YouVersion Logo
تلاش

امثال 15

15
1نرم جَواب غُصّہ کو دُور کرتا ہے،
لیکن تلخ لفظ سے قہر بھڑک اُٹھتا ہے۔
2دانشمند کی زبان علم کی تعریف کرتی ہے،
لیکن احمق کا مُنہ حماقت اُگلتا ہے۔
3یَاہوِہ کی آنکھیں ہر جگہ لگی رہتی ہیں،
وہ نیک اَور بد دونوں کو دیکھتی ہیں۔
4صحت بخش زبان حیات کا درخت ہے،
لیکن دغاباز زبان رُوح کو کُچل دیتی ہے۔
5احمق اَپنے باپ کی تربّیت کو حقیر جانتا ہے،
لیکن تنبیہ کو ماننے والا ہوشیاری سے کام لیتا ہے۔
6راستباز کے گھر میں بہت بڑا خزانہ ہوتاہے،
لیکن بدکاروں کی آمدنی اُن کے لیٔے مُصیبت کھڑی کردیتی ہے۔
7دانشمندوں کے لب علم پھیلاتے ہیں،
لیکن احمقوں کے دِل اَیسا نہیں کرتے۔
8یَاہوِہ کو بدکاروں کی قُربانی سے نفرت ہے،
لیکن راستباز کی دعا اُنہیں پسند آتی ہے۔
9یَاہوِہ کو بدکار کی روِش سے نفرت ہے
لیکن وہ راستبازی کی پیروی کرنے والوں سے مَحَبّت رکھتے ہیں۔
10نیکی کی راہ سے بھٹکنے والا سخت سزا پایٔےگا؛
اَور تنبیہ سے بَیر رکھنے والا ہلاک ہوگا۔
11جَب یَاہوِہ پاتال اَور جہنّم کے حال سے خُوب واقف ہے۔
تو بنی آدمؔ کے دِلوں کا تو ذِکر ہی کیا!
12ٹھٹھّےباز کو تنبیہ کرنا نا پسند ہے؛
وہ دانشمندوں سے صلاح نہیں لیتا۔
13دِل خُوش ہو تو چہرہ پُر رونق ہو جاتا ہے،
لیکن دِل کا درد رُوح کو کُچل دیتاہے۔
14صاحبِ فہم کا دِل علم کی کھوج میں رہتاہے،
لیکن حماقت احمق کے مُنہ کی خُوراک بنی رہتی ہے۔
15مُصیبت زدوں کے تمام ایّام دُکھ بھرے ہوتے ہیں،
لیکن زندہ دِل مُتواتر جَشن مناتے ہیں۔
16پریشانی کے ساتھ رکھے ہُوئے بڑے خزانے سے تھوڑی سِی پُونجی
جو یَاہوِہ کے خوف کے ساتھ رکھی جائے، کہیں بہتر ہے۔
17جِس گھر میں مَحَبّت ہو وہاں ساگ پات والا کھانا بھی
عداوت والے گھر کے فربہ بچھڑے کا گوشت کھانے سے بہتر ہے۔
18غُصّے والا آدمی جھگڑے پیدا کرتا ہے،
لیکن صَابر اِنسان جھگڑا مٹاتا ہے۔
19کاہل کی راہ میں کانٹے بچھے ہوتے ہیں،
لیکن راستباز کی راہ، شاہراہ کی طرح ہموار ہوتی ہے۔
20دانشمند بیٹا اَپنے باپ کے لیٔے خُوشی لاتا ہے،
لیکن احمق آدمی اَپنی ماں کی تحقیر کرتا ہے۔
21کم عقل کو حماقت سے خُوشی ہوتی ہے،
لیکن صاحبِ فہم سیدھی راہ اِختیار کرتا ہے۔
22اِرادے مشوروں کے بغیر ناکام ہو جاتے ہیں،
لیکن صلاح کاروں کی کثرت سے وہ پُورے ہوتے ہیں۔#15‏:22 امثا 11‏:14‏
23مُناسب جَواب دینے سے اِنسان خُوشی محسُوس کرتا ہے۔
اَور وہ بات جو وقت پر کہی جائے کیا خُوب ہے!
24عقلمند کو زندگی کی راہ اُوپر لے جاتی ہے
تاکہ اُسے نیچے قبر میں اُترنے سے بچالے۔
25یَاہوِہ مغروُر کا گھر ڈھا دیتے ہیں
لیکن وہ بِیوہ کا ٹھکانہ محفوظ رکھتے ہیں۔
26یَاہوِہ کو بدکاروں کے خیالات سے نفرت ہے،
لیکن پاک لوگوں کے خیالات اُنہیں پسند آتے ہیں۔
27لالچی اِنسان اَپنے خاندان کے لیٔے مُشکل کھڑی کرتا ہے،
لیکن جسے رشوت سے نفرت ہے وہ زندہ رہتاہے۔
28راستبازوں کا دِل سوچ سمجھ کر جَواب دیتاہے،
لیکن بدکار کا مُنہ بدی اُگلتا ہے۔
29یَاہوِہ بدکاروں سے دُور رہتے ہیں
لیکن وہ صادقوں کی دعا سُنتے ہیں۔
30خُوشی کی نظر دِل کو راحت پہُنچاتی ہے،
اَور خُوشی کی خبر ہڈّیوں کو تازگی بخشتی ہے۔
31جو زندگی بخش تنبیہ پر کان لگاتاہے
وہ دانشمندوں کے ساتھ آرام سے رہے گا۔
32جو تربّیت کو نظرانداز کرتا ہے اَپنی ہی جان کا دُشمن ہے،
لیکن جو تنبیہ کو سُنتا ہے وہ فہم حاصل کرتا ہے۔
33یَاہوِہ کا خوف اِنسان کو حِکمت سِکھاتا ہے،
اَور سرفرازی سے پہلے فروتنی آتی ہے۔

موجودہ انتخاب:

امثال 15: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in