YouVersion Logo
تلاش

ملاکیؔ 1

1
1یَاہوِہ کی طرف سے ملاکیؔ#1‏:1 ملاکیؔ یعنی میرا رسول کی مَعرفت سے، بنی اِسرائیل کے لیٔے ایک نبُوّت۔
بنی اِسرائیل کا خُدا کی مَحَبّت پر شک
2یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”مَیں نے تُم سے مَحَبّت کی ہے۔“
”لیکن تُم پُوچھتے ہو، ’آپ نے کس‎طرح ہم سے مَحَبّت ظاہر کی ہے؟‘
”کیا عیسَوؔ یعقوب کا بھایٔی نہیں تھا؟“ یَاہوِہ جَواب دیتے ہیں۔ ”پھر بھی مَیں نے یعقوب سے مَحَبّت رکھی، 3مگر عیسَوؔ سے عداوت کرتا ہوں۔ مَیں نے اُس کے پہاڑوں کو ویران کر دیا اَور اُس کی مِیراث بیابان کے گیدڑوں کو دے دی۔“
4اِدُوم کہہ سَکتا ہے، ”حالانکہ ہم برباد تو ہو گئے ہیں لیکن اَپنی ویران جگہوں کو پھر سے تعمیر کریں گے۔“
لیکن قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”وہ تعمیر تو کر سکتے ہیں لیکن مَیں پھر ڈھا دُوں گا۔ اَور اُن کا مُلک بدکاری کی سرزمین کہلائے گا۔ اَور وہ اَیسے لوگ ہوں گے جِن پر یَاہوِہ کا قہر ہمیشہ قائِم رہے گا۔ 5تُم خُود اِسے اَپنی آنکھوں سے دیکھوگے اَور تُم کہو گے، ’حقیقتاً یَاہوِہ کی عظمت بنی اِسرائیل کی سرحدوں کے باہر بھی اعلیٰ مرتبہ والی ہے!‘
عیب دار قُربانیاں گذراننے کے ذریعے عہد کو توڑنا
6”ایک بیٹا اَپنے باپ کی عزّت کرتا ہے اَور غُلام اَپنے آقا کا اِحترام کرتا ہے۔ اگر مَیں باپ ہُوں تو میری عزّت کہاں ہے؟ اگر مَیں آقا ہُوں تو میرا خوف کہاں ہے؟“ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
”اَے کاہِنوں تُم ہی ہو، جو میرے نام کی تحقیر کرتے ہو۔
”پھر بھی تُم کہتے ہو، ’ہم نے کس بات میں تمہارے نام کی تحقیر کی؟‘
7”تُم میرے مذبح پر ناپاک غِذا نذر کرنے کی وجہ سے۔
”اَور کہتے ہو کہ ہم نے کس بات میں آپ کی توہین کی ہے۔ یہ کہہ کر کہ یَاہوِہ کی میز حقیر ہے تُم مُجھے ناپاک ٹھہراتے ہو۔ 8جَب تُم قُربانی کے لیٔے اَندھے جانور لاتے ہو تو کیا یہ بُرائی نہیں ہے؟ جَب تُم عیب دار اَور بیمار جانور قُربانی کرتے ہو تو کیا یہ بُرائی نہیں؟“ قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، اُن جانوروں کو اَپنے حاکم کے لیٔے نذر کرو! کیا وہ تمہاری اِس بات سے خُوش ہونگے؟ کیا وہ اُسے قبُول کریں گے؟
9”اَب ذرا خُدا سے مِنّت کرو کہ وہ ہم پر رحم کریں، کیونکہ تمہارے ہی ہاتھوں نے اِن قُربانیوں کو نذر کیا ہے۔ کیا وہ تُمہیں قبُول کریں گے؟“ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
10”کاش کتنا اَچھّا ہوتا کہ تُم میں سے کویٔی بیت المُقدّس کے دروازے کو بند کر دیتا تاکہ تُم میرے مذبح پر عبث آگ نہ جَلاتے! میں تُم سے خُوش نہیں ہُوں۔“ کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اِس لئے مَیں تمہارے ہاتھ سے کویٔی ہدیہ ہرگز قبُول نہیں کروں گا۔ 11کیونکہ آفتاب کے طُلوع سے غروب تک قوموں میں میرے نام کی تمجید ہوگی۔ اَور میرے نام کی خاطِر ہر جگہ بخُور جَلایا جائے گا اَور پاک عطیات لایٔے جایٔیں گے کیونکہ قوموں میں میرے نام کی تمجید ہوگی،“ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
12”لیکن تُم یہ کہہ کر اُس کی توہین کرتے ہو،“ یَاہوِہ کی میز ناپاک ہے اَور اُس پر کا رکھا ہُوا عطیات حقیر ہیں۔ 13اَور تُم یہ بھی کہتے ہو کہ، یہ کیسی زحمت ہے، اَور اُس پر حقارت سے ناک سکوڑتے ہو۔ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
”جَب تُم زخمی یا عیب دار یا بیمار جانور قُربانی کرنے لاتے ہو تو کیا میں اَیسی قُربانی تمہارے ہاتھ سے قبُول کروں؟“ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ 14”لعنت ہے اُس دغاباز پر جِس کے ریوڑ میں قابل قبُول نر جانور مَوجُود ہے اَور وہ اُسے دینے کے لیٔے قَسم کھاتا ہے مگر خُداوؔند کو عیب دار جانور نذر کرتا ہے۔ کیونکہ مَیں شاہِ عظیم ہُوں،“ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے، اِس لئے تمام قوموں میں لوگوں کے درمیان میرے نام کا خوف مانا جانا چاہئے۔

موجودہ انتخاب:

ملاکیؔ 1: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in