اِطمینان اَور سکون کے ساتھ کھایا جانے والا خشک نوالہ اُس گھر کی نِعمتوں سے بہتر ہے جہاں جھگڑا ہو۔ دانشمند نوکر رُسوا بیٹے پر حُکم چلائے گا، اَور بھائیوں کے ساتھ مِیراث میں شریک ہوگا۔ چاندی کے لیٔے کُٹھالی اَور سونے کے لیٔے بھٹّی ہوتی ہے، لیکن دِل کو یَاہوِہ ہی پرکھتے ہیں۔ بدکار آدمی بُرے ہونٹوں کی بات سُنتا ہے؛ اَور دروغ گو فساد بھڑکانے والی زبان کی طرف کان لگاتاہے۔ مسکین کا مذاق اُڑانے والا اُس کے خالق کی توہین کرتا ہے؛ اَور کسی دُوسرے کی مُصیبت پر خُوش ہونے والا بے سزا نہیں چُھوٹے گا۔ بیٹوں کے بیٹے بُوڑھوں کے لیٔے تاج ہیں، اَور والدین اَپنے بچّوں کا فخر ہوتے ہیں۔ خُوش گفتار ہونٹ احمق پر نہیں سجتے۔ تو دروغ گو لب حاکم کو کیا زیب دیں گے! رشوت دینے والے کے ہاتھ میں جادُو کا کام کرتی ہے؛ وہ ہر موڑ پر کامیاب ہو جاتا ہے۔ جو خطا پر پردہ ڈالتا ہے وہ میل مِلاپ کا خواہاں ہے، لیکن جو اُسے بار بار دہراتا ہے، وہ گہرے دوستوں میں جدائی پیدا کر دیتاہے۔ صاحبِ فہم پر ایک جھڑکی احمق پر سَو کوڑوں سے زِیادہ اثر کرتی ہے۔ بدکار محض سرکشی کا موقع ڈھونڈتا ہے؛ اِس لیٔے اُس کے خِلاف ایک سنگدل افسر ہی بھیجا جائے گا۔ احمق کی حماقت کے وقت اُس کے سامنے آنے سے اُس ریچھنی سے دوچار ہونا بہتر ہے جِس کے بچّے پکڑ لیٔے گیٔے ہوں۔ اگر کویٔی آدمی نیکی کا بدلہ بدی سے دیتاہے، تو اُس کے گھر سے بدی ہرگز دُور نہ ہوگی۔ جھگڑے کا آغاز کرنا بند میں سوراخ کرنے کی مانند ہے؛ اِس لیٔے اِس سے پہلے کہ جھگڑا پیدا ہو، مُعاملہ کو رفع دفع کر دو۔ مُلزم کو بَری کرنا اَور صادق کو مُلزم قرار دینا؛ دونوں یَاہوِہ کے نزدیک مکرُوہ ہیں۔ احمق کے ہاتھ میں رقم بھی مَوجُود ہو تو کیا فائدہ، جَب کہ اُسے حِکمت حاصل کرنے کی تمنّا ہی نہیں؟ دوست ہر وقت مَحَبّت دِکھاتا ہے، لیکن بھایٔی مُصیبت میں کام آنے کے لیٔے پیدا ہوتاہے۔ نادان آدمی ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر قَسم کھاتا ہے اَور اَپنے ہمسایہ کے لیٔے ضامن ہو جاتا ہے۔ جھگڑا پسند کرنے والا گُناہ کو بھی پسند کرتا ہے؛ اَور اُونچا دروازہ بنانے والا تباہی کو دعوت دیتاہے۔ ٹیڑھے دِل والا خُوشحال نہیں ہوتا؛ جِس کی زبان ٹیڑھی ہو وہ مُصیبت میں پڑتا ہے۔ جسے احمق بیٹا نصیب ہُوا اُسے گویا رنج مِلا؛ کیونکہ احمق کے باپ کو خُوشی نہیں۔ شادمان دِل صحت بخشتا ہے، لیکن اَفسُردہ رُوح ہڈّیوں کو خشک کردیتی ہے۔ بدکار خُفیہ طور پر رشوت لیتا ہے تاکہ وہ عدالتی کارروائی سے بچا رہے۔ صاحبِ فہم، حِکمت پر نظر رکھتا ہے، لیکن احمق کی آنکھیں زمین کی اِنتہا تک بھٹکتی رہتی ہیں۔ احمق بیٹا اَپنے باپ کے لیٔے رنج اَور اَپنی ماں کے لیٔے تلخی لاتا ہے۔ کسی بے قُصُور کو سزا دینا اَچھّا نہیں ہے، نہ ہی اہلکاروں کو ناحق کوڑے لگانا۔ صاحبِ علم سوچ سمجھ کر بات کرتا ہے، اَور صاحبِ فہم متانت سے کام لیتا ہے۔ اگر احمق اَپنا مُنہ بند رکھے تو دانشمند گِنا جاتا ہے، اَور اگر اَپنی زبان کو قابُو میں رکھے تو صاحبِ بصیرت سمجھا جاتا ہے۔
پڑھیں امثال 17
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: امثال 1:17-28
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos