اُن کے مُلک مِصر سے نکل آنے کے دُوسرے سال کے پہلے مہینے میں یَاہوِہ سِینؔائی کے بیابان میں مَوشہ سے مُخاطِب ہُوا۔ اُنہُوں نے کہا، ”بنی اِسرائیل مُقرّرہ وقت پر عیدِفسح منائیں۔ اِسی ماہ کی چودھویں تاریخ کی شام کے وقت تُم اُسے مُقرّرہ وقت پر اُس ضوابط کے مُطابق منانا۔“ چنانچہ مَوشہ نے بنی اِسرائیل کو عیدِفسح منانے کے لیٔے کہا، اَور اُنہُوں نے پہلے مہینے کی چودھویں تاریخ کی شام کو سِینؔائی کے بیابان میں عیدِفسح منایا اَور بنی اِسرائیل نے وَیسا ہی کیا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔ لیکن کچھ لوگ اُس روز عیدِفسح نہ منا سکے کیونکہ اُن میں سے کچھ لوگ اَیسے بھی تھے جو کسی لاش کو چھُونے کے سبب سے ناپاک ہو گئے تھے۔ چنانچہ وہ اُسی دِن مَوشہ اَور اَہرونؔ کے پاس آئے اَور مَوشہ سے کہنے لگے، ”ہم تو کسی لاش کو چھُونے کے سبب سے ناپاک ہو چُکے ہیں پھر ہم لوگ دُوسرے اِسرائیلیوں کے ساتھ مُقرّرہ وقت پر یَاہوِہ کی قُربانی پیش کرنے سے کیوں محروم رکھے جایٔیں؟“ مَوشہ نے اُنہیں جَواب دیا، ”جَب تک میں پتا نہ لگاؤں کہ یَاہوِہ تمہارے حق میں کیا حُکم دیتے ہیں تُم ٹھہرے رہو۔“ تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل سے کہہ، ’تُم میں سے یا تمہاری نَسل میں سے جو لوگ کسی لاش کو چھُونے کی وجہ سے ناپاک ہو چُکے ہُوں یا کہیں دُور سفر میں ہُوں تو بھی وہ یَاہوِہ کے لیٔے عیدِفسح منائیں۔ وہ اُسے دُوسرے مہینے کے چودھویں دِن کی شام کو منائیں اَور فسح کے گوشت کو بے خمیری روٹی اَور کڑوے ساگ پات کے ساتھ کھایٔیں۔ اَور اُس میں سے کچھ بھی صُبح تک باقی نہ چھوڑا جائے، اُن کی کوئی بھی ہڈّی نہ توڑی جائے۔ اَور جَب وہ عیدِفسح منائیں تو اُس کی تمام شَریعت پر عَمل کریں۔ لیکن جو شخص رسماً پاک ہو اَور سفر میں بھی نہ ہو اگر وہ عیدِفسح نہ منائے تو وہ اَپنی قوم میں سے کاٹ ڈالا جائے کیونکہ اُس نے مُقرّرہ وقت پر یَاہوِہ کی قُربانی پیش نہیں کی۔ اُس آدمی کا گُناہ اُسی کے سَر لگے گا۔ ” ’اگر کویٔی مُلک اِسرائیل کا باشِندہ ہو یا غَیراِسرائیلی جو تمہارے ساتھ بُودوباش کرتا ہو یَاہوِہ کے لیٔے فسح کرنا چاہے تو وہ اُسے اُس کے ضوابط کے مُطابق مانے۔ تُم مُلک اِسرائیل کے باشِندے اَور غَیراِسرائیلی باشِندے دونوں کے لیٔے ایک ہی ضوابط رکھنا۔‘ “
پڑھیں گِنتی 9
شئیر
تمام آیات کا موازنہ کریں: گِنتی 1:9-14
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos