زکریاؔہ 4
4
سونے کے چراغدان اَور زَیتُون کے دو درخت
1پھر اُس فرشتہ نے جو مُجھ سے باتیں کر رہاتھا واپس آکر مُجھے اَیسا جگایا گویا کوئی نیند سے جگایا جاتا ہو۔ 2اُس نے مُجھ سے پُوچھا، ”تُمہیں کیا دِکھائی دے رہاہے؟“
مَیں نے جَواب دیا، ”مُجھے ایک خالص سونے کا چراغدان دِکھائی دے رہاہے جِس کے اُوپر ایک پیالہ ہے، جِس میں سات چراغ ہیں اَور اُن ساتوں چراغوں پر سات نالیاں ہیں۔ 3چراغدان کے پاس زَیتُون کے دو درخت بھی ہیں۔ ایک تو پیالے کے دایئں طرف اَور دُوسرا بائیں طرف۔“
4مَیں نے اُس فرشتے سے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا پُوچھا، ”اَے میرے آقا، یہ سَب کیا ہیں؟“
5فرشتے نے جَواب دیا، ”کیا تُم نہیں جانتے کہ یہ کیا ہیں؟“
مَیں نے جَواب دیا، ”نہیں، میرے آقا۔“
6تَب فرشتے نے مُجھ سے کہا، ”زرُبّابِیل کے لیٔے یہ یَاہوِہ کا کلام ہے: ’نہ طاقت سے اَور نہ تو قُوّت سے بَلکہ میری رُوح سے ہوگا۔‘ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
7”اَے بڑے پہاڑ تُو کیا ہے؟ زرُبّابِیل کے سامنے تُو ہموار میدان ہو جائے گا اَور تَب وہ چوٹی کا پتّھر یہ پُکارتے ہُوئے آئے گا، ’اُس پر خُدا کی رحمت ہو، اُس پر خُدا کی رحمت ہو!‘ “
8پھر یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا، 9”زرُبّابِیل کے ہاتھوں نے اِس بیت المُقدّس کی بُنیاد ڈالی ہے اَور اُسی کے ہاتھ سے یہ کام پُورا ہوگا۔ تَب تُم جانوگے کہ قادرمُطلق یَاہوِہ نے مُجھے تمہارے پاس بھیجا ہے۔
10”اِن دِنوں میں ہونے والے چُھوٹے شروعاتی کام کو حقیر مت جانو؟ کیونکہ یَاہوِہ کی وہ سات آنکھیں جو ساری زمین کی سَیر کرتی ہیں، خُوشی سے اِس کام کی شروعات ہوتے ہُوئے اَور اُس ساہول کو جو زرُبّابِیل کے ہاتھ میں ہے دیکھ کر شادمان ہوتی ہے؟“
11پھر مَیں نے فرشتہ سے پُوچھا، ”یہ دونوں زَیتُون کے درخت جو چراغدان کے داہنے بائیں ہیں، کیا ہیں؟“
12مَیں نے دوبارہ اُس سے پُوچھا، ”زَیتُون کی یہ دو شاخیں کیا ہیں جو سونے کی دو نلیوں کے مُتّصل ہیں اَور جِن میں سے سُنہرا تیل نکل رہاہے؟“
13فرشتہ نے جَواب دیا، ”کیا تُمہیں نہیں مَعلُوم کہ یہ کیا ہیں؟“
مَیں نے کہا، ”نہیں، میرے آقا۔“
14فرشتہ نے جَواب دیا، ”یہ وہ دو آسمانی مخلُوق ہیں جو تمام زمین کے مالک کی خدمت کے لیٔے مَسح کئے گیٔے ہیں۔“
موجودہ انتخاب:
زکریاؔہ 4: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.