YouVersion Logo
تلاش

زکریاؔہ 14

14
یَاہوِہ کی آمد اَور حُکومت
1اَے یروشلیمؔ دیکھو، یَاہوِہ کا وہ دِن آنے والا ہے، جَب تمہاری دولت لُوٹ لی جائے گی اَور اُسے تمہاری دیواروں کے اَندر ہی تقسیم کر دیا جائے گا۔
2مَیں سَب قوموں کو یروشلیمؔ کے خِلاف جنگ کرنے کے لیٔے جمع کروں گا۔ یروشلیمؔ کے شہر پر قبضہ کر لیا جائے گا۔ گھر لُوٹے جایٔیں گے اَور عورتیں بےحُرمت کی جایٔیں گی۔ شہر کی آدھی آبادی اسیری میں چلی جائے گی۔ لیکن باقی بچے لوگ شہر ہی میں رہیں گے۔
3تَب یَاہوِہ باہر جا کر اُن قوموں سے اِس قدر جنگ کریں گے جَیسا کہ وہ جنگ کے دِن زمانے میں جنگ کئے تھے۔ 4اُس دِن یَاہوِہ کوہِ زَیتُون پرجو یروشلیمؔ کے مشرق میں ہے؛ کھڑے ہوں گے اَور کوہِ زَیتُون درمیانی دو حِصّوں میں پھٹ جائے گا اَور مشرق سے مغرب تک ایک بڑی وادی ہو جائے گی جِس سے آدھا پہاڑ شمال کی طرف اَور آدھا جُنوب کی طرف سَرک جائے گا۔ 5تَب تُم میرے اِس پہاڑ کی وادی سے ہوکر بھاگوگے کیونکہ یہ وادی آضیلؔ تک بڑھ جائے گی۔ تُم اَیسے بھاگوگے جَیسے تُم شاہِ یہُودیؔہ عُزّیاہؔ کے دِنوں میں زلزلے کی وجہ سے بھاگے تھے۔ تَب یَاہوِہ میرا خُدا اَپنے سَب مُقدّسین کے ساتھ تشریف لائیں گے۔
6اُس دِن نہ تو آفتاب کی رَوشنی ہوگی، نہ سردی اَور نہ کُہرے سے بھری تاریکی ہوگی۔ 7یہ ایک منفرد دِن ہوگا، ایک اَیسا دِن جِس کی بابت صِرف یَاہوِہ ہی کو مَعلُوم ہے۔ دِن اَور رات کے درمیان کوئی فرق نہیں ہوگا۔ کیونکہ شام کے وقت بھی رَوشنی مَوجُود رہے گی۔
8اُس روز یروشلیمؔ سے آبِ حیات جاری ہوگا۔ جِس کا آدھا پانی مشرقی سمُندر یعنی بحرمُردار کی طرف اَور آدھا پانی بحرِ رُوم یعنی مغربی سمُندر کی طرف بہے گا؛ جو سردیوں اَور گرمیوں میں جاری رہے گا۔
9اَور یَاہوِہ ہی ساری دُنیا کے بادشاہ ہوں گے۔ اُس روز ایک ہی یَاہوِہ ہوں گے اَور صِرف اُنہیں کے نام کی عبادت ہوگی۔
10اَور تمام مُلک گِبعؔ سے لے کر یروشلیمؔ کے جُنوب میں رِمّونؔ تک عراباہؔ کے میدان کی طرح ہو جائے گی۔ لیکن بِنیامین کے پھاٹک سے لے کر پہلے پھاٹک کے مقام تک یعنی کونے کے پھاٹک تک اَور حَنن ایل کے بُرج سے لے کر بادشاہ کے انگوری حوضوں تک یروشلیمؔ بُلند کیا جائے گا اَور یہ اَپنے مقام پر قائِم رہے گا۔ 11لوگ آکر اِس میں سکونت کریں گے اَور یہ پھر کبھی برباد نہیں کیا جائے گا، بَلکہ یروشلیمؔ اَمن و سلامتی سے آباد رہے گا۔
12یَاہوِہ یروشلیمؔ سے جنگ کرنے والی اُن سَب قوموں پر اَیسا عذاب نازل کریں گے کہ کھڑے کھڑے اُن کا گوشت سڑ جائے گا، اَور اُن کی آنکھیں چشم خانوں میں گل جایٔیں گی اَور اُن کی زبان اُن کے مُنہ میں سڑ جائے گی۔ 13اَور اُس روز یَاہوِہ کی طرف سے اُن کے درمیان ایک بڑی دہشت ہوگی۔ وہ ایک دُوسرے کا ہاتھ پکڑیں گے اَور ایک دُوسرے پر حملہ کریں گے۔ 14یہُوداہؔ بھی یروشلیمؔ میں لڑے گا۔ اِس کے گِردونواح کی سَب قوموں کی دولت جمع کی جائے گی۔ جِس میں کثرت سے سونا، چاندی اَور لباس جمع ہوگا۔ 15گھوڑوں، خچّروں، اُونٹوں، گدھوں اَور سَب حَیوانوں پرجو اِن لشکرگاہوں میں ہوں گے، اُن پر بھی وُہی عذاب نازل ہوگا۔
16تَب یروشلیمؔ پر حملہ کرنے والی سَب قوموں میں سے بچے ہُوئے لوگ سال بسال بادشاہ قادرمُطلق یَاہوِہ کو سَجدہ کرنے اَور خیموں کی عید منانے کو آئیں گے۔ 17اَور دُنیا کے اُن تمام قبائل پرجو بادشاہ قادرمُطلق یَاہوِہ کو سَجدہ کرنے یروشلیمؔ میں نہ آئیں گے تو اُن پر مینہ نہ برسے گا۔ 18اگر مِصر کے لوگ آکر اُس عبادت اَور عید میں شریک نہیں ہوں گے تو اُن کی سَر زمین پر بھی مینہ نہیں برسے گا۔ یَاہوِہ اُن کے اُوپر وُہی وَبا نازل کریں گے جو اُنہُوں نے اُن قوموں پر نازل کی تھی جو خیموں کی عید منانے کو نہیں آئےتھے۔ 19اہلِ مِصر اَور اُن تمام قوموں کی جو خیموں کی عید منانے نہیں جایٔیں گے، اُن کی یہی سزا ہوگی۔
20اُس روز گھوڑوں کی گردن میں لٹکی گھنٹیوں ںپر یہ الفاظ لکھے ہوں گے، ”یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس،“ اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی دیگیں مذبح کے سامنے رکھے مُقدّس پیالوں کی مانند ہوں گی۔ 21یروشلیمؔ اَور یہُودیؔہ کا ہر ایک برتن قادرمُطلق یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس ہوگا اَور وہ سَب جو قُربانی کرنے آئیں گے وہ اُن برتنوں میں سے کچھ کو لیں گے اَور اُن میں قُربانی کا گوشت پکائیں گے۔ اَور اُس دِن کویٔی تاجر قادرمُطلق یَاہوِہ کے گھر میں داخل نہ ہوگا۔

موجودہ انتخاب:

زکریاؔہ 14: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in