ملاکیؔ 2
2
کاہِنوں کے لیٔے اِنتباہ
1”اَور اَب اَے کاہِنوں، تمہارے لیٔے یہ اِنتباہ ہے۔ 2اگر تُم نہیں سنوگے، اَور میرے نام کی تعظیم کے لیٔے اَپنے دِلوں کو آمادہ نہیں کروگے،“ قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”مَیں تمہارے اُوپر ایک لعنت بھیجوں گا اَور تمہاری برکتوں کو ملعُون کر دُوں گا؛ بَلکہ میں پہلے ہی اُنہیں ملعُون کر چُکا ہُوں کیونکہ تُم نے میری تعظیم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
3”تمہارے باعث مَیں تمہاری اَولاد کو ڈانٹوں گا اَور تمہارے مُنہ پر تمہاری عیدوں کی قُربانی کی غِلاظت پھیکوں گا اَور تُم بھی اُن کے ساتھ اُٹھاکر پھینک دئیے جاؤگے۔ 4تَب تُم جان لوگے کہ مَیں نے تُمہیں یہ اِنتباہ دی ہے تاکہ میرا عہد لیوی کے ساتھ قائِم رہے،“ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے، 5اُن کے ساتھ میرا عہد زندگی اَور سلامتی کا عہد تھا اَور مَیں نے یہ عہد اَپنی تعظیم کے لیٔے دیا تھا۔ اَور بنی لیوی نے میری تعظیم بھی کی اَور میرے نام سے ڈرتا رہا۔ 6اَور بنی لیوی کے مُنہ میں سچّائی کی تعلیم تھی اَور اُس کے لبوں پر کویٔی ناراستی نہ پائی گئی۔ وہ میرے حُضُور سلامتی اَور راستی سے چلتا رہا اَور بہُتوں کو بدی کی راہ سے واپس لایاتھا۔
7کیونکہ لازِم ہے کہ کاہِنؔ کے لب تعلیم کو محفوظ رکھیں اَور اُس کے مُنہ سے لوگ ہدایت حاصل کریں، کیونکہ وہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا پیغمبر ہے۔ 8لیکن قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، تُم صحیح راہ سے گُمراہ ہو گیٔے اَور تمہاری تعلیم بہت لوگوں کے لیٔے ٹھوکر کا باعث بنی۔ تُم نے لیوی کے ساتھ باندھے ہُوئے عہد کو نظرانداز کر دیا ہے۔ 9اِس لیٔے مَیں نے تُمہیں سَب لوگوں کی نظر میں ذلیل اَور حقیر کیا، کیونکہ تُم میری راہوں پر قائِم نہیں رہے بَلکہ آئین کے مُعاملات میں تُم نے طرفداری سے کام لیا۔
طلاق دے کر عہد کو توڑنا
10کیا ہم سَب کا ایک ہی باپ نہیں؟ کیا ایک ہی خُدا نے ہم سَب کو پیدا نہیں کیا؟ تو پھر کیوں ہم ایک دُوسرے کے ساتھ بےوفائی کرکے اَپنے آباؤاَجداد کے عہد کو توڑ رہے ہیں؟
11یہُوداہؔ نے بےوفائی کی، بنی اِسرائیل اَور یروشلیمؔ میں نفرت اَنگیز کام ہُواہے، یہُوداہؔ نے غَیر معبُودوں کی پرستش کرنے والی عورتوں سے شادی کی ہے اَور اَیسا کرکے اُس نے یَاہوِہ کے اُس مُقدّس مقام کو ناپاک کیا ہے جِس سے یَاہوِہ مَحَبّت رکھتے ہیں۔ 12یَاہوِہ اَیسا کرنے والے شخص کو خواہ وہ کویٔی کیوں نہ ہو، یعقوب کے خیموں سے خارج کر دیں۔ چاہے وہ شخص قادرمُطلق یَاہوِہ کے حُضُور قُربانی کرنے والا ہی کیوں نہ ہو۔
13پھر دُوسرا کام جو تُم کرتے ہو وہ یہ ہے کہ تُم یَاہوِہ کے مذبح کو آنسُوؤں سے تر کر دیتے ہو۔ تُم اِس لیٔے روتے اَور ماتم کرتے ہو کیونکہ اَب یَاہوِہ تمہارے نذرانوں کی طرف مُتوجّہ نہیں ہوتے اَور نہ تمہارے ہاتھوں کے نذرانوں کو خُوشی کے ساتھ قبُول کرتا ہے۔ 14تو بھی، تُم پُوچھتے ہو، ”اَیسا کیوں ہے؟“ اَیسا اِس لیٔے ہے کہ کیونکہ یَاہوِہ تمہارے اَور تمہاری جَوانی کی بیوی کے درمیان گواہ ہے۔ تُم نے اُس کے ساتھ بےوفائی کی ہے حالانکہ وہ تمہاری شریکِ حیات ہے اَور تمہاری عہد کی بیوی ہے۔
15کیا خُدا نے تُمہیں تمہاری بیوی کے ساتھ ایک ہی جِسم نہیں کیا تھا؟ جِسم اَور رُوح میں تُم اُس کے ہو۔ اَور خُدا کیا چاہتاہے؟ یَاہوِہ تُم دونوں کے مِلنے سے ایک خُدا ترس نَسل چاہتاہے۔ پس تُم اَپنے دِل کی رکھوالی کرو اَور اَپنی جَوانی کی بیوی کے ساتھ بےوفائی نہ کرو۔
16کیونکہ بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”مُجھے طلاق سے سخت نفرت ہے، جو شخص اَپنی بیوی کو طلاق دیتاہے وہ اَپنی شادی کی توہین کرتا ہے۔“ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
پس خبردار رہو اَور اَپنی بیوی سے بےوفائی نہ کرو۔
نااِنصافی سے عہد کو توڑنا
17تُم نے اَپنی باتوں سے یَاہوِہ کو بیزار کر دیا ہے۔
تو بھی تُم پُوچھتے ہو کہ ہم نے اُنہیں کیسے بیزار کیا ہے؟
یہ کہہ کر کہ، ”وہ سَب جو بدی کرتے ہیں یَاہوِہ کی نظر میں نیک ہیں اَور وہ اُن سے خُوش ہے اَور یا یہ کہہ کر کہ اِنصاف کا خُدا کہاں ہے؟“
موجودہ انتخاب:
ملاکیؔ 2: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.