YouVersion Logo
تلاش

زبُور 31

31
زبُور 31
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔
1اَے یَاہوِہ، مَیں نے آپ میں پناہ لی ہے؛
مُجھے کبھی شرمندہ نہ ہونے دیں؛
اَے خُدا اَپنی راستبازی کی خاطِر مُجھے رِہائی بخشیں۔
2اَپنا کان میری طرف لگائیں،
اَور جلدی سے مُجھے بچائیں؛
میری پناہ کی چٹّان بنیں،
اَور مُجھے بچانے کے لیٔے محکم قلعہ بنیں۔
3چونکہ آپ میری چٹّان اَور میرا قلعہ ہیں،
اِس لیٔے اَپنے نام کی خاطِر میری رہبری اَور رہنمائی کریں۔
4مُجھے اِس جال میں سے چھُڑا لیں جو میرے لیٔے بچھایا گیا ہے،
کیونکہ آپ میری پناہ گاہ ہیں
5میں اَپنی جان آپ کے ہاتھوں میں سونپتا ہُوں؛
اَے یَاہوِہ، سچّائی کے خُدا! میرا فدیہ دیں۔
6مُجھے اُن لوگوں سے نفرت ہے جو جھوٹے بُتوں کی پرستش کرتے ہیں؛
میں تو یَاہوِہ پر توکّل کرتا ہُوں۔
7مَیں آپ کی شفقت و مَحَبّت سے خُوش و خُرّم ہوں گا،
کیونکہ آپ نے میری جان کے دُکھ کو دیکھاہے
اَور آپ میری جان کی مُصیبت سے واقف ہیں۔
8آپ نے مُجھے دُشمن کے ہاتھ میں نہیں جانے دیا
بَلکہ میرے پاؤں کشادہ جگہ میں قائِم کر دئیے۔
9اَے یَاہوِہ، مُجھ پر رحم کریں کیونکہ مَیں مُصیبت میں ہُوں؛
اَور میری آنکھیں غم کے مارے کمزور ہو چُکی ہیں،
اَور میری جان اَور میرا جِسم رنج سے گھُل گیٔے ہیں۔
10میری زندگی سخت تکلیف میں ہے؛
میری عمر کراہتے کراہتے فنا ہو گئی؛
میری بدکاریوں کے باعث میری قُوّت گھٹ گئی،
اَور میری ہڈّیاں کمزور ہو گئیں۔
11میرے سارے دُشمنوں کے سبب سے،
میں اَپنے ہمسایوں کے لیٔے حقارت کا؛
اَور اَپنے دوستوں کے لیٔے خوف کا باعث بَن گیا ہُوں۔
یہاں تک کہ جو مُجھے باہر دیکھتے ہیں وہ مُجھ سے دُور بھاگتے ہیں۔
12اُنہُوں نے مُجھے اَیسا بھُلا دیا ہے گویا میں مَر چُکا ہُوں؛
میں ٹوٹے ہُوئے مٹّی کے برتن کی مانند ہو چُکا ہُوں۔
13کیونکہ مَیں کیٔی لوگوں کی طرف سے بدنام کیا جا رہا ہُوں؛
”ہر طرف خوف ہی خوف ہے!“
وہ میرے خِلاف سازش کرتے ہیں،
اَور میری جان لینے کے منصُوبے باندھتے ہیں۔
14لیکن اَے یَاہوِہ، میرا توکّل آپ پر ہے؛
میں کہتا ہُوں، ”آپ میرے خُدا ہیں۔“
15میرے ایّام آپ کے ہاتھ میں ہیں؛
مُجھے میرے دُشمنوں سے
اَور میرا تعاقب کرنے والوں سے چھُڑا لیں۔
16اَپنے خادِم پر اَپنا چہرہ جلوہ گِر فرمائیں؛
اَور اَپنی لافانی مَحَبّت سے مُجھے بچا لیں۔
17یَاہوِہ! مُجھے شرمندہ نہ ہونے دیں،
کیونکہ مَیں نے آپ کو پُکارا ہے؛
بدکار لوگ شرمندہ ہُوں
اَور پاتال میں خاموشی سے پڑے رہیں۔
18اُن کے دروغ گو لب خاموش ہو جایٔیں،
کیونکہ وہ غُرور اَور حقارت سے
راستبازوں کے خِلاف تکبُّر آمیز باتیں کرتے ہیں۔
19آپ نے اَپنے ڈرنے والوں کے لیٔے،
کتنی بڑی نِعمت رکھ چھوڑی ہے،
جسے آپ بنی آدمؔ کے سامنے
اُنہیں عطا کرتے ہیں جو آپ میں پناہ لیتے ہیں۔
20آپ اُنہیں لوگوں کی سازشوں سے
اَپنی حُضُوری کی پناہ گاہ میں چُھپائے رکھتے ہیں
اَور اَپنے مَسکن میں
اُنہیں اِلزام تراش زبانوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔
21یَاہوِہ کی سِتائش ہو!
کیونکہ جَب مَیں اَیسے شہر میں تھا جسے دُشمنوں نے گھیر رکھا تھا
تو اُنہُوں نے مُجھے اَپنی عجِیب شفقت و مَحَبّت دِکھائی۔
22مَیں نے گھبرا کر عجلت میں کہہ دیا تھا،
”مَیں آپ کے سامنے سے کاٹ ڈالا گیا ہُوں!“
لیکن جَب مَیں نے آپ سے فریاد کی
تَب آپ نے میری رحم کی اِلتجا کو سُن لیا۔
23یَاہوِہ سے مَحَبّت رکھو، اَے اُن کے سَب وفادار مُقدّسین!
یَاہوِہ سچّے مُومِنین کو سلامت رکھتے ہیں،
لیکن مغروُروں کو خُوب بدلہ دیتے ہیں۔
24لہٰذا تُم سَب جو یَاہوِہ پر آس رکھتے ہو،
مضبُوط ہو جاؤ اَور ہمّت باندھو!

موجودہ انتخاب:

زبُور 31: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in