زبُور 22:22-31
زبُور 22:22-31 UCV
میں اَپنی اُمّت کے سامنے آپ کے نام کا اعلان کروں گا؛ اَور جماعت میں آپ کی سِتائش کروں گا۔ اَے یَاہوِہ، سے ڈرنے والو! اُن کی سِتائش کرو! اَے یعقوب کی اَولاد! سَب اُن کی تعظیم کرو! اَور اَے اِسرائیل کی نَسل! سَب اُن کا ڈر مانو! کیونکہ یَاہوِہ نے مظلوموں کی تکلیف کو نہ تو حقیر جانا اَور نہ ہی اُس سے نفرت کی؛ اُنہُوں نے اُن سے اَپنا چہرہ بھی نہیں چھپایا بَلکہ اُن کی فریاد سُنی۔ بڑے اِسرائیلی مجمع میں آپ ہی میری ثنا خوانی کا باعث ہیں؛ میں اَپنی قَسمیں آپ کا خوف ماننے والوں کے سامنے پُوری کروں گا۔ غریب کھا کر سیر ہوں گے؛ وہ جو یَاہوِہ کے طالب ہیں اُن کی سِتائش کریں گے۔ تمہارے دِل اَبد تک زندہ رہیں! زمین کی اِنتہا تک سَب اِنسان یَاہوِہ کو یاد کریں گے اَور اُن کی طرف رُجُوع لائیں گے، دُنیا کی قوموں کے سَب خاندان اُن کے آگے سَجدہ کریں گے، کیونکہ سلطنت یَاہوِہ ہی کی ہے اَور وُہی قوموں پر حُکومت کرتے ہیں۔ دُنیا کے تمام اَمیر عید منائیں گے اَور عبادت کریں گے؛ وہ سَب جو خاک میں مِل جاتے ہیں اُن کے آگے گھُٹنے ٹیکیں گے، اَورجو اَپنی جان کو نہیں بچا سکتے۔ میری نَسل اُن کی خدمت کرےگی؛ اَور آئندہ پُشتوں میں خُداوؔند کا ذِکر کیا جائے گا۔ مُستقبِل میں اُن لوگوں کو جو اُس وقت پیدا بھی نہیں ہُوئے اُن کو بتائیں گے۔ وہ اُن کی راستبازی کا اعلان کریں گے، کیونکہ یہ تمام کام یَاہوِہ نے کئے ہیں۔


