YouVersion Logo
تلاش

زبُور 7

7
زبُور 7
داویؔد کا شگایون‏#7‏:0 عُنوان: مُمکنہ طور پر ایک اَدبی یا موسیقی کی اِصطلاح ہو سَکتا ہے۔ ‏ جو داویؔد نے کُوشؔ بِنیامینی کی باتوں کے سبب یَاہوِہ کے حُضُور گایا۔
1اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! مَیں آپ میں پناہ لیتا ہُوں؛
اِن سَب سے جو میرا تعاقب کرتے ہیں مُجھے بچائیں اَور رِہائی بخشیں،
2کہیں اَیسا نہ ہو کہ شیر کی مانند
وہ میری جان کو پھاڑ کر میرے ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالیں،
اَور میرا چھُڑانے والا کویٔی نہ ہو۔
3اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! اگر مَیں نے اَیسا کام کیا ہے،
اَور میرے ہاتھ گُناہ آلُود ہیں،
4اگر مَیں نے اَپنے رفیق کے ساتھ بُرائی کی ہے،
یا بلاوجہ اَپنے حریف کو لُوٹا ہے،
5تو میرا دُشمن تعاقب کرکے مُجھے آ پکڑے؛
اَور میری زندگی کو زمین پر پامال کر دے
اَور مُجھے خاک میں مِلا دے۔
6اَے یَاہوِہ، اَپنے قہر میں اُٹھیں؛
اَور میرے دُشمنوں کے غیظ و غضب کے خِلاف کھڑے ہو جائیں۔
جاگیں، اَے میرے خُدا! اَور اِنصاف کا حُکم دیں۔
7آپ کے اِردگرد مُختلف مُلکوں کی قوموں کی جماعت ہو
اَور عالمِ بالا سے آپ اُن پر حُکومت کریں؛
8یَاہوِہ ہی قوموں کا قاضی ہیں،
اَے یَاہوِہ، میری راستی کے مُطابق،
اَور اَے خُداتعالیٰ، میری دیانتداری کے مُطابق میرا اِنصاف کریں۔
9بدکار لوگوں کی بدی کا خاتِمہ کر دیں
اَور راستبازوں کو قِیام بخشیں۔
آپ ہی واحد خُدا ہیں۔
جو دِلوں اَور دماغوں کو جانچتے ہیں۔
10خُداتعالیٰ میری سِپر ہیں،
جو راست دِلوں کو بچاتے ہیں۔
11خُدا عادل قاضی ہیں، وہ اَیسے خُدا،
جو ہر روز اَپنا قہر دِکھانے ہیں۔
12اگر آدمی بُرائی سے باز نہ آئے،
تو خُدا اَپنی تلوار تیز کریں گے؛
اَور اَپنی کمان کو جھُکا کر ڈور کھینچ لیں گے۔#7‏:12 لُوق 13‏:3‏‑5
13خُدا نے اَپنے مہلک ہتھیار تیّار کر لیٔے ہیں؛
اَور وہ اَپنے شُعلہ بار تیروں کو بھی تیّار رکھتے ہیں۔
14جو شخص بدی کا مُجسّمہ اَور شرارت کا پتلا ہو،
اُس سے جھُوٹ ہی پیدا ہوتاہے۔
15جِس نے زمین میں گڑھا کھود کر اُسے گہرا کیا
وہ اَپنی کھودی ہُوئی خندق میں خُود ہی جا گرا۔
16جو مُصیبت کھڑی کرتا ہے اُلٹی اُسی پر آ پڑےگی؛
اُس کا تشدّد اُسی کے سَر پر اُترے گا۔
17میں یَاہوِہ کی راستی کے باعث اُن کا شُکرگزار ہوں گا
اَور یَاہوِہ خُداتعالیٰ کے نام کی سِتائش کروں گا۔

موجودہ انتخاب:

زبُور 7: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in