَپنے وعدہ کے مُطابق اَپنی خاص قوم اَور بیش قیمت مِیراث قرار دیا ہے تاکہ تُم اُن کے تمام اَحکام کو مانو۔ 19یَاہوِہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ سَب قوموں میں سے جو اُن کی بنائی ہُوئی ہیں، وہ تُمہیں تعریف، شہرت اَور عزّت میں ممتاز کریں گے اَور اُن کے وعدہ کے مُطابق تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی مُقدّس قوم بَن جاؤگے۔
موجودہ انتخاب:
اِستِثنا 26: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.