زبُور 109
109
زبُور 109
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔
1اَے خُدا، آپ جِس کی میں سِتائش کرتا ہُوں،
خاموش نہ رہیں،
2کیونکہ بدکار لوگ اَور دغاباز لوگوں نے
میرے خِلاف مُنہ کھولا ہے؛
اُن کی زبان سے میرے خِلاف جھُوٹی باتیں نکلی ہیں۔
3وہ عداوت کی باتوں سے مُجھے گھیر لیتے ہیں؛
اَور بلاوجہ مُجھ سے لڑتے ہیں۔
4میری مَحَبّت کے جَواب میں وہ مُجھ پر اِلزام لگاتے ہیں،
لیکن میرے مُنہ سے دعا ہی نکلتی ہے۔
5اُنہُوں نے بھلائی کے عوض مُجھ سے بُرائی کی،
اَور میری مَحَبّت کا جَواب دُشمنی سے دیا۔
6میرے دشمن کہتے ہیں آپ کسی بدکار کو اُس کے مقابل مُقرّر کر دیں؛
کویٔی مُدّعی ہی اُس کے داہنے ہاتھ کھڑا رہے۔
7جَب اُس پر مُقدّمہ چلے تو وہ مُجرم قرار دیا جائے،
اَور اُس کی اَپنی دعائیں اُسے گُنہگار ٹھہرائیں۔
8اُس کی عمر مُختصر ہو؛
اَور اُس کا عہدہ کویٔی اَور سنبھال لے۔
9اُس کے بچّے یتیم ہو جایٔیں
اَور اُس کی بیوی بِیوہ ہو جائے۔
10اُس کے بچّے آوارہ پھریں اَور بھیک مانگا کریں؛
اَور وہ اَپنے ویران مکانوں سے بھی نکال دئیے جایٔیں۔
11قرض خواہ اُس کا سَب کچھ چھین لے؛
اَور بیگانے اُس کی محنت کا پھل لُوٹ لیں۔
12کویٔی اُس کی طرف دستِ شفقت نہ بڑھائے
نہ اُس کے یتیم بچّوں پر ترس کھائے۔
13اُس کی نَسل کاٹ ڈالی جائے،
اَور اگلی پُشت سے اُن کے نام مٹا دئیے جایٔیں۔
14یَاہوِہ کے حُضُور میں اُس کے آباؤاَجداد کی بدکاری کا ذِکر ہوتا رہے؛
اَور اُس کی ماں کا گُناہ کبھی نہ مٹایا جائے۔
15اُن کے گُناہ ہمیشہ یَاہوِہ کے سامنے رہیں،
تاکہ وہ زمین پر اُن کا ذِکر نابود کر دیں۔
16کیونکہ اُس آدمی کے دِل میں ترس کرنے کا خیال کبھی نہ آیا،
بَلکہ وہ مفلسوں، مُحتاجوں اَور شکستہ دِل اِنسانوں کو ستایا کرتا
تاکہ وہ زندہ نہ رہیں۔
17لعنت کرنا اُسے بہت پسند تھا،
کاش کہ وہ خُود لعنت کا شِکار ہو؛
برکت دینے میں وہ کویٔی خُوشی محسُوس نہ کرتا تھا۔
کاش کہ وہ خُود بھی برکت سے دُور رہے۔
18اُس نے لعنت کو پوشاک کی مانند پہن رکھا تھا؛
اَور وہ اُس کے جِسم میں پانی کی مانند،
اَور اُس کی ہڈّیوں میں تیل کی مانند سما گئی تھی۔
19کاش کہ وہ اُس کے لیٔے چوغہ کی مانند ہو جسے وہ اوڑھے رہے۔
اَور اُس پٹکے کی مانند جو سدا اُس کی کمر سے لپٹا رہے۔
20مُجھ پر اِلزام لگانے والوں اَور میری بُرائی کرنے والوں کو،
یَاہوِہ کی طرف سے یہی بدلہ ملے۔
21لیکن آپ اَے یَاہوِہ قادر،
اَپنے نام کی خاطِر مُجھ پر اِحسَان کریں؛
اَور اَپنی شفقت و مَحَبّت کی خوبی کے مُطابق مُجھے رِہائی بخشیں۔
22کیونکہ مَیں غریب اَور مُحتاج ہُوں،
اَور میرا دِل میرے پہلو میں زخمی ہو چُکاہے۔
23میں شام کے سایہ کی مانند ڈھل رہا ہُوں؛
اَور ٹِڈّی کی مانند اُڑا دیا گیا ہُوں۔
24فاقہ کرتے کرتے میرے گھُٹنے کمزور ہو گئے؛
میرے جِسم میں چربی نہیں اَور وہ سُوکھ کر رہ گیا ہے۔
25میں اَپنے مُخالفوں کے نزدیک لعنت کا باعث ٹھہرا ہُوں؛
جَب وہ مُجھے دیکھتے ہیں تو اَپنے سَر ہلاتے ہیں۔
26اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! میری مدد کریں؛
اَور اَپنی لافانی مَحَبّت کے مُطابق مُجھے بچا لیں۔
27تاکہ میرے دُشمن جان لیں کہ اِس میں آپ کا ہاتھ ہے،
اَور آپ ہی نے اَے یَاہوِہ، یہ کیا ہے۔
28وہ لعنت کرتے ہیں لیکن آپ برکت دیں گے؛
جَب وہ حملہ کریں تو پشیمان ہوں گے،
لیکن آپ کا خادِم شادمان ہوگا۔
29میرے مُخالف رُسوائی سے مُلبّس ہوں گے،
اَور شرمندگی کو جُبّہ کی طرح اوڑھے رہیں گے۔
30میں اَپنے مُنہ سے یَاہوِہ کی بڑی تعریف کروں گا؛
اَور بڑے اِجتماع میں اُن کی حَمد کروں گا۔
31کیونکہ یَاہوِہ مظلوموں کے داہنے ہاتھ کھڑے رہتے ہیں،
تاکہ سزا کا حُکم نافذ کرنے والوں سے اُن کی جان کو بچا سکے۔
موجودہ انتخاب:
زبُور 109: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.