زبُور 14:109-31

زبُور 14:109-31 UCV

یَاہوِہ کے حُضُور میں اُس کے آباؤاَجداد کی بدکاری کا ذِکر ہوتا رہے؛ اَور اُس کی ماں کا گُناہ کبھی نہ مٹایا جائے۔ اُن کے گُناہ ہمیشہ یَاہوِہ کے سامنے رہیں، تاکہ وہ زمین پر اُن کا ذِکر نابود کر دیں۔ کیونکہ اُس آدمی کے دِل میں ترس کرنے کا خیال کبھی نہ آیا، بَلکہ وہ مفلسوں، مُحتاجوں اَور شکستہ دِل اِنسانوں کو ستایا کرتا تاکہ وہ زندہ نہ رہیں۔ لعنت کرنا اُسے بہت پسند تھا، کاش کہ وہ خُود لعنت کا شِکار ہو؛ برکت دینے میں وہ کویٔی خُوشی محسُوس نہ کرتا تھا۔ کاش کہ وہ خُود بھی برکت سے دُور رہے۔ اُس نے لعنت کو پوشاک کی مانند پہن رکھا تھا؛ اَور وہ اُس کے جِسم میں پانی کی مانند، اَور اُس کی ہڈّیوں میں تیل کی مانند سما گئی تھی۔ کاش کہ وہ اُس کے لیٔے چوغہ کی مانند ہو جسے وہ اوڑھے رہے۔ اَور اُس پٹکے کی مانند جو سدا اُس کی کمر سے لپٹا رہے۔ مُجھ پر اِلزام لگانے والوں اَور میری بُرائی کرنے والوں کو، یَاہوِہ کی طرف سے یہی بدلہ ملے۔ لیکن آپ اَے یَاہوِہ قادر، اَپنے نام کی خاطِر مُجھ پر اِحسَان کریں؛ اَور اَپنی شفقت و مَحَبّت کی خوبی کے مُطابق مُجھے رِہائی بخشیں۔ کیونکہ مَیں غریب اَور مُحتاج ہُوں، اَور میرا دِل میرے پہلو میں زخمی ہو چُکاہے۔ میں شام کے سایہ کی مانند ڈھل رہا ہُوں؛ اَور ٹِڈّی کی مانند اُڑا دیا گیا ہُوں۔ فاقہ کرتے کرتے میرے گھُٹنے کمزور ہو گئے؛ میرے جِسم میں چربی نہیں اَور وہ سُوکھ کر رہ گیا ہے۔ میں اَپنے مُخالفوں کے نزدیک لعنت کا باعث ٹھہرا ہُوں؛ جَب وہ مُجھے دیکھتے ہیں تو اَپنے سَر ہلاتے ہیں۔ اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! میری مدد کریں؛ اَور اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق مُجھے بچا لیں۔ تاکہ میرے دُشمن جان لیں کہ اِس میں آپ کا ہاتھ ہے، اَور آپ ہی نے اَے یَاہوِہ، یہ کیا ہے۔ وہ لعنت کرتے ہیں لیکن آپ برکت دیں گے؛ جَب وہ حملہ کریں تو پشیمان ہوں گے، لیکن آپ کا خادِم شادمان ہوگا۔ میرے مُخالف رُسوائی سے مُلبّس ہوں گے، اَور شرمندگی کو جُبّہ کی طرح اوڑھے رہیں گے۔ میں اَپنے مُنہ سے یَاہوِہ کی بڑی تعریف کروں گا؛ اَور بڑے اِجتماع میں اُن کی حَمد کروں گا۔ کیونکہ یَاہوِہ مظلوموں کے داہنے ہاتھ کھڑے رہتے ہیں، تاکہ سزا کا حُکم نافذ کرنے والوں سے اُن کی جان کو بچا سکے۔